بجلی کے بھاری بل،لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت:میاں اعجاز

 بجلی کے بھاری بل،لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت:میاں اعجاز

شدید گرمی میں بجلی کی مسلسل بندش بزرگوں، بچوں کیلئے مشکلات پیدا کر رہی

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)امیدوار برائے جنرل کونسلر یونین کونسل 20 سمن آباد ٹاؤن، میاں اعجاز حسین نے ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایک طرف بجلی کے بلوں میں مختلف ٹیکسوں کے ذریعے عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہی ہے ، جبکہ دوسری جانب طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں بجلی کی مسلسل بندش بزرگوں، بچوں، مریضوں اور محنت کش طبقے کے لیے انتہائی تکلیف دہ صورتحال پیدا کر رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی آواز دبانے کے بجائے ان کے بنیادی مسائل حل کیے جائیں، کیونکہ مہنگائی، بے روزگاری، بجلی کے بھاری بل اور لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دشوار کر دیا ہے ۔میاں اعجاز حسین نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ عوام بے حسی اور خوف کی زنجیریں توڑ کر آئینی، قانونی اور پرامن طریقے سے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔ ان کے مطابق ظلم اور ناانصافی کے خلاف منظم، پرامن اور جمہوری جدوجہد ہی مسائل کے حل اور عوامی حقوق کے تحفظ کا مؤثر ذریعہ ہے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے حصول، عوامی خدمت اور حقیقی تبدیلی کے لیے متحد ہوں اور ہر سطح پر پرامن جمہوری جدوجہد کا ساتھ دیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں