بیوی پر شوہر کو زہر دے کر قتل کرنے کا الزام، 5 افراد پر مقدمہ
عمر دراز نے پسند کی شادی کی تھی، میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا
لالیاں (نمائندہ دنیا )لالیاں کے نواحی گاؤں آہلے والا میں مبینہ طور پر بیوی کی جانب سے شوہر کو زہر دے کر قتل کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے ، پولیس نے مقتول کے بھائی کی درخواست پر ریحانہ بی بی سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔درخواست گزار محمد بخش کے مطابق اس کا بھائی عمر دراز عرف گلو نے پسند کی شادی کی تھی، تاہم گھریلو معاملات پر میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ وقوعہ کے روز مقتول کی بیوی نے مبینہ طور پر نامعلوم خواتین سے پسا ہوا سفوف حاصل کیا اور دوائی کے بہانے اپنے شوہر کو کھلا دیا، جس کے بعد اس کی حالت غیر ہوگئی۔عمر دراز کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لالیاں منتقل کیا گیا، جہاں سے اسے مزید علاج کے لیے چنیوٹ ہسپتال ریفر کر دیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا اور دم توڑ گیا۔ پولیس تھانہ لالیاں نے محمد بخش کی درخواست پر ریحانہ بی بی سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments