فلسطینی علاقوں سے قبضہ ختم ہونے تک اسرائیل سے تعلقات معمول پر نہیں آ سکتے، مصری صدر

قاہرہ: (دنیا نیوز) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ ختم ہونے تک اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی مکمل بحالی ممکن نہیں، جبکہ خطے میں پائیدار امن بھی انصاف پر مبنی حل کے بغیر قائم نہیں ہو سکتا۔

صدر عبدالفتاح السیسی نے اپنے بیان میں کہا کہ جب تک فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ ختم نہیں ہوتا، نہ تو مشرقِ وسطیٰ میں حقیقی اور پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے، نہ ہی خطے میں استحکام آ سکتا ہے اور نہ ہی عوامی سطح پر اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ منصفانہ امن کے لیے قبضے کا خاتمہ، جارحیت کا سدباب، فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی اور تمام فریقوں کے لیے سلامتی کی ضمانت ناگزیر ہے۔

مصری صدر نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے دیرینہ تنازعات کا پائیدار حل اسرائیل اور فلسطین کے درمیان ایک جامع اور منصفانہ امن معاہدے میں مضمر ہے۔ ان کے مطابق صرف انصاف پر مبنی امن ہی خطے کے عوام کو امن، استحکام اور خوشحالی کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع فراہم کر سکتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں