ٹوبہ سکوائر فوڈ سٹریٹ منصوبے کی منظوری،جلدتعمیرکاامکان
پرانی سبزی منڈی کی جگہ جدید تفریحی مرکز قائم ہوگا،نیا روزگار پیدا ہوگا
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )حکومت پنجاب نے شہر کے وسط میں واقع پرانی سبزی منڈی کی خالی جگہ پر جدید طرز کے \"ٹوبہ سکوائر\" فوڈ سٹریٹ اینڈ انٹرٹینمنٹ ایریا کے قیام کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے ، جس پر جلد تعمیراتی کام شروع ہونے کا امکان ہے ۔منصوبے کے مطابق ٹوبہ سکوائر کو جدید شہری تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیا جائے گا، جہاں شہریوں خصوصاً فیملیز کے لیے معیاری تفریح، متنوع فوڈ آؤٹ لیٹس اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق منصوبہ جدید شیل اینڈ کور ماڈل کے تحت تعمیر ہوگا تاکہ مستقبل میں کاروباری ضروریات کے مطابق اس میں آسانی سے تبدیلی کی جا سکے ۔منصوبے میں فوڈ سٹریٹ کے ساتھ عوامی بیٹھک، تفریحی سرگرمیوں اور خاندانی ماحول کے لیے جدید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ توقع ہے کہ اس منصوبے سے سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔