گروپ کیپٹن کو شہید کرنے والا ملزم سعد 9 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا: آئی جی اسلام آباد
اسلام آباد:(دنیا نیوز) انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس(آئی جی آئی پی) علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ گروپ کیپٹن عاصم کو شہید کرنے والا ملزم سعد 9 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز جواد طارق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ صبح 11 بج کر 21 منٹ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں گروپ کیپٹن عاصم اس وقت موقع پر پہنچے جب انہوں نے ایک نوجوان خاتون اور ملزم کے درمیان جھگڑا دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ گروپ کیپٹن نے انسانی ہمدردی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مداخلت کی اور ملزم کو خاتون سے بدتمیزی اور جھگڑا کرنے سے روکا، تاہم ملزم سعد عباسی نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں عاصم شہید ہو گئے۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ ملزم سعد عباسی اور خاتون نمرہ دونوں جی-6 سیکٹر میں واقع ایک نجی کیش اینڈ کیری سٹور میں ملازم تھے، ملزم خاتون کو کسی پارک یا دوسری جگہ لے جانا چاہتا تھا جبکہ خاتون اس پر آمادہ نہیں تھی اور صرف کام کی جگہ تک محدود رہنا چاہتی تھی۔
علی ناصر رضوی نے کہا کہ دونوں کے درمیان تعلق صرف تقریباً 10 روز پر مشتمل پک اینڈ ڈراپ تک محدود تھا اور خاتون کو ملزم کے گھر تک کا بھی علم نہیں تھا۔
آئی جی کا کہنا تھا کہ واقعہ پولیس کے لیے ایک بڑا اور چیلنجنگ کیس تھا، جس کی تفتیش کے لیے فوری طور پر 11 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
علی ناصر رضوی نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں، اے آئی ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل سرویلنس اور فزیکل انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم کے کپڑوں، موٹرسائیکل اور نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ واردات کے بعد ملزم نے سکائی وے سے ٹکٹ حاصل کیا، اپنا موبائل فون بند کر دیا اور شناخت چھپانے کے لیے کپڑے بھی تبدیل کیے، تاہم پولیس ٹیموں نے مسلسل تعاقب کے بعد اسے 9 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔
آئی جی اسلام آباد کا مزید کہنا تھا کہ گروپ کیپٹن عاصم نے اعلیٰ حب الوطنی، جرات اور شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک خاتون کی مدد کی کوشش کی۔
علی ناصر رضوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملزم سعد عباسی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔