اسرائیل کے طبی امداد تک رسائی میں رکاوٹ ڈالنے پر 4 ماہ کا فلسطینی بچہ شہید
غزہ: (دنیا نیوز) مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے طبی امداد تک رسائی میں رکاوٹ کے باعث چار ماہ کا فلسطینی بچہ جاں بحق ہو گیا۔
فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق مقامی عہدیداروں نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ رملہ کے مغرب میں واقع گاؤں دیر عمار کے داخلی راستے پر قائم اسرائیلی فوجی چوکی پر پیش آیا جہاں فوجیوں نے بچے کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیے جانے میں رکاوٹ ڈالی۔
اسرائیلی فوجیوں نے علاقے کے مکینوں اور وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں پر آنسو گیس کے شیل بھی فائر کئے جس کے نتیجے میں بیمار شیرخوار کو بروقت طبی سہولت فراہم نہ کی جا سکی اور وہ دم توڑ گیا۔
واضح رہے کہ یہ اسرائیلی پالیسی کا حصہ ہے کہ فوجی چوکیوں، گیٹوں اور مختلف پابندیوں کے ذریعے شہریوں، مریضوں اور ایمبولینسوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں جس سے بنیادی انسانی اور طبی حقوق متاثر ہوتے ہیں۔