جب ہم مصنوعی ذہانت سے یہ سوال پوچھتے ہیں کہ معاشروں میں عدم مساوات کیوں پیدا ہوتی ہے؟ تو چند ہی لمحوں میں سکرین پر ایک جواب نمودار ہوتا ہے۔ دلائل سے مزین‘ لہجہ متوازن اور کہیں شک کی گنجائش دکھائی نہیں دیتی۔ کیا ہم نے سوچا کہ اس لمحے ہمیں کون پڑھا رہا ہوتا ہے؟ سوال بظاہر سادہ ہے لیکن اس کا جواب ہمارے لیے اہم ہے۔ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز ہماری درسگاہوں‘ گھر کے کام اور امتحانات تک اس تیزی سے پہنچے ہیں کہ تعلیمی اداروں کو ان کے کردار پر غور کرنے کی مہلت بھی کم ہی ملی۔ عام تاثر یہ ہے کہ یہ تبدیلی ناگزیر ہے‘ ٹیکنالوجی غیر جانبدار ہے اور نظامِ تعلیم کو خود کو اس کے مطابق ڈھال لینا چاہیے۔ میرے نزدیک اصل سوال یہ ہے کہ تعلیم میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کا اختیار کس کے پاس ہے‘ اس کی شرائط کون طے کرتا ہے اور اس سے کیا مقصد حاصل کرنا چاہتا ہے؟ مصنوعی ذہانت کے کچھ فائدے واضح ہیں۔ یہ طالبعلم کی ضرورت کے مطابق سیکھنے میں مدد دے سکتی ہے‘ اس کے کام پر فوری رائے دے سکتی ہے اور کمرۂ جماعت سے باہر بھی تعلیم تک رسائی بڑھا سکتی ہے۔ سیکھنے کی مخصوص ضروریات رکھنے والے بعض طلبہ کو اس سے واقعی فائدہ ہوا ہے۔ کچھ لوگ ٹیکنالوجی کو ایک غیر جانبدار آلہ سمجھتے ہیں جبکہ کچھ اسے ایسی خودمختار قوت تصور کرتے ہیں جس کے آگے انسان بے بس ہے۔ ٹیکنالوجی کی ساخت میں اسے بنانے اور اس پر سرمایہ لگانے والوں کے مفادات شامل ہوتے ہیں۔ چونکہ اسے انسان بناتے ہیں‘ اس لیے انسان اس پر سوال بھی اٹھا سکتے ہیں اور اسے ازسرنو بنا بھی سکتے ہیں۔
برازیلی ماہرِ تعلیم پاؤلو فریرے (Paulo Freire) نے تعلیم کے بارے میں بھی ایسی ہی بات کہی تھی۔ تعلیم انسان کو موجودہ دنیا کے مطابق ڈھال سکتی ہے یا اسے دنیا کو سمجھنے اور بدلنے کے قابل بنا سکتی ہے۔ تعلیم میں استعمال ہونے والے آلات پر بھی یہی بات صادق آتی ہے۔ کسی نظام کی افادیت جانچتے ہوئے یہ پوچھنا بھی ضروری ہے کہ فیصلے کون کرتا ہے‘ فائدہ کسے ہوتا ہے اور کون محروم رہ جاتا ہے۔ ہم عموماً اختیار کو حکم دینے اور حکم ماننے کے تعلق میں دیکھتے ہیں۔ ماہرِ عمرانیات لوکس (Lukes) نے دکھایا کہ اختیار اس سے کہیں زیادہ باریک طریقوں سے کام کرتا ہے۔ اس کی ایک صورت یہ ہے کہ کوئی طے کرے کہ سکول کون سا پلیٹ فارم استعمال کرے گا۔ وہ یہ بھی طے کرے کہ کون سے سوال زیرِ بحث آئیں گے‘ مثلاً پلیٹ فارم کے انتخاب پر گفتگو ہوتی ہے مگر یہ سوال کم ہی اٹھتا ہے کہ اسے طلبہ کی ذاتی معلومات جمع کرنے کا حق کیوں دیا جائے۔ اختیار کی سب سے گہری صورت ہماری توقعات اور پسند کو تشکیل دیتی ہے۔ جب طلبہ فوری جواب‘ مسلسل نگرانی اور کامیابی کو چند قابلِ پیمائش چیزوں تک محدود کرنا معمول سمجھنے لگیں تو انہیں اس نظام پر آمادہ کرنے کیلئے کسی حکم کی ضرورت نہیں رہتی۔
میرے خیال میں تعلیم میں الگورتھم کا سب سے گہرا اثر یہیں ظاہر ہوتا ہے۔ آن لائن تعلیم میں نگرانی کا مسئلہ کورونا کی وبا کے دوران نمایاں ہوا۔ سکول بند ہوئے تو حکومتوں نے عجلت میں آن لائن تعلیمی پروگرام تجویز کیے۔ بعد میں ہیومن رائٹس واچ کی تحقیق سے معلوم ہوا کہ ان میں سے کئی پروگرامز بچوں کی سرگرمیوں پر ان کی رضامندی کے بغیر نظر رکھتے تھے۔ بعض بچوں کی معلومات اشتہاری کمپنیوں تک بھی پہنچاتے تھے۔ ایسے میں بہت سے بچوں کیلئے نگرانی سے بچنے کا مطلب سکول کی پڑھائی سے محروم ہونا تھا۔ یہ نظام سیکھنے کو ایک ہی پیمانے پر جانچنے کا رجحان بھی بڑھاتے ہیں۔ کسی مشق کی تکمیل‘ جواب دینے کی رفتار اور درست جواب آسانی سے ریکارڈ کیے جا سکتے ہیں مگر اچھا سوال اٹھانا‘ کسی جواب پر معقول شک کرنا‘ تخلیقی سوچ اور اخلاقی فیصلہ اتنی آسانی سے نہیں پرکھے جا سکتے۔
رفتہ رفتہ جن صلاحیتوں کی پیمائش مشکل ہو‘ ان کی قدر بھی گھٹنے لگتی ہے۔ عدم مساوات کا پہلو پاکستان میں خاص طور پر اہم ہے۔ جو بچے سکول سے باہر ہیں ان کیلئے بنیادی سوال سکول تک رسائی کا ہے۔ لڑکیوں کو اس محرومی کا زیادہ سامنا ہے۔ ڈیجیٹل دنیا میں بھی سب کو یکساں رسائی میسر نہیں۔ کسی دوسرے کا فون استعمال کرنے کی سہولت اکثر اس کی اجازت سے مشروط ہوتی ہے۔ ایسے حالات میں مصنوعی ذہانت کو تعلیمی پالیسی کی اولین ترجیح بنانے سے فائدہ انہی تک زیادہ پہنچ سکتا ہے جن کے پاس پہلے ہی انٹرنیٹ اور متعلقہ آلات ہیں۔ خدشہ ہے کہ صاحبِ استطاعت بچوں کے حصے میں استاد کی توجہ آئے اور باقیوں کی تعلیم مشین کے سپرد ہو جائے۔ وہ نظام جو غیر متوازن معلومات پر تربیت پاتے ہیں‘ پہلے سے موجود تعصبات کو دہرا سکتے ہیں۔ تاہم سب سے بڑا خطرہ طالبعلم کے سیکھنے کے انداز کو ہے۔ فریرے نے اسے تعلیم کا بینکاری تصور (Banking Concept of Education) کہا تھا۔ اس تصور میں استاد طالبعلم کے ذہن میں علم جمع کرا دیتا ہے اور طالبعلم اسے یاد کر کے دہرا دیتا ہے۔ مصنوعی ذہانت اس طریقے کو اور بھی مؤثر بنا سکتی ہے۔ جواب فوراً مل جاتا ہے اور سوال سے الجھنے‘ مکالمہ کرنے یا اپنے خیال پر نظرِثانی کرنے کی ضرورت کم ہو جاتی ہے۔ مشین کا جواب جتنا رواں ہو اسے بلا چون وچرا قبول کرنا اتنا ہی آسان ہو سکتا ہے۔ فریرے کے نزدیک طالبعلم کا اختیار اس صلاحیت میں ہے کہ وہ خود نظام کو سمجھے‘ اس پر سوال اٹھائے اور اسے بدلنے کیلئے عمل کرے۔ غور وفکر اور عمل کا یہی رشتہ ان کے تصورِ تعلیم کی بنیاد ہے۔ مصنوعی ذہانت کے نظام انسانوں نے مخصوص مقاصد کیلئے بنائے ہیں۔ ہم ان مقاصد کو پرکھ سکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر ان کو بدل بھی سکتے ہیں۔ یہ اختیار پیدا کرنے کیلئے تعلیمی اداروں کو طلبہ اور اساتذہ کو وقت‘ آزادی اور فیصلوں میں جگہ دینا ہو گی۔ طلبہ کو سمجھنا چاہیے کہ الگورتھم کیسے کام کرتے ہیں‘ کن کے مفادات کی خدمت کرتے ہیں اور ان کے جواب کیسے پرکھے جا سکتے ہیں۔ اساتذہ کی پیشہ ورانہ رائے پر بھروسہ کیا جائے اور تربیت کے ذریعے اسے تقویت دی جائے۔
تعلیمی پلیٹ فارم خریدنے کے فیصلوں میں واضح ہونا چاہیے کہ طلبہ کی کون سی معلومات جمع ہوں گی اور کیسے استعمال ہوں گی۔ ان فیصلوں میں سروس فراہم کرنے والی کمپنی کے مفاد پر مفادِ عامہ کو فوقیت ملنی چاہیے۔ یونیسکو کے اٹھائے ہوئے سوال کو سامنے رکھیں تو بات یہ ہے کہ کمرہِ جماعت میں ٹیکنالوجی کن کی شرائط پر داخل ہو گی۔ اس فیصلے میں طلبہ اور اساتذہ دونوں کی آواز ہونی چاہیے۔
اب ہم کالم کے آغاز میں پوچھے گئے سوال کی طرف لوٹتے ہیں کہ جب ہم مصنوعی ذہانت سے کوئی جواب حاصل کرتے ہیں تو ہمیں کون پڑھا رہا ہوتا ہے؟ اس کا جواب اتنا سادہ نہیں! اگر ہم سکرین پر نمودار ہونے والا جواب جوں کا توں قبول کر لیتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ مشین ہمیں پڑھا رہی ہے لیکن اگر ہم یہ سوال اٹھاتے ہیں کہ کہ جواب کہاں سے آیا‘ اس میں کیا کمی رہ گئی اور یہ کس کا نقطۂ نظر پیش کرتا ہے‘ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ تعلیم کی باگ ڈور ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے۔ مشین ہمارے لیے علم کے کئی ذرائع میں سے ایک ذریعہ بن گئی ہے۔ مصنوعی ذہانت کے زمانے میں تعلیم کو انسانی ہاتھوں میں رکھنے کا مطلب یہی ہے کہ طالب علم سوال اٹھا سکے‘ استاد اپنی پیشہ ورانہ رائے استعمال کر سکے اور معاشرہ جمہوری طریقے سے طے کرے کہ یہ آلات کیسے استعمال ہوں گے۔ اگر ہم طالب علموں کو مشین سے سوال کرنا نہیں سکھائیں گے تو مشین انہیں سکھا دے گی کہ وہ کبھی سوال نہ کریں اور ہر دیے گئے جواب کو بلا سوچے سمجھے تسلیم کر لیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments