دنیا کے سب سے چھوٹے قد کے جوڑے کا منفرد گھر مرکزِ توجہ
برازیلیا: (ویب ڈیسک) برازیل کے علاقے ایٹا پیوا سے تعلق رکھنے والے پاؤلو گیبرئیل ڈی سلوا بیروس اور کیٹیوشیا لی ہوشینو کو دنیا کا سب سے کم قد رکھنے والا شادی شدہ جوڑا قرار دے دیا گیا، جبکہ ان کا منفرد ڈیزائن کیا گیا گھر بھی لوگوں کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
برازیل کے ایک ٹی وی پروگرام میں اس جوڑے کے گھر کی جھلک دکھائی گئی، جہاں 40 سالہ پاؤلو گیبرئیل اور 36 سالہ کیٹیوشیا لی ہوشینو رہائش پذیر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دونوں کا مجموعی قد 71.42 انچ ہے، جس کے باعث ان کے گھر کو بھی ان کی ضروریات کے مطابق خصوصی انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔
گھر میں دروازوں کے ہینڈل اور لائٹ سوئچ معمول سے کافی نیچے نصب کیے گئے ہیں، جبکہ کچن کاؤنٹر، الماریاں اور دیگر سہولیات بھی ان کے قد کے مطابق تیار کی گئی ہیں۔
پاؤلو گیبرئیل کا کہنا ہے کہ کچن کا سنک اس انداز سے بنایا گیا ہے کہ انہیں برتن دھونے میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے، اسی طرح اونچی جگہوں تک پہنچنے کے لیے ہلکے وزن کے پلاسٹک سٹول استعمال کیے جاتے ہیں، جبکہ فرنیچر بھی خصوصی طور پر ان کے قد کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
کیٹیوشیا لی ہوشینو کے مطابق یہ گھر ان کے لیے انتہائی آرام دہ ہے، گھر سے باہر انہیں دنیا کے مطابق خود کو ڈھالنا پڑتا ہے، لیکن ان کا گھر ان کے لیے ایک محفوظ اور پرسکون پناہ گاہ ہے۔
دونوں کی محبت کا آغاز تقریباً دو دہائیاں قبل آن لائن ملاقات سے ہوا تھا، ایک سال بعد انہوں نے ایک ساتھ فوٹو شوٹ کرایا، جبکہ 2016 میں لندن میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے پاؤلو گیبرئیل ڈی سلوا بیروس اور کیٹیوشیا لی ہوشینو کو دنیا کا سب سے کم قد رکھنے والا شادی شدہ جوڑا قرار دے رکھا ہے۔