لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دین :میاں طاہر

 لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دین :میاں طاہر

متعلقہ ادارے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنما، سابق یو سی ناظم و چیئرمین سی سی 28 گلستان کالونی اور ممبر امن کمیٹی میاں طاہر ایوب نے کہا ہے کہ شدید گرمی کے آغاز کے ساتھ ہی شہر اور گرد و نواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کئی کئی گھنٹوں کی بجلی بندش نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ، جبکہ متعلقہ ادارے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بجلی کی بار بار بندش سے گھریلو نظام، کاروباری سرگرمیاں اور طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، جس کے باعث عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔میاں طاہر ایوب نے کہا کہ ایک طرف عوام سے بجلی کے بھاری بل اور مختلف ٹیکس وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی نہیں بنائی جا رہی۔ ان کے مطابق شہری اور دیہی دونوں علاقوں کے مکین اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر بجلی کی طلب میں اضافے کا پیشگی علم تھا تو اس کے مطابق بروقت انتظامات کیوں نہیں کیے گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اب صرف دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات دیکھنا چاہتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں