جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب، لاہور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری پر غور ہوگا

لاہور:(محمد اشفاق) جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے لاہور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے اہم اجلاس 21 جولائی 2026 کو دوپہر 2 بجے سپریم کورٹ آف پاکستان، اسلام آباد کے کانفرنس روم میں طلب کر لیا ہے۔

جوڈیشل کمیشن کے سیکرٹری کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق اجلاس کی صدارت چیف جسٹس آف پاکستان و چیئرمین جوڈیشل کمیشن جسٹس یحییٰ آفریدی کریں گے جب کہ کمیشن کے دیگر آئینی ارکان بھی شریک ہوں گے۔

ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں پہلے ایک ایڈیشنل جج کی تقرری کی توثیق کی جائے گی، جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی 10 خالی آسامیوں پر تقرری کے لیے 24 امیدواروں کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔

زیر غور امیدواروں میں ضلع و سیشن جج ناصر جاوید رانا، محمد شان گل، غلام سرور نہنگ، محمد اجمل خان زاہد، امیر عجم ملک، شیریں عمران، اسد علی باجوہ، محمد امجد پرویز، خالد ابنِ عزیز، منور اقبال دوگل، سید فرہاد علی شاہ، بیرسٹر محمد عثمان غنی شامل ہیں۔

دوسری جانب راشد چیمہ، کاشف رجوانہ، چودھری سرفراز علی دیال، محمد ساجد خان تنولی، محمد ثاقب جیلانی، محمد وسیم، اسد محمود عباسی، اشفاق احمد کھرل، دانیال اعجاز، مغیث اسلم ملک، محمد شہزاد خان، محمد نوازش علی پیرزادہ اور افتخار الحق خان شیروانی بھی امیدواروں کی فہرست میں موجود ہیں۔

 تمام امیدواروں کا ریکارڈ جوڈیشل کمیشن کے ارکان کو بھجوا دیا گیا ہے، اگر کسی رکن کے نزدیک کسی اہل امیدوار کا نام غلطی سے شامل ہونے سے رہ گیا ہو یا کسی امیدوار کے حوالے سے کوئی اعتراض موجود ہو تو وہ مراسلہ موصول ہونے کے دو روز کے اندر سیکرٹریٹ کو آگاہ کرے گا تاکہ اجلاس میں اس پر غور کیا جا سکے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں