پنجاب کالج :مصنوعی ذہانت پر NEXAFEST 2026
طلبہ نے جدید ٹیکنالوجی کے جوہر دکھا ئے ، ٹرافیاں اور اسناد بھی تقسیم
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پنجاب کالج آف سائنس اینڈ کامرس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں عصر حاضر اور مستقبل کی جدید ٹیکنالوجی \"مصنوعی ذہانت\" کے موضوع پر NEXAFEST 2026 کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں طلبہ و طالبات نے جدید ٹیکنالوجی، بزنس آئیڈیاز، سائنسی منصوبوں، اختراعی مصنوعات اور تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ نمائش میں مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ، وکلا، صحافیوں، صنعت و تجارت سے وابستہ شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔پرنسپل پروفیسر فیضان واجد خان نے کہا کہ NEXAFEST 2026 کا مقصد طلبہ میں تخلیقی سوچ، تحقیق، اختراع، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور علم، تحقیق اور مصنوعی ذہانت کا دور ہے ، اس لیے ایسے پلیٹ فارمز نوجوانوں کو عملی زندگی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات اور گروپس میں یادگاری ٹرافیاں اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔