ٹوبہ :فلٹر پلانٹس کے بغیر سروس سٹیشنز چلنے کا انکشاف

 ٹوبہ :فلٹر پلانٹس کے بغیر سروس سٹیشنز چلنے کا انکشاف

پانی کا ضیاع، آلودگی میں اضافہ ہو رہا ،ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلع بھر میں متعدد سروس سٹیشن مبینہ طور پر واٹر ری سائیکلنگ فلٹر پلانٹس کے بغیر کام کر رہے ہیں، جس پر شہریوں نے محکمہ ماحولیات کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے ہائیکورٹ کے احکامات پر مؤثر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے ۔شہری حلقوں کے مطابق عدالت نے ہدایت کی تھی کہ تمام سروس سٹیشنوں پر واٹر ری سائیکلنگ سسٹم نصب کیا جائے تاکہ استعمال شدہ پانی کو فلٹر کرکے دوبارہ قابل استعمال بنایا جا سکے ، تاہم ان کے بقول متعدد سروس سٹیشن تاحال اس نظام کے بغیر کام کر رہے ہیں، جس سے پانی کے ضیاع اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد شکایات کے باوجود قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے سروس اسٹیشنوں کے خلاف مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی۔ ان کا مؤقف ہے کہ محکمہ ماحولیات کی جانب سے زیادہ تر رسمی چیکنگ اور کاغذی کارروائی کی جا رہی ہے ، جبکہ عملی اقدامات ناکافی ہیں۔شہریوں نے الزام عائد کیا کہ بعض افسر اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا نہیں کر رہے ، جس کے باعث ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد متاثر ہو رہا ہے ۔عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ ماحولیات کی کارکردگی کا جامع جائزہ لیا جائے ، غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور عدالتی احکامات کے مطابق تمام سروس سٹیشنوں پر واٹر ری سائیکلنگ سسٹم کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں