فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ اجلاس میں اہم فیصلے

 فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ اجلاس میں اہم فیصلے

الائیڈ ہسپتالوں کیلئے فنڈز، پی ایچ ڈی پروگرام اور نئے کورسز کی منظوری طبی درسگاہوں کیلئے یکساں پالیسی لائیں گے :وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق

 فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا 17واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی عارف گل، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر چوہدری، ڈائریکٹر بجٹ اینڈ اکاؤنٹس حماد الرب، ایم ایس الائیڈ ہسپتال ون ڈاکٹر فہیم یوسف، مختلف محکموں کے افسران اور سینڈیکیٹ اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں 16ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی۔ الائیڈ ہسپتال ون کے لیے میڈیکل اور لیبارٹری آلات کی مرمت، جبکہ الائیڈ ہسپتال ٹو کے لیے 630 اور 400کے وی اے ٹرانسفارمرز کی خریداری، نئی میڈیکل ایمرجنسی میں ویٹنگ ایریا اور ایمرجنسی کے سامنے پیڈز ایمرجنسی کے قیام کے لیے فنڈز کی منظوری دی گئی۔سینڈیکیٹ نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی پروگرامز، ایچ ایس کے (HSK) چائنیز لینگویج کورس، کلینیکل کیئر کورس میں انٹیگریٹڈ نیوٹریشن اور دو سالہ و چار سالہ نرسنگ ڈگری پروگرام میں ایم ایس پروگرام شروع کرنے کی بھی منظوری دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کی تمام طبی درسگاہوں کے معاملات کے حل کے لیے یکساں پالیسی متعارف کرائی جا رہی ہے ۔ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں