دنیا کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والی فضائی آلودگی کے ذمہ دار تین بڑے ممالک ہیں۔ چین‘ امریکہ اور بھارت دنیا کی تقریباً نصف گرین ہاؤس گیسیں خارج کر رہے ہیں۔ صرف گزشتہ سال کے دوران دنیا میں فوسل فیول اور انڈسٹری سے 54 ارب ٹن سے زیادہ گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج ہوا۔ اس کے نتیجے میں سمندر ریکارڈ حد تک گرم ہو چکے ہیں‘ کہیں تباہ کن سیلاب تباہی مچا رہے ہیں‘ کہیں جان لیوا گرمی لوگوں کی زندگیاں نگل رہی ہے اور کہیں لاکھوں افراد بے گھر ہو رہے ہیں۔ لیکن اس معاملے کا سب سے حیران کن پہلو یہ ہے کہ آج چین دنیا میں سب سے زیادہ گرین ہاؤس گیسیں خارج کرنے والا ملک ہے جبکہ گزشتہ تقریباً ڈھائی سو سال کے دوران امریکہ نے سب سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کی ہیں۔ آخر زمین کا درجہ حرارت بڑھانے میں سب سے زیادہ کردار کس کا ہے؟ بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں‘ بڑے صنعتی کارخانے یا سڑکوں پر دوڑتی کروڑوں گاڑیاں؟ اور کیا پاکستان جیسے ممالک کو بھی بڑی طاقتوں کی پھیلائی ہوئی آلودگی کی بھاری قیمت چکانا پڑ رہی ہے؟
یورپی کمیشن کے جوائنٹ ریسرچ سنٹر اور بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے مطابق 2025ء میں دنیا بھر میں 54 ارب 10 کروڑ ٹن گرین ہاؤس گیسیں خارج ہوئیں‘ جو 2024ء کے مقابلے میں 0.7فیصد زیادہ ہیں۔ اگر اس کا موازنہ 1990ء سے کیا جائے تو عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں 68.5فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ یعنی تین دہائیوں سے کچھ زیادہ عرصے میں دنیا بھر میں گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج تقریباً 70 فیصد بڑھ چکا ہے۔ لیکن یہ گیسیں آخر ہیں کیا‘ اور زمین کے درجہ حرارت میں اضافے کا سبب کیسے بنتی ہیں؟ دراصل گرین ہاؤس گیسیں زمین سے خارج ہونے والی حرارت کو فضا میں روک لیتی ہیں جس کے باعث عالمی درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ان گیسوں میں سب سے بڑا حصہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کا ہے۔ 2025ء میں عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے مجموعی اخراج میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کا حصہ 73.8 فیصد تھا جبکہ میتھین کا حصہ 17.6 فیصد‘ نائٹرس آکسائیڈ کا 5.3فیصد اور فلورینیٹڈ گیسوں کا 3.3فیصد رہا۔کاربن ڈائی آکسائیڈ بنیادی طور پر کوئلہ‘ تیل اور گیس جلانے سے پیدا ہوتی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ دنیا میں آلودگی پھیلانے میں کون سے شعبے سب سے آگے ہیں؟ اس حوالے سے بجلی پیدا کرنے والا شعبہ پہلے نمبر پر آتا ہے جو عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے مجموعی اخراج کے تقریباً 30 فیصد کا ذمہ دار ہے۔ دوسرے نمبر پر صنعتی شعبہ ہے جس میں فیکٹریاں‘ سیمنٹ‘ دھاتیں اور کیمیکل بنانے والے کارخانے شامل ہیں۔ عالمی اخراج میں اس شعبے کا حصہ 21فیصد ہے۔ تیسرے نمبر پر ٹرانسپورٹ کا شعبہ آتا ہے جس میں گاڑیاں‘ بحری جہاز اور ہوائی جہاز شامل ہیں۔ یہ شعبہ عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں تقریباً 16 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ گویا دنیا کی تقریباً 67فیصد گرین ہاؤس گیسیں صرف انہی تین شعبوں سے خارج ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ زراعت کا حصہ 12 فیصد‘ تیل‘ گیس اور کوئلے کے اخراج کا 11 فیصد‘ عمارتوں کا 6.6فیصد اور کچرے کا 3.6 فیصد ہے۔2025ء میں چین نے تقریباً 16 ارب ٹن گرین ہاؤس گیسیں خارج کیں۔ یہ پوری دنیا کے اخراج کا 29.5فیصد ہے‘ یعنی تقریباً ہر تین ٹن میں سے ایک ٹن چین سے آ رہا ہے۔ دوسرے نمبر پر امریکہ ہے‘ جس نے چھ ارب دو کروڑ ٹن گیسیں خارج کیں۔ عالمی اخراج میں امریکہ کا حصہ 11.1فیصد رہا۔تیسرے نمبر پر بھارت ہے‘ جہاں چار ارب 51 کروڑ ٹن گیسیں خارج ہوئیں۔بھارت کا عالمی حصہ8.3فیصد ہے۔یوں چین‘ امریکہ اور بھارت کا مجموعی حصہ 48.9فیصد بنتا ہے۔یعنی دنیا کی تقریباً آدھی گرین ہاؤس گیسیں صرف تین ممالک سے خارج ہو رہی ہیں۔یورپی یونین کے 27 ممالک کا مشترکہ حصہ 5.8فیصد ہے۔ روس عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں 4.8فیصد‘ انڈونیشیا 2.5فیصد‘ برازیل 2.4فیصد اور ایران 2.1فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ تاہم یہاں تاریخ کا ایک حیران کن پہلو بھی سامنے آتا ہے۔ اگر موجودہ اخراج کا جائزہ لیا جائے تو چین دنیا میں پہلے نمبر پر ہے لیکن اٹھارہویں صدی کے وسط سے اب تک ہونے والے مجموعی کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو دیکھا جائے تو امریکہ کا حصہ 23.5فیصد بنتا ہے جبکہ چین کا تاریخی حصہ 15.4فیصد ہے۔ گویا آج دنیا میں سب سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرنے والا ملک چین ہے‘ لیکن تاریخی طور پر مجموعی اخراج میں امریکہ سب سے آگے ہے۔
اب ذرا یہ بھی دیکھیے کہ ان تینوں ممالک میں آلودگی کے بنیادی ذرائع کون سے ہیں۔ چین میں سب سے زیادہ گرین ہاؤس گیسیں بجلی پیدا کرنے کے شعبے سے خارج ہوتی ہیں جو ملک کے مجموعی اخراج کا 42 فیصد ہے۔ اس کے بعد صنعتی شعبے کا حصہ 31 فیصد اور ایندھن کی پیداوار کا 9.5فیصد ہے۔ امریکہ میں صورتحال مختلف ہے۔ وہاں آلودگی پھیلانے میں ٹرانسپورٹ کا شعبہ سرفہرست ہے جس کا ملکی اخراج میں حصہ 29 فیصد ہے جبکہ بجلی کی پیداوار 26 فیصد اور صنعتیں 14 فیصد اخراج کی ذمہ دار ہیں۔ بھارت میں بھی بجلی کا شعبہ آلودگی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے‘ جو مجموعی اخراج میں 35 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ اس کے بعد صنعتوں کا حصہ 24 فیصد اور زراعت کا 19 فیصد ہے۔ یہ اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ تینوں ممالک میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے بنیادی ذرائع ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ آلودگی میں اس مسلسل اضافے کے ماحول اور انسانی زندگی پر کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں؟
عالمی موسمیاتی ادارے کے مطابق 2025ء میں سمندروں میں محفوظ ہونے والی حرارت ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی۔ 2026ء کے دوران شدید موسمی واقعات کے باعث ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ لاکھوں کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے۔ یورپ میں شدید گرمی‘ خشک سالی اور جنگلات کی آگ کے نتیجے میں 30 ہزار سے زائد اضافی اموات کا تخمینہ لگایا گیا۔ دوسری جانب چین میں 'باوی طوفان‘ کے باعث تقریباً 30 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔ تاہم یہ سمجھنا درست نہیں کہ ہر سیلاب یا طوفان موسمیاتی تبدیلی ہی کا نتیجہ ہوتا ہے۔ کسی بھی انفرادی موسمیاتی واقعے کو موسمیاتی تبدیلی سے جوڑنے کے لیے سائنسی تحقیق اور ٹھوس شواہد ضروری ہوتے ہیں۔
پاکستان کے لیے بھی یہ صورتِ حال خاصی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے اثرات ملک میں شدید گرمی کی شدت‘ پانی کی دستیابی‘ زرعی پیداوار اور سیلاب کے خطرات کو متاثر کر سکتے ہیں۔ اب سب سے اہم سوال یہ ہے کہ دنیا کے بڑے صنعتی ممالک گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں واقعی کمی لانے کے لیے کیا عملی اقدامات کریں گے؟ چین نے 2035ء تک اپنے اخراج کو بلند ترین سطح کے مقابلے میں سات سے دس فیصد تک کم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے‘ لیکن عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج مسلسل بڑھ رہا ہے۔ 1970ء میں دنیا تقریباً 23 ارب ٹن گرین ہاؤس گیسیں خارج کرتی تھی جبکہ 2025ء میں یہ مقدار بڑھ کر 54 ارب ٹن سے تجاوز کر گئی۔ گویا صرف 55 برسوں میں عالمی اخراج دو گنا سے بھی زیادہ ہو چکا ہے۔ اب دنیا کے سامنے دو ہی راستے ہیں: صاف توانائی کا فروغ‘ آلودگی میں کمی اور مؤثر موسمیاتی اقدامات یا پھر بڑھتے ہوئے ماحولیاتی خطرات کا سامنا۔امیر ملکوں کی ترقی کا بوجھ پسماندہ ممالک کے عوام کب تک چکائیں گے؟ اور مستقبل میں یہ اونٹ کس کروٹ بیٹھے گایہ طے کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments