امراض دل جدید فارماکولوجی تحقیق کے موضوع پر سیمینار
ملکی و غیر ملکی سائنس دانوں، محققین، طبی ماہرین، اساتذہ اور طلبہ نے شر کت کی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے فیکلٹی آف فارماسیوٹیکل سائنسز کے شعبہ فارماکولوجی کے زیر اہتمام ترقی یافتہ ممالک میں فارماکولوجی تحقیق کے جدید رجحانات، بالخصوص قلبی امراض پر خصوصی توجہ کے عنوان سے بین الاقوامی سیمینار منعقد ہوا، جس میں ملکی و غیر ملکی سائنس دانوں، محققین، طبی ماہرین، اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
چیف آرگنائزر ڈاکٹر لیاقت حسین اور آرگنائزنگ سیکرٹری ڈاکٹر شمیلہ مہدی نے شرکا کا خیرمقدم کیا۔ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد عرفان نے کہا کہ صحت کے شعبے کو درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تحقیق پر مبنی تعلیم، اختراع اور بین الاقوامی سائنسی تعاون ناگزیر ہے ، جبکہ جامعات کو جدید تحقیق کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے ۔فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف نے بین الشعبہ جاتی تحقیق، اختراع اور تعلیمی اداروں کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ کلیدی مقرر یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا، کینیڈا کے پروفیسر ڈاکٹر اسماعیل لاہر تھے۔