وزیراعظم کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن اور ڈیفالٹ سے محفوظ ہوا: رانا ثنااللہ

فیصل آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نےوزیراعظم کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن اور ڈیفالٹ سے محفوظ ہوا۔

ملاں پور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں پر یقین رکھتی ہے، اسی لیے سابق ادوار کی طرح صرف ایک یا ڈیڑھ کلومیٹر سڑکوں کے افتتاح پر اکتفا نہیں کیا جا رہا بلکہ 29.5 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیرِ نو کا منصوبہ مکمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ علاقے کے تمام دیہات کو گیس کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ مقامی آبادی کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) سطح کا ہسپتال بھی قائم کیا جائے گا، الیکشن کے نتائج کچھ بھی ہوں، عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوئی تھی، تاہم ہارنے والے سیاسی عناصر پانچ سال تک عوام سے دور رہے۔

رانا ثنا اللہ نے نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کی خدمت کی ہے۔

اُن کا ملکی دفاع پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کو دنیا میں عزت اس کی ایٹمی صلاحیت کی وجہ سے حاصل ہے۔

مشیر وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں "معرکۂ حق" میں کامیابی حاصل کی، جسے پوری دنیا نے تسلیم کیا، جبکہ ان کے بقول بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اس شکست کے بعد منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔

سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی عناصر نے ملک میں گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا، مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں اور ان پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ بھی بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی منشیات فروش، چور یا قاتل کی سفارش نہیں کی اور نہ ہی کبھی کسی کو تشدد پر اکسایا، ان کے بقول آج ان کے مخالفین جن مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، وہ ان کے اپنے اعمال کا نتیجہ ہے۔

مشیر وزیراعظم کا کہنا کہ پاکستان کو گزشتہ تیس برس تک دہشت گردی سے جوڑا جاتا رہا، تاہم اب پہلی بار دنیا پاکستان کو امن کے قیام میں کردار ادا کرنے والا ملک قرار دے رہی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ ایرانی قیادت اور درست فیصلے کرنے والے امریکی حکام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ انہوں نے عالمی امن کے لیے کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جنگ بندی کے معاملے پر کوئی سیاسی فائدہ نہیں اٹھانا چاہتی بلکہ عوامی فلاح اس کی اولین ترجیح ہے، ایران پر پابندیاں ختم ہونے اور وہاں سے تیل کی فراہمی بحال ہونے کے بعد عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔

مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنگ کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا، تاہم اب اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نمایاں طور پر کم ہوں گی اور حکومتی کامیابیوں کے ثمرات عوام تک بھی پہنچیں گے۔

تقریب کے اختتام پر رانا ثناء اللہ نے ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر متعلقہ ٹھیکیدار نے سڑک معیاری انداز میں تعمیر نہ کی تو اسے آئندہ کسی منصوبے کی ٹھیکیداری نہیں دی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں