منی پور میں کشیدگی کی نئی لہر، مودی سرکار حالات پر قابو پانے میں مکمل ناکام

نئی دہلی: (دنیا نیوز) مودی حکومت کی متعصبانہ پالیسیوں کے باعث خانہ جنگی کی شکار ریاست منی پور میں پھر نسلی فسادات پھوٹ پڑے۔

بھارت کا اپنا جریدہ ٹائمز آف انڈیا منی پورمیں اٹھنے والے نئے فسادات کی تفصیلات سامنے لے آیا، بھارتی ریاست منی پور کے ضلع کامجونگ میں پھر تشدد بھڑک اٹھا، نامعلوم حملہ آوروں نے 3 مقامات پر 20 گھروں کو آگ لگا دی۔

بھارتی جریدہ کے مطابق شرپسندوں نے کوکی کے سرحدی گاؤں فائمول کو نذرِ آتش کردیا، جوابی کارروائی میں ناگا قبائل کے دیہات کو نشانہ بنایا گیا، آتشزدگی کے ان واقعات میں فائمول گاؤں کے 15 گھرمکمل جل گئے، جبکہ ناگا برادری کے 7 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

بھارتی جریدہ کے مطابق ایک اور واقعہ میں حملہ آوروں نے ضلع کامجونگ میں تانگکھول ناگا بستی میں 7 گھروں کو آگ لگادی، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے منی پور میں فسادات، انسانی حقوق کی پامالیوں اور نقل مکانی کو مودی سرکار کی بدترین ناکامی قراردیدیا۔

پروفیسر اجائیلیو نیومائی کے مطابق مودی حکومت کی غفلت سے اٹھنے والا تنازع نوے کی دہائی کی خانہ جنگی سے زیادہ تباہ کن ہے، حالیہ فسادات کے واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ مودی سرکار منی پور میں امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں