انکم سپورٹ پروگرام کی نئی قسط کی ادائیگی کل سے شروع
مستحق خواتین کو رقم وائلٹ بینک کے ذریعے فراہم کی جائے گی:ظہیر عباس
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت مستحق خواتین کو نئی مالی قسط کی ادائیگی کل سے شروع کی جائے گی۔ اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہیر عباس اور کمپلینٹ آفیسر وسیم وقار نے بتایا کہ مستحق خواتین کو رقم وائلٹ بینک کے ذریعے شفاف اور منظم انداز میں فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مستحق خواتین مقررہ ادائیگی مراکز پر اصل شناختی کارڈ اور رجسٹرڈ سم کے ساتھ آئیں اور بائیومیٹرک تصدیق مکمل ہونے کے بعد اپنی مالی معاونت وصول کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ رقم کی وصولی کے لیے کسی ایجنٹ یا غیر متعلقہ شخص کو اضافی رقم ادا نہ کی جائے ۔ کسی بھی شکایت یا دشواری کی صورت میں متعلقہ عملے سے فوری رابطہ کیا جائے ۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہیر عباس اور کمپلینٹ آفیسر وسیم وقار نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو مالی معاونت کی بروقت فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔