دہشتگردی کا مقابلہ جاری، ریاست کی رٹ ہر صورت قائم ہوگی: سرفراز بگٹی
کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ ہر صورت قائم ہوگی، دہشت گردی کا مقابلہ جاری ہے
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہنہ اوڑک واقعے میں زخمی ہونے والے شہریوں اور اے ٹی ایف اہلکاروں کی ٹراما سینٹر میں عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور عوام نے مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہنہ اوڑک کے عوام کا حوصلہ قابلِ تعریف ہے اور حکومت بلوچستان متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، ان کا کہنا تھا کہ شہداء کے لواحقین کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، معاوضے کے چیک کل ہی تقسیم کیے جائیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر انداز میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان اس وقت جنگ جیسے حالات کا سامنا کر رہا ہے، دہشت گرد چند منٹوں کے لیے سڑکوں پر آتے ہیں، تاہم ریاست ہر صورت اپنی رٹ قائم کرے گی۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال مثالی نہیں، تاہم حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر داخلہ بلوچستان نے گزشتہ رات ہنہ اوڑک کا دورہ بھی کیا۔