این ڈی ایم اے کا دریاؤں میں طغیانی اور مقامی سیلاب کا الرٹ جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 6 سے 10 جولائی 2026 تک دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دوسرے مون سون اسپیل اور مغربی ہواؤں کے باعث 6 سے 10 جولائی کے دوران شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں پہاڑی ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ ہو سکتا ہے۔
الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور بلوچستان کے مختلف دریاؤں اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سیلاب کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دریائے سوات اور دریائے پنجکوڑہ سمیت ان کے معاون دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر، دریائے سندھ میں تربیلا ڈیم کے بالائی علاقوں اور دریائے چناب کے مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
ادارے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے، ہنگامی انتظامات مکمل رکھنے اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کو عبور نہ کرنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔
ادارے نے شہریوں کو تازہ ترین موسمی صورتحال اور حفاظتی معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ استعمال کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔