ٹوبہ :انٹرمیڈیٹ امتحانات، ڈپٹی کمشنر کا امتحانی مرکز کا اچانک دورہ
نقل کی روک تھام کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے شفاف، منصفانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی مانیٹرنگ جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ٹوبہ میں قائم امتحانی مرکز کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر کاشف سعید بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے امتحانی کمروں کا معائنہ کرتے ہوئے امتحانی عمل، نظم و ضبط، سکیورٹی انتظامات اور مجموعی انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد، امتحانی عملے کی حاضری، ڈیوٹی روسٹر اور دیگر انتظامات بھی چیک کیے ۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، مناسب وینٹی لیشن اور شدید گرمی کے پیش نظر بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ امیدوار سازگار ماحول میں امتحان دے سکیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نقل کی روک تھام کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ امتحانات کے انعقاد میں میرٹ، شفافیت اور غیر جانبداری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔