کتنے عرصے سے سیاسی میدان پر جمود طاری تھا اور اب یکدم ایک مزیدار قسم کی ہلچل پیدا ہو رہی ہے۔ اس کی وجہ پی ٹی آئی نہیں‘ جس کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے ہیں بلکہ 47 والے جو کہ حکومتوں میں براجمان ہیں‘ آپس میں دست وگریباں ہو رہے ہیں۔ قلمدانِ داخلہ رانا ثنا اللہ پر اور رانا صاحب ہیں کہ ادھار چھوڑتے نہیں۔ ایک ان کی زبان میں کاٹ ہے اور دوسری مولانا فضل الرحمن کی ادائیگی میں۔ دونوں سے جو اُلجھے گھاٹے میں رہے۔ جو کچھ رانا ثنا اللہ کے بارے میں کہا گیا اُس کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے حساب کچھ زیادہ ہی برابر کر دیا۔
دعویِٰ پارسائی یہ تھا کہ رجیم چینج کے بعد ملک میں سیاسی استحکام آ گیا ہے۔ اور سیاسی استحکام کی وجہ سے معیشت کو پَر لگنے والے ہیں۔ پَر تو نہیں لگے اور استحکامِ سیاست کے بھانڈے کے ساتھ جو بیچ چوراہے ہو رہا ہے وہ منظر قوم کے سامنے ہے۔ نظام کو استحکام ایسا نصیب ہوا ہے کہ صوبوں سے تکرار کی وجہ سے ایک جھٹکا لگا نہیں اور حکومتی اتحاد کے مختلف جزو ایک دوسرے کے میلے کپڑے عوامی دھوبی گھاٹ پر دھونے لگے ہیں۔ یہ برسرعام تُوتکار معمولی بات نہیں کیونکہ وزیر داخلہ مقتدرہ کے خاص الخاص سمجھے جاتے ہیں اور رانا ثنا اللہ (ن) لیگ کے سرخیل ہیں‘ وزیراعظم کے قریب‘ میاں نواز شریف کے معتمد اور حکومتِ پنجاب کے بھی بہت قریب۔ یعنی یہ دو حضرات اس کیفیت میں ہوں تو بات ان کی ذات تک نہیں رہتی بلکہ سمجھا یہی جائے گا کہ معاملہ محض دو ذاتوں سے کہیں بڑا ہے۔ اوپر سے بلاول بھٹو بہت ہی آگے نکل گئے ہیں۔ یہ بات کہنا کہ ذاتی رنجشیں بھلا کر ملکی مفاد کا سوچنا چاہیے‘ طاقتور ایوانوں میں اچھی تو نہ لگی ہو گی۔ پھر عمران خان کو سیاسی قیدی کہنا یہ تو حساسیت کو مزید بڑھانے کے مترادف ہے۔ رہی سہی کسر مولانا فضل الرحمن پوری کر رہے ہیں اور جوابی کیفیت دیکھیے کہ سوائے سی ڈی اے اسلام آباد کی طرف سے چھوٹی موٹی تجاوزات کے بارے میں نوٹس اس سے زیادہ اونچے ایوان کچھ کر نہیں پا رہے۔ غصہ ہوگا‘ دانت بھی پیسے جا رہے ہوں گے لیکن مولانا ہیں کہ دکھتی رگوں پر انگلی رکھے جا رہے ہیں اور آگے سے بے بسی کا عالم۔
ایوانانِ اقتدار کا مسئلہ تو نظر آ رہا ہے۔ عمران خان اور پی ٹی آئی کو دبانا اس لحاظ سے آسان تھا کہ اس عمل کے پیچھے سیاسی اور انتظامی اتفاقِ رائے تھا۔ سب اس بات پر متفق تھے کہ اس جماعت کو سبق سکھانا ہے۔ لیکن جب حکومتی اتحاد میں تضادات کھل کر سامنے آ رہے ہیں اور زبانیں بھی قدرے آزاد اور لمبی ہو رہی ہیں تو سب کی سب ناپسندیدہ آوازوں کو بیک وقت کیسے چپ کرایا جائے۔ اڈیالہ میں ایک ہی بڑے قیدی کی جگہ ہے۔ حکومتی اتحاد میں سے جو باغیانہ آوازیں اُٹھ رہی ہیں ان کا کیا کیا جائے؟ پی ٹی آئی والا فارمولا تو ان پر نافذ نہیں ہو سکتا۔ بفرضِ محال ایسا ہو تو حکومتی اتحاد کا کیا بنے گا؟ پیچیدگیاں بڑھیں گی۔ مولانا بھی کچے پر پیر رکھنے والے نہیں۔ بول اتنا رہے ہیں اس خیال سے کہ اُن پر ہاتھ رکھا نہیں جا سکتا۔
رانا ثنا اللہ کی یہ بات اپنی جگہ وزن رکھتی ہے کہ صوبوں والا مسئلہ کچھ مِس ہینڈل ہوا ہے۔ اتنا حساس اور سنگین مسئلہ ایسے پیش کیا گیا جیسے بازار میں سے کسی کھلونے کو اٹھا کر لائے ہیں اور سامعین کے سامنے رکھ دیا ہے۔ جنہوں نے اس مسئلے سے متاثر ہونا ہے اُن سے بات تو کی ہوتی‘ صائب رائے طلب کی جاتی۔ یعنی پورے آئینی ڈھانچے کی اکھاڑ پچھاڑ آپ کرنا چاہتے ہیں اور ہوم ورک اور تیاری اُس کیلئے کچھ بھی نہیں۔ شاید چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم کی مثالیں ذہن میں تھیں کہ وہ آسانی سے ہو گئیں تو یہ مسئلہ بھی اُسی آسانی سے حل ہو جائے گا۔ اُن دو ترامیم سے (ن) لیگ‘ پیپلز پارٹی اور حضرت مولانا کو کچھ خاص فرق نہیں پڑتا تھا۔ عدالتوں کا جو حشر ہو سیاسی جماعتیں جو اقتدار کے مزے لوٹ رہی ہوں اُنہیں اُس سے کیا سروکار۔ مولانا اقتدار میں نہیں ہیں لیکن اقتدار کی ہواؤں کے ساتھ چل تو رہے تھے۔ اور اُنہیں رُو رعایت اور سکیورٹی وغیرہ کی سہولیات میسر ہو رہی تھیں۔ یہ صوبوں والی بات یکسر مختلف ہے۔ پنجاب کی وحدت پر ٹوکا چلے تو (ن) لیگ کی بادشاہت متاثر ہوتی ہے۔ تقسیمِ سندھ سے پیپلز پارٹی کی سیاست ختم ہو جاتی ہے۔ اس لیے ردِعمل سخت اور بے چینی سے بھرپور آ رہا ہے۔ اب تو صاف ظاہر ہے کہ ان تمام پہلوؤں کا صحیح اندازہ نہیں لگایا جا سکا۔ پہلے ایک ڈھنڈورا پیٹا گیا اور پھر اس سیمینار میں اس تجویز کو اُچھال دیا گیا۔ رانا ثنا اللہ کے اعتراض میں وزن ہے کہ معاملے کو ٹھیک طرح ہینڈل نہیں کیا گیا۔
ہماری اپنی تاریخ بتاتی ہے کہ طاقتور حلقے جتنے بھی طاقتور ہوں انہیں سیاسی حمایت کی ضرورت پڑتی ہے۔ گورنر جنرل غلام محمد سے لے کر ضیا الحق اور مشرف تک طاقتور حلقوں نے بساطِ سیاست پر شطرنج کا کھیل کھیلا تو سیاسی مہرے ہی دوسرے سیاسی مہروں کے خلاف استعمال میں لائے جاتے۔ اسکندر مرزا کے زیر اثر ریپبلکن پارٹی‘ ایوب خان کی کنونشن لیگ‘ ضیا الحق کے زمانے کی مسلم لیگ‘ مشرف کے زمانے کی (ق) لیگ‘ یہ درخشاں مثالیں ہیں اس عمل اور کیفیت کی۔ رجیم چینج کے پیچھے کون تھا‘ ہم جانتے ہیں لیکن عمران خان کو ہٹانے کیلئے مہرے تو استعمال ہوئے۔ وہی مہرے جو 2024ء کے الیکشن میں فارم 47کے فیض یاب ٹھہرے اور اس بنا پر حکومتی عہدوں سے نوازے گئے۔ آج جب صوبوں کے مسئلے نے ایک سیاسی پنڈورا باکس کھول دیا ہے اور 47والے ہی مختلف بولیاں بولنے لگے ہیں تو ان کے ساتھ وہ تو نہیں کیا جا سکتا جو پی ٹی آئی کے ساتھ ہوا۔ یعنی صدارتی نظام اورصوبوں کی ڈاؤن سائزنگ کی خواہش کہیں دامنوں میں رکھی بھی ہو تو مسئلے کی نزاکت کو صحیح طور پر سمجھا نہیں گیا۔ جہاں مربوط سیاسی تیاری کی ضرورت تھی وہاں سمجھا یہ گیا کہ جیسے چھبیسویں اور ستائیسویں ترامیم کو جھٹکے سے منظور کرا لیا گیا اب بھی جھٹکے سے کام چل جائے گا۔ میچور سوچ کے بجائے جیسے انڈر 19 میچ کھیلا جاتا ہے اس قسم کا طریقہ یہاں اپنایا گیا جس کی وجہ سے حکومتی اتحاد نے اپنے لیے مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔
اب صورتحال ایسی دکھائی دیتی ہے کہ طاقتور حلقوں کو پی ٹی آئی کی ضرورت ہے۔ اپنے اتحادی یعنی رجیم چینج والے اتحادی اقتدار کی مہربانیاں بھول کر مختلف آوازیں نکال رہے ہیں۔ صوبوں کے مسئلے پر حمایت نہ پیپلز پارٹی کی طرف سے آنی ہے نہ (ن) لیگ کی طر ف سے۔ راکٹ سائنس نہیں ہے صاف نظر آنے والی بات ہے کہ پی ٹی آئی رہ جاتی ہے۔ زیادہ کچھ نہ کریں‘ اڈیالہ کی سختیوں کو تو ذرا کم ہونا چاہیے۔ میل ملاقات کے مواقع مہیا کیے جائیں تاکہ پابندِ سلاسل لیڈر ساتھیوں سے کچھ مشورہ تو کر سکے۔ اس ضمن میں یہ کہنا بھی ضروری ہے کہ کوٹ لکھپت کے قیدیوں کے ساتھ بہت ہو چکی ہے۔ یاسمین راشد‘ شاہ محمود قریشی اور دیگر جو وہاں بند ہیں ایک دم رہا نہ بھی ہوں ملاقاتوں کے سلسلے میں تو اُنہیں آنا چاہیے۔ بات ایسے بنتی نہیں کہ سختی جاری رہے اور اچھائی کی توقع بھی کی جائے۔ بلاول نے بہت اچھی بات کی ہے کہ رنجشیں اب بھلائیں اور آگے کی سوچیں۔ ذاتی حساب کتاب ہو گیا‘ اب سوچ کی وسعتوں کو تھوڑا بڑھانے کی ضرورت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments