لوکو رننگ سٹاف ملازمین کی پریم یونین میں شمولیت کا اعلان
لاہور ڈویژن کے ڈرائیورز، ڈپٹی ڈرائیورز ، اسسٹنٹ ڈرائیورز کا قیادت پر اعتماد
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور کے اعزاز میں ڈیزل شیڈ میں لوکو رننگ سٹاف کی جانب سے استقبالیہ اور شمولیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں لاہور ڈویژن کے ڈرائیورز، ڈپٹی ڈرائیورز اور اسسٹنٹ ڈرائیورز کی بڑی تعداد نے پریم یونین میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے تنظیمی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران لوکو رننگ سٹاف ایسوسی ایشن لاہور ڈویژن کے چیئرمین تنویر حسین نے 250 نئے اراکین کے ممبرشپ فارم پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور کے حوالے کیے ۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لوکو رننگ سٹاف کی کیٹگری اپ گریڈیشن، سروس اسٹرکچر کی بہتری اور ریلوے ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ محمد انور نے کہا کہ پریم یونین لوکو رننگ سٹاف سمیت ریلوے کے تمام شعبہ جات کے ملازمین کی کیٹگری اپ گریڈیشن، سروس معاملات اور دیگر جائز مطالبات کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔خالد محمود چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوکو رننگ سٹاف کی کیٹگری اپ گریڈیشن سے متعلق عدالتی فیصلہ وزارتِ ریلوے میں زیر التوا ہے ، جس پر فوری عمل درآمد ضروری ہے ۔ شرکاء نے پریم یونین کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ریلوے ملازمین کے حقوق، وقار اور بہتر مستقبل کے لیے متحد رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔