"AYA" (space) message & send to 7575

پنجاب سرکار کی چکوال آمد

صدر ٹرمپ کی کیا سکیورٹی ہو گی۔ چکوال آمد کے موقع پر ڈویژن پولیس نے یہاں تو ہونا ہی تھا لیکن راولپنڈی ڈویژن پہ اکتفا نہ کیا گیا اور فیصل آباد تک سے پولیس دستے چکوال کی رونق بڑھانے آئے۔ میرے پرانے گھر کی بالکونی سڑک پر ہے اور کوئی محرم کا جلوس ہو یا کسی کی آمد تو بالکونی پہ ایک دو پولیس والوں کو تعینات کر دیا جاتا ہے۔ پنجاب حکومت کی آمد کے دن اطلاع ملی کہ کوئی لیڈی کانسٹیبلان آئی ہوئی ہیں جنہوں نے ہماری بالکونی پہ ڈیوٹی دینی ہے۔ اُنہیں بلا لیا‘ نوجوان بچیاں پریشانی کے عالم میں سیڑھیاں چڑھیں۔ کرسیاں وغیرہ اُن کیلئے نکالی گئیں۔ بچیاں تھیں تو ظاہر ہے چائے پانی کا کچھ کرنا تھا۔ پوچھنے پہ پتا چلا کہ فیصل آباد سے رات گئے سفر کرتی آئی ہیں اور صبح کہیں چکوال پہنچیں۔ فیصل آباد کی مہربانی دیکھیے کہ 55لیڈی کانسٹیبلان اور لگ بھگ ڈیڑھ دو سو کی دیگر نفری وہاں سے آئی۔ حکمرانی ہو تو ایسی۔ اور یار دوست پنجاب کے جہاز پر اعتراض کرتے ہیں۔ جو ٹھاٹھ اب مزاجِ پنجاب بن چکی ہے اس میں ایسا ہی جہاز جچتا ہے۔ حاسد تو اعتراض کرتے ہی رہیں گے۔
انتظامیہ کو ہاتھ پیر لگے ہوئے تھے۔ جس راستے سے گزر تھا اس کی خوب صفائی ہوئی۔ دو ہیلی پیڈ تیار ہونے تھے‘ پنڈی روڈ والے ہیلی پیڈ پر جانے والی مین سڑک کا حال کچھ خستہ تھا‘ راتوں رات تقریباً کلو میٹر سڑک پر نئی کارپیٹنگ کی گئی۔ تلہ گنگ روڈ جہاں سے گزر ہونی تھی اس کو پینافلیکسوں سے بھر دیا گیا۔ تمام انتظام سرکاری یعنی پیسہ سرکار کا۔ استقبال پر کتنا مال لگا کہنا مشکل ہے کیونکہ کوئی ڈاکومنٹ سامنے نہیں۔ لیکن لمبا ہی لگا۔ کچھ عرصہ پہلے بھی چکوال تشریف آوری ہوئی تھی۔ اس موقعے پر سٹیج سے ڈی سی کا نام پکارا گیا کہ میرے سیکرٹریٹ میں کام کرتی تھیں اور میں نے پھر چکوال کیلئے سلیکٹ کیا۔ یعنی ستائش ہوئی تو ڈی سی کی‘ کسی (ن) لیگی ایم این اے یا ایم پی اے کا نام نہ لیا گیا۔ چہرے پھر لٹکنے ہی تھے اور ایسا ہی ہوا۔ اس بار بھی سٹیج پر آئیں تو سارہ حیات کا پھر نام پکارا گیا۔ یہاں ہیں؟ ڈی سی جب سٹیج پر آ کر ساتھ کھڑی ہوئیں تو سی ایم صاحبہ نے پھر تعریف کے پل باندھ دیے کہ یہ میری سٹار ڈی سیز میں سے ہیں۔ ایک ایم این اے اور ایک ایم پی اے سامنے بیٹھے تھے۔ کوئی سٹیج پر آنے کی دعوت نہیں‘ کوئی نام نہ پکارا گیا۔ کسی فوٹوگرافر نے کمال کی پِک بنائی‘ چہرے ایسے لٹکے ہوئے کہ شاکر شجاع آبادی یاد آ جاتے ہیں۔
تو شاکر آپ سیانا ایں
ساڈا چہرا پڑھ حالات نہ پچھ
ڈی سی ماننا پڑے گا بڑی ہونہار ہیں۔ پینا فلیکس لگانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی گئی۔ اور جس راستے چھپڑ بازارکی تزئین آرائش کا کام دیکھنے آنا تھا اس پر گلاب کی پتیاں اتنی پھینکی گئیں کہ زمین پر کم از کم پانچ چھ انچ کی تہہ بن گئی۔ خیال ہے کئی ٹرک گلاب کی پتیوں کے منگوائے گئے ہوں گے‘ سارے سرکاری خرچے پر۔ ہمارے لیے کوئی اتنا کرے تو سٹار ڈی سی کے لقب پر اکتفا نہ کریں‘ سیدھا مِس یونیورس کا تاج پہنا دیں۔ پنجاب میں بظاہر حکمران جماعت (ن) لیگ ہے لیکن پنجاب میں کام چلایا جا رہا ہے انتظامیہ سے اور پیچھے ہاتھ ہے کرم فرماؤں کا۔ اس لیے حکمرانی میں ٹھاٹھ ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ لیکن اس سارے منظرنامے میں ممبرانِ اسمبلی کی حیثیت واجبی سی لگتی ہے۔
کیوں نہ لگے؟ دنیا جانتی ہے یہ حضرات کہاں سے آئے ہیں‘ ان کو جتوانے کیلئے کون سے پاپڑ بیلے گئے۔ ایسے میں چہروں پہ اعتماد کہاں سے آئے اور انہیں کوئی سمجھے بھی کیا۔ لہٰذا جو سی ایم پنجاب کا رویہ ان شرفا کے ساتھ ہے حالات کے پیش نظر یہی رویہ درست لگتا ہے۔ پھر یہ بھی سب کو پتا ہے کہ جو اعلیٰ عہدوں پر فائض ہیں وہ کون سی مہربانیوں کی وجہ سے اُن عہدوں پر براجمان ہیں۔ پنجاب ہو یا کوئی اور صوبہ ایم پی ایز حضرات نے کسی کو سی ایم بنایا ہو تو انہیں کوئی پوچھے۔ جب چناؤ کے طریقے ہی اور ہوں تو پھر انہیں گھاس کون ڈالے۔ یہی حال وزارتِ عظمیٰ کا ہے۔ محترم وزیراعظم کی توانائیاں زیادہ تر بیرونی دوروں پر صرف ہوتی ہیں اور بیرونی دورے ہی ان کا پسندیدہ مشغلہ لگتا ہے۔ کبھی ایم این ایز سے ملنا ہو تو مجبوری اور اکتاہٹ کے تاثر خاصے نمایاں ہوتے ہیں۔
یہ جو آج کل ملک میں ایک سیاسی بحران کی کیفیت محسوس ہوتی ہے اس کی جڑیں بھی سنتالیس کے کرشمات سے جا ملتی ہیں۔ جب محسن نقوی کہتے ہیں کہ سسٹم کولیپس ہو گیا ہے تو ان کا اشارہ کسی اور کی طرف نہیں وفاقی حکومت‘ پنجاب حکومت اور سندھ حکومت کی طرف ہوتا ہے۔ ان حکومتوں کو قائم کرنے اور کھڑا رکھنے والے کوئی اور لیکن چمک اور پالش ساری ان کی۔ پیچھے سے سہارا نہ ہوتا تو یہ حکومتیں بنتیں کیسے‘ اقتدار ان کے ہاتھ میں کیسے آتا۔ مہربانی کسی اور کی اور حکومت کے مزے ان کے۔
نئے نظام کی باتیں کرنے والوں کا مدعا یہی ہے کہ عیاشی بہت ہو چکی‘ اب اپنی اصل کو لوٹیں اور جو طاقت کا اصل سرچشمہ ہے اسی کے حصے میں حکمرانی کی نمائش آنی چاہیے۔ یعنی اصلی اور نمائشی میں جو فرق ہے وہ ختم ہو اور جہاں کی لاٹھی ہے وہیں کی حکمرانی ہو۔ صوبوں والا تو ایک نعرہ ہے‘ اصلی اور نمائشی کے فرق کو ختم کرنے کا ایک ذریعہ۔ سامنے یہ فارمولا ہے پیچھے وہ مدعا ہے جس کا اوپر بیان ہو چکا۔ اضطراب کی وجہ یہی ہے ۔ پیپلز پارٹی کو ڈر ہے کہ سندھ‘ جو اُن کی حکمرانی کی بنیاد ہے‘ ان کے ہاتھوں سے جائے گا۔ (ن) لیگ کو یہ ڈر ہے کہ پنجاب کسی تقسیم کے مرحلے سے گزرا تو ان کی حکمرانی جو چار پانچ دہائیوں پر محیط ہے بری طرح متاثر ہو گی۔ اور ایک دفعہ گئی تو شاید پھر سے لوٹ کے نہ آئے ۔ دونوں پارٹیوں کو یہ وہم بھی گھیرے ہوئے ہے کہ ہمارے سے ہاتھ دھوتے دھوتے پی ٹی آئی کی طرف کوئی قدم نہ اُٹھ جائے۔ ڈراؤنے خواب سے کم ایسا تصور نہیں۔
پنجاب پر حکومت کرنے والے پُراعتماد چہرہ دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دوروں پر لیپ ٹاپ تقسیم ہوتے ہیں۔ چکوال میں پھر سے ہوئے۔ سبز الیکٹرک بسوں کا ایک نیا حربہ ہے‘ تاثر ابھارنے کی کوشش کہ یہ ترقی کی علامت ہے۔ بازار میں آٹے کی قیمت کہاں پہنچ چکی ہے۔ تنور والے تنگ ہیں کہ سرکاری ریٹ پر روٹی تیار نہیں ہو سکتی۔ گندم درآمد کرنے کی سکیمیں بنائی جا رہی ہیں۔ مطلب یہ کہ پنجاب میں کوئی ڈھنگ کی گندم پالیسی مرتب نہ ہو سکی جس کی وجہ سے گندم کی فصل کم رہی۔ کسان نے ضرورت کی گندم تو بیجی لیکن کیونکہ ریٹ کم تھا تو زیادہ گندم کی فصل کاشت کرنے میں دلچسپی نہ رہی۔ آپ نے سبز بسیں چلا دیں۔ ان سے چولہا نہیں جلتا لیکن سواری تو اچھی ہے۔
پچھلے دور میں‘ یعنی رجیم چینج سے پہلے‘ کسان کا حال اچھا تھا۔ زرعی شعبے کی آمدنی بڑھ رہی تھی۔ کسان نسبتاً خوشحال تھا۔ پر جانیں دیں ایسی باتوں کو‘ لوگ برا منا جاتے ہیں۔ بہرحال تمام ٹھاٹھ کے باوجود دربارِ پنجاب میں ایک کھٹکا سا لگا ہوا ہے کہ یہ سسٹم کولیپس کی باتیں ویسے ہی نہیں ہو رہیں۔ اندھیروں میں کچھ پک رہا ہے۔ میاں نواز شریف کو دیکھیں‘ بالکل چپ ہیں‘ ایک لفظ کا تبصرہ بھی نہیں کیا۔ لیگی ترجمان کہتے ہیں ہماری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ خطرہ نہیں تو وضاحتیں کیوں؟ کھٹکے کی یہ بات بھی ہے کہ وزارتِ داخلہ اور پنجاب حکومت کی آپس میں بنتی نہیں۔ اس سے نتیجہ آپ خود اخذ کر لیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...