تھکان دور کرنے کا انوکھا طریقہ، نوجوان نے آنکھوں پر مساج گن چلا دی
لاہور: (ویب ڈیسک) پٹھوں کی تھکان دور کیلئے استعمال ہونے والی مشہور مساج گن کا غلط استعمال برطانوی نوجوان کیلئے انتہائی تباہ کن ثابت ہوگیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق 20 سالہ برطانوی نوجوان نے اپنی آنکھوں کی تھکن دور کرنے کیلئے مساج گن کو براہِ راست اپنے پپوٹوں اور آنکھوں کے ڈیلوں پر چلا دیا، نوجوان پچھلے 3 ماہ سے ہر ہفتے باقاعدگی سے مساج گن کو اپنی آنکھوں پر استعمال کر رہا تھا، تاکہ اسے سکون مل سکے۔
چند دن پہلے جب اس کی دائیں آنکھ کے سامنے اچانک اندھیرا، چمکتی ہوئی روشنیاں اور دھندلے دھبے تیرتے ہوئے نظر آنے لگے، تو وہ گھبرا کر ہسپتال پہنچا، معائنے پر معلوم ہوا کہ مساج گن کی شدید تھرتھراہٹ اور دباؤ نے آنکھ کے ڈیلوں کو اندر کی طرف پچکا دیا ہے، جس کے نتیجے میں اس کی دونوں آنکھوں کے اندرونی پردے جگہ جگہ سے بری طرح پھٹ گئے ہیں۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ طبی تاریخ میں مساج گن کی وجہ سے دونوں آنکھوں کے پردے بیک وقت پھٹنے کا یہ دنیا کا پہلا دستاویزی کیس ہے۔ خوش قسمتی سے، فوری علاج اور سرجری کے 6 ماہ بعد اب نوجوان کی آنکھوں کی حالت مستحکم ہے اور اس کی بینائی مزید گرنے سے رک گئی ہے۔