پی آئی اے‘ ریلوے نظام اور سٹیل مل نالائقی کی بڑی مثالیں ہیں۔ لیکن چھوٹے کاموں میں بھی نالائقی نمایاں ہوتی ہے۔ چیف منسٹر نے تو فنڈز دینے ہوتے ہیں اور اس دور میں رقیب بھی مانیں گے کہ مختلف منصوبوں کیلئے چھوٹے شہروں کو پیسے آئے ہیں۔ لیکن آگے کام کروانے والے ضلعی اور میونسپل لیول کے ہرکارے ہوتے ہیں۔ اُن میں قابلیت پائی جائے اور ایمان کی رَتی بھی ہو پھر تو کیا کہنے‘ لیکن یہی دو چیزیں ہماری دھرتی سے کہیں یوں سمجھئے گُم ہو چکی ہیں۔ قابلیت نام کی چیز الہ دین کے چراغ سے نہ ملے اور ایمان کی رَتی کی بات کرنا آج کل کے ماحول میں سب سے فضول کام ہے۔ بدبخت چھپڑ بازار چکوال کی تزئین و آرائش کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے بھاری رقم‘ کہیں تیس کروڑ سے زیادہ‘ مختص ہوئی۔ اور یہاں کے ضلعی افلاطونوں نے وہ حشر کیا ہے کہ تاریخی چھپڑ بازار کا کاروبار اور غریبوں کا روزگار بُری طرح متاثر ہوا ہے۔ چیف منسٹر نے پیسے دینے تھے دے دیے‘ خدا کے بندوں کسی ڈھنگ سے تو لگانے تھے۔
چھپڑ بازار کے آغازمیں اچھا بھلا اینٹوں کا ایک خوبصورت دروازہ جسے بابِ چکوال کہتے تھے‘ لگا ہوا تھا۔ یہاں کے مقامی تاجر قاضی محمد اکبر مرحوم نے اپنی جیب سے جنرل مشرف کے دور میں اس اونچے دروازے کی تعمیر کروائی تھی۔ سی ایم صاحبہ کے فنڈز آئے اور یہاں کے سقراطوں نے پہلا کام یہ کیا کہ اُس دروازے پر ہتھوڑے چلا دیے۔ اب دیکھیں کروڑوں کے خرچے میں اُس دروازے کی جگہ جو بدنما ڈھانچہ کھڑا کیاگیا ہے‘ بالکل پانی کی ٹینکی یہ ڈھانچہ لگتا ہے۔ کسی نے تو ڈیزائن کیا ہوگا۔ لایا جائے اُسے سامنے اور تمغۂ امتیاز سول سے نوازا جائے۔ پڑنے تو اُسے لِتر چاہئیں لیکن یہاں ایسا کہاں ہونا ہے۔ ملحقہ میونسپل کمیٹی ایلیمنٹری سکول کی تزئین بہت خوبصورت انداز سے ہوئی ہے‘ یہ ماننا پڑے گا۔ لیکن سکول سے ملحقہ جو محکمہ اوقاف کی جگہ پر تقریباً چودہ دکانیں تھیں اُن کو مسمار کرکے ایک خواہ مخواہ کی خلا پیدا کر دی گئی ہے جو آنکھوں کو اچھی نہیں لگتی۔ کسی میں تھوڑی سی عقل ہو تو اُسی جگہ پر کسی اچھے آرکیٹیکٹ سے نقشہ بنوا کر 16‘ 18 خوبصورت قسم کی دکانیں بن سکتی ہیں۔ یقین بھی ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ جب کوئی تھوڑا سا شعور رکھنے والا آیا تو یہ جگہ پُر ہو جائے گی اور چھپڑ بازار کا آغاز اچھا لگنے لگے گا۔
ضلعی افسروں کا ایک مسئلہ ہوتا ہے۔ امتحان انہوں نے پاس کئے ہوتے ہیں لیکن ان کی حرکات سے گمان اُٹھتا ہے کہ رٹی ہوئی کتابوں کے علاوہ ان کی جانکاری نہایت ہی محدود ہے۔ اب تو گوگل کی سہولت موجود ہے۔ دیکھ لیں تہران کا سرِپوشیدہ بازار کیسا ہے‘ استنبول کے قدیمی بازار کیسے ہیں۔ لیکن ہر چیز سے نابلد بے مقصد کام کرانا یہاں کی افسر شاہی کی نشانی بن گئی ہے۔ چیف منسٹر نے چکوال 17 نومبر کو آنا تھا۔ پتا نہیں آتی ہیں یا نہیں۔ لیکن لاہور سے کوئی بندہ آ جائے‘ نیشنل کالج آف آرٹس سے کسی کو بلا لیں‘ کہ وہ آ کے دیکھے کہ پرانے چھپڑ بازار کے ساتھ انہوں نے کیا کیا ہے۔ لوہے کے ایسے بڑے جنگلے چھپڑ بازار میں دونوں اطراف لگا دیے ہیں کہ بدنما تو لگتے ہی ہیں‘ دکانوں کا فرنٹ انہوں نے مار دیا ہے۔ کوئی پوچھے تو سہی ان جنگلوں کا مقصد کیا ہے۔ کیا آپ تہران یا استنبول کا بازار بنا رہے ہیں؟ کوئی ایک مصرف ہونا چاہیے۔ انکوائری افسر کوئی آئے اور بتا دے کہ اس عظیم کارنامے سے حاصل کیا ہوا ہے۔ کوئی یہ بھی ان سے پوچھ لے کہ وہ جو پرانا بابِ چکوال تھا وہ کون سی تکلیف پہنچا رہا تھا کہ اُسے مسمار کرنا ضروری ٹھہرا۔ چیف منسٹر نے فنڈ مہیا کئے‘ اُنہوں نے تو اپنا فرض نبھا دیا۔ آگے ہرکاروں کے سر پر تو نہیں بیٹھا جا سکتا کہ دیکھا جائے کہ کام کس قاعدے سے ہو رہا ہے۔ چھوٹی رقم ہو پھر تو کوئی بات نہیں لیکن 30‘ 35 کروڑ روپے ایک درمیانی قسم کے بازار کیلئے بہت بڑی رقم سمجھنی چاہیے۔ چکوال کی تاریخ میں اتنی بڑی رقم کسی منصوبے کیلئے نہیں آئی۔ لیکن ان لوہے کے جنگلوں کا دیدار تو ہو کہ ہمارے ضلعی کارندوں کی جمالیاتی حِس کا کچھ اندازہ ہو۔
چھپڑ بازار میں کوئی موٹر سائیکل یا رکشہ داخل نہیں ہو سکتا۔ میری نظر میں یہ اچھی بات ہے لیکن دکاندار اعتراض کرتے ہیں کہ دیہاتی قسم کا شہر ہے‘ اس پابندی سے چھپڑ بازار میں آمدو رفت کم ہو گئی ہے جس سے دکانداری متاثر ہوئی ہے۔ دیہاتوں سے زیادہ تر لوگ موٹر سائیکلوں پر آتے ہیں۔ بازار کے اندر موٹر سائیکل نہیں جا سکتا تو موٹر سائیکلوں کو کھڑا کہاں کریں۔ ساتھ تلہ گنگ روڈ پر کھڑا کریں تو موٹر سائیکل چوروں کی چاندی ہو جائے۔ چھپڑ بازار کے مین گیٹ کے سامنے موٹر سائیکل کھڑے کر دیے جاتے تھے۔ اب وہاں نوٹس چسپاں ہے کہ موٹر سائیکل کھڑا کرنے کی صورت میں 3000 کاجرمانہ ہوگا۔ مصنوعی ذہانت کا کون سا ڈیٹا سنٹر چکوال میں لگے کہ ہمارے ضلعی ہرکاروں میں کچھ عقل آئے۔ چکوال ہے اور چکوال کا چھپڑ بازار‘ اس کے ساتھ موٹر سائیکل کھڑے نہیں ہو سکتے تو ڈی سی یا ایس پی ہاؤس میں کھڑے کئے جائیں؟ ہدایت ان لوگوں کو آئے پر معلوم نہیں کہاں سے۔
ایک پیرا فورس بنی ہے جس نے دکانداروں اور ٹھیہ بانوں کی زندگی حرام کی ہوئی تھی۔ گاڑیوں پر شام کو نکلتے اور برے طریقے سے لوگوں پر چڑھائی کرتے۔ شاید ایک عدد تبادلہ ہوا ہے تو پیرا فورس کی من مانیاں کم ہوئی ہیں۔ ریڑھیوںکو رنگ روغن کرنا اور بازاروں میں کچھ نظم و ضبط لے آنا اچھی بات ہے لیکن حکمرانی کا یہ مطلب نہیں کہ ڈنڈا ہی پھِرتا اور چلتا رہے۔ عوام کے چولہے جلیں‘ کچھ کمائی ہو سکے‘ دیہاڑی داروں کا بھی کچھ گزارا ہو۔ سنگاپور یا ہانگ کانگ تو پاکستان بنا نہیں۔ قصبوں اور شہروں میں بڑی پسماندگی ہے۔ آبادی کا بہت بڑا حصہ ہے جو زمین پر سودا سلف لگا کر گزارہ کرتا ہے۔ ڈسپلن ضرور قائم ہو‘ عمارتوں کی آرائش ہو اچھی بات ہے‘ لیکن غریبوں کی زندگی اجیرن نہ بنائی جائے۔
الائیڈ پارک میں چہل قدمی کرتے ہوئے ایک مقامی صحافی نے بتایا کہ چیف منسٹر کے وزٹ کے حوالے سے تین کروڑ نوے لاکھ کی رقم اسی پارک کی ریپئر اور مینٹیننس کیلئے جاری کی گئی۔ گھاس بڑا ہو گیا ہوا تھا وہ کاٹا گیا۔ پرانے بینچوں جن کا اچھا بھلا سبز رنگ تھا اُن پر پیلا اور لال قسم کا بے ہودہ رنگ کر دیا گیا۔ درمیان میں چلنے کا راستہ جو پہلے ہی آس پاس کی زمین سے اونچائی پر تھا کو مزید اونچا کیا گیا۔ اب بے ڈھنگا ہو گیا ہے اور چلنے میں بھی مشکل پیش آتی ہے۔ جھولے پہلے بھی تھے لیکن مجھے بتایا گیا کہ ایک دو نئے جھولے بھی لگے ہیں۔ پارک کے اختتام پر معرکۂ حق کرکٹ اَرینا بنا دیا گیا ہے جس میں لائٹیں لگی ہیں اور اردگرد اونچی نیٹس نصب کی گئی ہیں۔ یوں سمجھئے چار کروڑ اسی نیک کام پر خرچ ہو گئے۔
اچھا بھلا سول کلب تھا جو انگریزوں کے دور میں بنا۔ وکلا اور پروفیسر صاحبان شام کو وہاں بیٹھ جایا کرتے تھے۔ کلب والوں نے سڑک کی طرف دکانیں بنا ڈالیں جو میری دانست میں نہیں بننی چاہئیں تھیں۔ کلب کو کلب ہی رہنا چاہیے۔ لیکن ضلعی انتظامیہ نے فوڈ سٹریٹ کا نعرہ لگا کر دکانیں مسمار کر دیں۔ چھ ماہ سے زائد عرصہ تک وہ ملبہ وہیں پڑا رہا۔ چیف منسٹر کے وزٹ کا اعلان ہوا تو ملبے کو ہٹانا شروع کیا۔ اب کچھ ٹائلیں آ گئی ہیں۔ درختوں پر سختی ہمارے قومی مزاج کا حصہ ہے۔ یہاں بھی کچھ درخت کاٹے گئے اور اس بارے کیس ہائیکورٹ میں چل رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments