گوجرخان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹا قتل

گوجرخان :(دنیا نیوز) پنجاب کے شہر گوجر خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹا قتل ہو گئے۔

ہولناک واقعہ یونین کونسل جرموٹ کے گاؤں کینگھر خورد میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے باپ اور بیٹا کو موت کے گھاٹ اتار دیا، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم ملزمان نے آتشیں اسلحے سے فائرنگ کرکے ایک شہری اور اس کے بیٹے کو قتل کیا، اطلاع ملتے ہی گوجرخان پولیس موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے جب کہ دونوں نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی  حسن مشتاق سکھیرا نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس پی صدر اور اے ایس پی گوجرخان کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

علاوہ ازیں پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے، حکام نے بتایا  قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں