ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ عوام سے کھلی ناانصافی :میاں طاہر

ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ عوام سے کھلی ناانصافی :میاں طاہر

مافیا مصنوعی قلت پیدا کرکے من مانے نرخ وصول کر رہا ،عوام پر بوجھ بڑھ رہا

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنما، سابق یو سی ناظم و چیئرمین سی سی 28 گلستان کالونی اور ممبر امن کمیٹی میاں طاہر ایوب نے ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ اور قیمتوں میں خودساختہ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل پی جی مافیا مصنوعی قلت پیدا کرکے من مانے نرخ وصول کر رہا ہے ، جس سے عوام پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی کھلے عام بلیک مارکیٹنگ اور ناجائز منافع خوری نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ، جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ان کے بقول یہ صورتحال حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان ہے اور غریب عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔

میاں طاہر ایوب نے کہا کہ مہنگائی سے پہلے ہی پریشان غریب اور متوسط طبقہ بنیادی ضرورت کے حصول کے لیے بھی مشکلات کا شکار ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ذخیرہ اندوز عناصر مصنوعی قلت پیدا کرکے ایل پی جی کی قیمتیں بڑھا رہے ہیں، جس کے باعث صارفین مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی مافیا کے خلاف فوری اور مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے ، سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے ، جس کی ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں