مؤثر سفارتکاری اور امن سے پاکستان کا عالمی تشخص مضبوط ہوا: فیصل کریم کنڈی

پشاور:(دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی مؤثر سفارتکاری اور امن سے پاکستان کا عالمی تشخص مضبوط ہوا

 بونیر میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پلوامہ واقعے کی آڑ میں پاکستان کو دہشت گرد ریاست قرار دلوانے کی کوشش ناکام ہوئی، جبکہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر اپنی دفاعی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا نے جنگ بندی کے لیے پاکستان سے رابطہ کیا اور پاکستان نے عالمی امن کے فروغ کے لیے مؤثر سفارتکاری کا کردار ادا کیا، جس کے باعث آج دنیا پاکستان کو امن کا داعی اور ضامن تسلیم کر رہی ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ امریکا، چین، روس اور عرب ممالک پاکستان کے مثبت کردار کو سراہ رہے ہیں، فیلڈ مارشل، وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے قومی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، شہید بینظیر بھٹو نے میزائل پروگرام کو آگے بڑھایا، جبکہ صدر آصف علی زرداری جے ایف-17 تھنڈر ٹیکنالوجی پاکستان لائے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ امن کے قیام کے بعد دنیا سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کا رخ کرے گی، خیبرپختونخوا قدرتی وسائل، سیاحت، تیل، گیس اور معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے اور اس کی ترقی کے لیے امن ناگزیر ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ وہ وفاق کے ساتھ مل کر صوبے میں امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کرے، انہوں نے کہا کہ ورکرز کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور کامیاب پارٹی کنونشن کے انعقاد پر ضلعی قیادت اور کارکنوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں