کمشنر کا ہسپتال تاندلیانوالہ کا دورہ، ناقص صفائی پر جرمانہ
انتظامیہ کو صفائی کا معیار بہتر بنانے کی ہدایت ،ادویات کا بھی جائزہ لیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تاندلیانوالہ میں صفائی کی ناقص صورتحال پر متعلقہ ٹھیکیدار کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔دورہ تاندلیانوالہ کے دوران کمشنر نے ہسپتال کا معائنہ کیا اور صفائی کے غیر تسلی بخش انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں صفائی کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی کا معیار بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔کمشنر نے ہسپتال کے سبزہ زار کی بحالی، ادویات کی دستیابی اور ریکارڈ کا جائزہ لیا جبکہ وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی۔
انہوں نے مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے ہسپتال کی کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور طبی مشینوں کے فعال ہونے کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کے ہسپتالوں کو شکایات سے پاک بنانا ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے معائنہ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پر تحصیل تاندلیانوالہ میں تقریباً چار ارب روپے کی لاگت سے جاری سیوریج اور نکاسی آب منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت نئی سیوریج لائنیں، نکاسی آب مراکز، گندے پانی کی صفائی کا پلانٹ اور دیگر ترقیاتی کام جون 2027 تک مکمل کیے جائیں گے۔