بھارت میں 700 سال پرانے برگد کے درخت کی دریافت کا دعویٰ

پٹنہ: (ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست بہار میں تقریباً 700 سال پرانے برگد (بانیان) کے ایک درخت کی سائنسی بنیادوں پر عمر کا تعین کیا گیا ہے، جسے اب تک کا قدیم ترین سائنسی طور پر تصدیق شدہ برگد کا درخت قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق محققین نے درخت کی عمر معلوم کرنے کے لیے جدید سائنسی طریقہ کار اختیار کیا، اس مقصد کے لیے درخت کے اندرونی حصے کے قریب سے نمونے حاصل کیے گئے اور ان میں موجود پودوں کے خلیاتی مادے کے مستحکم جز کا تجزیہ کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق درخت کی عمر کے تعین کے لیے تابکار کاربن (ریڈیو کاربن ڈیٹنگ) کے انتہائی حساس سائنسی طریقے سے جانچ کی گئی، جس کے نتائج سے معلوم ہوا کہ درخت کی عمر تقریباً 700 سال ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل اس درخت کی عمر 300 سے 350 سال کے درمیان سمجھی جاتی تھی اور یہ خیال کیا جاتا تھا کہ یہ کسی قدیم عمارت کے قریب موجود تھا، تاہم نئی تحقیق نے اس اندازے کو مسترد کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ درخت ممکنہ طور پر اس خطے کے قدیم جنگلات کا باقی ماندہ حصہ ہے، اس کی دریافت ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی ورثے کے بارے میں بہتر سائنسی فہم میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں