اے سی کمالیہ کا ٹی ایچ کیو ہسپتال اور بس سٹینڈز کا اچانک دورہ

اے سی کمالیہ کا ٹی ایچ کیو ہسپتال اور بس سٹینڈز کا اچانک دورہ

مریضوں اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

کمالیہ (نمائندہ دنیا )اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور شہر کے مختلف پرائیویٹ بس اسٹینڈز کا اچانک دورہ کرکے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے دورے کے دوران انہوں نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات، ادویات کی بروقت فراہمی اور صفائی کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے شہر کے مختلف پرائیویٹ بس اسٹینڈز کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی کی صورتحال، ویٹنگ ایریاز اور کرایہ ناموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بس اڈہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مقررہ کرایہ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کیے جائیں، حکومتی نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور مسافروں سے کسی بھی قسم کی زائد وصولی نہ کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں