وزیراعظم سے ماریہ فرنانڈا کی ملاقات، کثیر الجہتی تعاون کے فروغ کا عزم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ماریہ فرنانڈا نے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کیلئے پاکستان کے دیرینہ عزم اور اقوام متحدہ کو ہمیشہ دی جانے والی خصوصی اہمیت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کی آئندہ قیادت، اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری، سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مؤثر عمل درآمد، بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے احترام، اور منشورِ اقوام متحدہ کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے رکن ممالک کے درمیان فعال بین الاقوامی تعاون کے ذریعے اقوام متحدہ کے تینوں بنیادی ستونوں کو متوازن انداز میں آگے بڑھانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی، تاکہ عالمی امن اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہو۔

ماریہ فرنانڈا نے وزیراعظم کی جانب سے خیرمقدم پر ان کا شکریہ ادا کیا، حالیہ علاقائی امن کوششوں میں پاکستان کے قائدانہ کردار کے ساتھ ساتھ گزشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ میں اس کی فعال اور مؤثر شمولیت کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں