شورکوٹ میں سموگ کی روک تھام کیلئے دو بیس کیمپ قائم
اے سی ظفراحمدکاعلاقوں کادورہ ،، خلاف ورزی پر فوری کارروائی کا بھی فیصلہ
شورکوٹ (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر جھنگ کی ہدایت پر سموگ کی روک تھام اور شہریوں میں آگاہی کے لیے تحصیل انتظامیہ شورکوٹ نے مختلف علاقوں میں کیمپ قائم کر دیے ۔ اسسٹنٹ کمشنر ظفر احمد نے مختلف محکموں کے افسروں اور عملے کے ہمراہ علاقوں کا دورہ کیا اور آگاہی مہم کے سلسلے میں فلیگ مارچ بھی کیا۔ اس موقع پر تحصیلدار عمران اکرم، ایگریکلچر آفیسر ایکسٹینشن محمد سرور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ریحانہ روحی، زراعت آفیسر سدرہ، نائب تحصیلداران، محکمہ ماحولیات کے انسپکٹر مظہر سیال اور ستھرا پنجاب کے اہلکار بھی موجود تھے ۔اسسٹنٹ کمشنر ظفر احمد نے بتایا کہ سموگ کی روک تھام کے لیے کوٹ لال اور چتن والا میں دو بیس کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جبکہ تحصیل کو چار سرکلز میں تقسیم کرکے ہر سرکل میں پانچ اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ فصلوں کی باقیات جلانے کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کے لیے دس منٹ میں موقع پر پہنچنے ، مقدمہ درج کرنے اور گرفتاری کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز فصلوں کی باقیات جلانے پر 11 مقدمات درج کیے گئے ، تاہم آج صبح تک ایسی کوئی نئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں اور کسانوں سے اپیل کی کہ فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگائیں اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments