تخت، تختہ اور نیا نقشہ

کہانی ایک ایسے مکان کی ہے جس میں برسوں سے چار خاندان آباد تھے۔ مکان کی بنیادیں کمزور ہو چکی تھیں‘ چھت جگہ جگہ سے ٹپکتی تھی اور دیواروں میں دراڑیں بڑھ رہی تھیں۔ مکان کی مرمت کیلئے جب بھی کوئی تجویز سامنے آتی تو چاروں خاندان اپنے کمروں کے دفاع میں کھڑے ہو جاتے۔ موجودہ نقشے پر کسی کو اعتراض نہ تھا مگر اسے بدلنے کی بات سب کو ناگوار گزرتی تھی۔ پھر ایک روز مکان کی مرمت کرنے والوں نے فیصلہ کیا کہ اب رنگ و روغن سے کام نہیں چلے گا‘ مکان کی اندرونی ساخت بدلنا ہوگی۔ خاندانوں کے سربراہوں نے مزاحمت کی۔ شاید انہیں اندازہ نہیں تھا کہ نئے نقشے کے مطابق مکان کی تعمیر ناگزیر ہو چکی ہے۔
نئے صوبوں کا معاملہ اب محض انتظامی تقسیم نہیں بلکہ اقتدار کے مستقبل کا سوال بن چکا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے رویوں اور طاقت کے مراکز کی سرگرمیوں سے محسوس ہوتا ہے کہ پانی سر سے گزرنے کو ہے۔ جن موضوعات پر چند ماہ پہلے بند کمروں میں بھی احتیاط سے بات ہوتی تھی آج سرعام زیرِ بحث ہیں۔ بعض کردار پتے ظاہر کر چکے ہیں‘ کچھ نے ابھی مٹھی بند رکھی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں اب دوہی راستے ہیں‘ نئے صوبوں کے ذریعے بندوبست بدلے یا پہلے بندوبست تبدیل ہو اور بعد میں نئے صوبے وجود میں آئیں۔ کوشش پہلے راستے کی ہے مگر دوسرا آپشن بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اسلام آباد کے بعض کمروں میں ان دنوں خاصی رونق ہے۔ غیر اعلانیہ کمیٹیاں مختلف سطحوں پر کام کر رہی ہیں۔ کہیں نئے انتظامی نقشے‘ کہیں آئینی معاملات اور کہیں مستقبل کے وفاقی بندوبست پر غور ہو رہا ہے۔ راقم الحروف کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق مارچ 2027ء کی اہمیت بدستور برقرار ہے۔ گزشتہ کالم میں بھی اس کا ذکر ہو چکا ہے۔ آئندہ سال مارچ میں سینیٹ کی نصف نشستوں کی مدت پوری ہونے سے پیدا ہونے والی صورتحال معمولی نہیں۔ نئے صوبوں کے قیام کے بعد ایوانِ بالا کی ساخت‘ صوبائی نمائندگی اور انتخابی طریقۂ کار سمیت کئی معاملات نئے سرے سے طے کرنا پڑ سکتے ہیں۔ مگر سیاسی جماعتیں اپنی گھڑیاں درست کرنے میں مصروف ہیں۔ کسی کو اپنی سیاسی سلطنت اور کسی کو اقتدار کی بنیادوں کے مستقبل کی فکر ہے۔ وہ ایک کشتی میں سوار ہیں مگر منزلیں الگ الگ ہیں۔ ایک کو خدشہ ہے کہ کشتی کا رخ بدلا تو اس کا ساحل چھوٹ جائے گا‘ دوسرے کو اندیشہ ہے کہ نئے مسافر سوار ہوئے تو مانجھی بھی بدل سکتا ہے۔ اصل کپتان کی واپسی کے اشارے بھی دیے جارہے ہیں۔ اتحادی حکومتوں کا المیہ ہے کہ اتحادی ایک دوسرے کے بغیر حکومت نہیں بنا سکتے اور ساتھ رہ کر اطمینان سے چلا بھی نہیں سکتے۔ مسلم لیگ (ن) کی خاموشی معمولی نہیں۔ پارٹی کے اندر بہت کچھ زیرِ بحث ہے اور مرکزی قیادت کے اہم اجلاس کا امکان بھی ہے۔ نواز شریف کی خاموشی کو لاعلمی سمجھنے والے ماضی میں غلطی کر چکے ہیں۔ وہ اقتدار کے موسموں کو اچھی طرح جانتے اور پہچانتے ہیں ۔بہتر جانتے ہیں کہ اسلام آباد میں ہوا کا رخ کب بدلتا ہے۔ ممکن ہے مناسب وقت کے منتظر ہوں مگر سوال یہ ہے کہ کیا وقت بھی ان کے انتظار میں ہے یا اس بار بھی انہی کا ساتھ دے گا؟دوسری نسل کے اقتدار کے مستقبل کے حوالے سے بھی امکانات زیرِ گردش ہیں۔ بعض حلقوں میں انہیں پارٹی کی اہم ذمہ داری دینے اور مستقبل میں وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار بنانے کی تجاویز زیرِ بحث ہیں۔ مسلم لیگ (ن) میں ایسے لوگ بھی ہیں جو سمجھتے ہیں کہ مستقبل کی قیادت کا فیصلہ خاندانی خواہشات کے مطابق نہیں ہونا چاہیے۔ فی الحال یہ تجاویز ہیں فیصلے نہیں؛ البتہ اقتدار کی سیاست میں تجاویز اور فیصلوں کے درمیان بعض اوقات فاصلہ ایک رات ہی کا ہوتا ہے۔ مولانا فضل الرحمن کیلئے بھی موسم سازگار نہیں رہا۔ وہ طویل عرصے تک ملکی سیاست کی اُس چابی کی مانند رہے جس سے حکومتوں کے تالے کھلتے اور بند ہوتے تھے‘ مگر اب انہیں احساس ہو رہا ہے کہ بعض تالے تبدیل کیے جا رہے ہیں۔ دوسری طرف تحریک انصاف کوسمجھنا ہوگا کہ زیرِ بحث نقشے میں شاید اس کی پوزیشن بھی بدل جائے۔ جبکہ نئے صوبوں کے مخالف سیاستدانوں کو سوچنا چاہیے کہ وہ صوبوں کا دفاع کر رہے ہیں یا اپنی سیاسی جاگیروں کا؟ عوام کو دہلیز پر انصاف‘ تعلیم‘ صحت اور روزگار چاہیے‘ انہیں اس سے سروکار نہیں کہ ان کے وزیراعلیٰ کا دفتر کس شہر میں ہے‘ انہیں غرض ہے تو اس بات سے کہ ان کے مسائل حل کہاں ہوتے ہیں۔ نئے صوبے وفاق کو کمزور کرنے کے بجائے مضبوط کر سکتے ہیں۔
پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سب سے خوفناک لفظ اقتدار ہے۔ یہ ملتا ہے تو یقین دلاتا ہے کہ کبھی نہیں جائے گا‘ اور جاتا ہے تو صاحبِ اقتدار کو سامان سمیٹنے کی مہلت نہیں دیتا۔ 1977ء میں ذوالفقار علی بھٹو اور سیاسی مخالفین مذاکرات کر رہے تھے‘ سمجھوتے کی امید تھی اور حکمرانوں کو گمان تھا کہ معاملات قابو میں ہیں۔ پھر ایک رات آئی۔ صبح اخباروں کی سرخیاں‘ ریڈیو کی آواز اور ملک کا سیاسی کیلنڈر‘ تبدیل ہو چکا تھا۔ تاریخ ہمیشہ خود کو نہیں دہراتی‘ کبھی کردار بدل کر لوٹتی ہے۔ میں نہیں کہہ رہا کہ خود کو دہرانے والی ہے‘ صرف یاد دلا رہا ہوں کہ تاریخ کو حافظے میں رکھنا چاہیے۔ خصوصاً جب سیاسی اختلافات بڑھ رہے ہوں‘ طاقت کے مراکز اور سیاسی قیادت کی ترجیحات مختلف ہوں اور نئے بندوبست کیلئے غیر معمولی عجلت دکھائی دے رہی ہو۔ سیاستدانوں کے پاس اب بھی وقت ہے کہ نئے صوبوں سمیت بنیادی معاملات پر آئینی راستہ اختیار کرکے اتفاقِ رائے پیدا کریں۔ اگر سیاسی قیادت ضروری تبدیلیوں کا راستہ خود نہیں نکالے گی تو تاریخ بتاتی ہے کہ خلا زیادہ دیر باقی نہیں رہ سکتا۔ اسلام آباد میں لوگ مستقبل کے عہدوں کا حساب لگا ئے بیٹھے ہیں۔ کوئی ایوانِ صدر‘ کوئی وزیراعظم ہاؤس کو دیکھ رہا ہے۔ کوئی وزارتِ اعلیٰ بچانا چاہتا ہے اور کوئی نئے صوبے کی حکمرانی کا تاج پہننے کا خواب دیکھتا ہے۔ انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ مکان خالی کرانے کا مطالبہ آ جائے تو کمروں کی تقسیم پر جھگڑنے کا فائدہ نہیں ہوتا۔ موجودہ حالات میں اختلافات نمایاں ہیں۔ اپنے ہی لوگوں کی جانب سے اہم شخصیات کے خلاف بیان بازی کی جارہی ہے اور پریس کانفرنسوں میں نظام پر تنقید ہو رہی ہے۔ ایسے میں ہائبرڈ نظام کا چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
نئے سیاسی نقشے کے انتظار میں شاید افسر شاہی کا کیلنڈر بھی رک گیا ہے۔ وفاقی افسران کی گریڈ 22 میں ترقیوں کیلئے ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ اور دیگر ترقیوں کیلئے سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس رواں سال فروری میں متوقع تھا۔ فروری گزر گیا‘ اب تو نومبر بھی گزرنے کو ہے مگر اجلاس نہیں ہو ا۔ کئی افسران ریٹائرمنٹ کی دہلیز تک پہنچ گئے جبکہ کئی ترقی کے منتظر اور جونیئر عہدوں پر ہیں۔ پی ڈی ایم دور میں بھی بورڈ کا اجلاس تاخیر سے ہوا تھا جبکہ گزشتہ اجلاس میں متعدد افسران کو ترقی نہ ملنے پر تنازع کھڑا ہوا۔ سوال یہ ہے کہ اب کس نئے تنازع کی تیاری ہے؟ سندھ سے تعلق رکھنے والے بعض افسران کے ناموں پر اختلاف ہے یا نئے نام سروس میں شامل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے؟ وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ایک اصول پسند افسر ہیں‘ پنجاب سمیت متعدد اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں ‘ہمیشہ میرٹ پر فوکس کیا‘ یقیناً معاملات کو میرٹ پر آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہوں گے ‘ ہو سکتا ہے رکاوٹ کہیں اور ہو۔ بورڈ کی تشکیل میں شامل سیاسی شخصیات کے اختلافات ہوں یا وفاقی حکومت کی ترجیحات‘ بند کمرے سے متعلق کئی نظریات گردش کر رہے ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ کا اجلاس فروری 2027ء جبکہ سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس مارچ کے دوسرے ہفتے میں ہو سکتا ہے۔ اتفاق دیکھیے کہ یہاں بھی فروری اور مارچ اہم ہیں۔ کیا افسران کی ترقیوں کیلئے بھی نئے سیاسی و انتظامی نقشے کا انتظار ہے؟

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...