چنیوٹ:ممکنہ سیلاب ، تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے ) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں دریائے چناب میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اور انتظامی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ انہار، زراعت، تعلیم، ٹریفک پولیس، میونسپل کمیٹیوں، ضلع کونسل، محکمہ صحت، لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی اور اپنے اپنے اداروں کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 طاہرہ خان نے ریسکیو انتظامات، موک ایکسرسائز اور دیگر تیاریوں پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ہدایت کی کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے ہمہ وقت الرٹ رہیں، جبکہ ریسکیو، ریلیف اور انخلا کے منصوبوں کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے ۔ انہوں نے حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں فلڈ ریلیف کیمپس، مشینری، ریسکیو آلات، طبی سہولیات، صاف پینے کے پانی، خوراک، مویشیوں کے تحفظ، مواصلاتی نظام اور دیگر ضروری انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔