ہمارا کوئی ایجنڈا نہیں، اللہ نے چاہا تو آزاد کشمیر میں ثالثی کا راستہ نکلے گا: حافظ نعیم الرحمان

اسلام آباد:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارا کوئی ایجنڈا نہیں،اللہ نے چاہا تو آزاد کشمیر میں ثالثی کا راستہ ضرور نکلے گا۔

 آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ثالثی کا کردار ادا کرنے کی خواہاں ہے اور اس سلسلے میں مسلسل کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر سنجیدگی سے مذاکرات کیے جائیں تو مظاہرین کو بھی سمجھایا جا سکتا ہے اور معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عوامی غصے کا اظہار پاکستان کے خلاف نہیں ہونا چاہیے بلکہ نظام میں موجود خرابیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔

حافظ نعیم الرحمان  نے کہا کہ یہ مناسب نہیں کہ کوئی وزیر یہ دعویٰ کرے کہ "دس نشستیں تو جیب میں پڑی ہیں"، ایسے بیانات سیاسی ماحول کو مزید خراب کرتے ہیں۔

انہوں نے  کہا کہ آزاد کشمیر میں بارہ نشستوں کے معاملے پر بات چیت کے ذریعے پیش رفت ممکن ہے اور یہ ایسا مسئلہ نہیں جس پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو قائل نہ کیا جا سکے۔

امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا اس معاملے میں کوئی ذاتی یا سیاسی ایجنڈا نہیں، اللہ نے چاہا تو مذاکرات اور ثالثی کے ذریعے کوئی نہ کوئی مثبت راستہ ضرور نکل آئے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں