"MSC" (space) message & send to 7575

سپیکر حافظ الدین کی بھیگی آنکھیں

بنگلہ دیش کے دو وفد اس وقت پاکستان کے دورے پر ہیں‘ پارلیمانی وفد کی قیادت پارلیمنٹ کے 82سالہ سپیکر حافظ الدین احمد کر رہے ہیں تو تیرہ رکنی میڈیا وفد کے کوآرڈینیٹر جیون احمد ہیں جو ایک نجی ٹی وی چینل ''این ٹی وی‘‘ کے سفارتی نامہ نگار ہیں۔ پارلیمانی وفد آٹھ افراد پر مشتمل ہے جس میں سپیکر سمیت چھ ارکانِ پارلیمنٹ اور دو سرکاری افسر شامل ہیں۔ سپیکر حافظ الدین احمد واحد شخص ہیں جنہوں نے 1971ء کے سانحے کو نہ صرف اپنی آنکھوں سے دیکھا بلکہ اس میں بڑا کردار بھی ادا کیا۔ وہ پاکستانی فوج میں کپتان تھے۔ 1967-68ء میں کاکول کی ملٹری اکیڈمی میں تربیت حاصل کی اور بعدازاں فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ میں کمیشنڈ افسر کے طور پر خدمات کا آغاز کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے 1965ء میں ڈھاکہ یونیورسٹی سے ایم اے سیاسیات کی ڈگری بھی حاصل کی تھی۔ عام طور پر کمیشن حاصل کرنے کیلئے انٹرمیڈیٹ پاس نوجوان درخواست دیتے ہیں لیکن انہوں نے سیاسیات میں ایم اے کرنے کے بعد فوج میں شامل ہونے کا ارادہ کیا اور ٹیسٹ میں کامیاب ہو کر کاکول پہنچے۔ انہیں فٹ بال کھیلنے کا بھی شوق تھا اور وہ کاکول میں داخلے سے پہلے پاکستان کی قومی ٹیم میںشامل ہو چکے تھے۔ مارچ 1971ء میں وہ جیسور میں تعینات تھے کہ علمِ بغاوت بلند کیا اور مکنی باہنی کا حصہ بن گئے۔ میجر ضیا الرحمن اس سے پہلے بنگلہ دیش کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے اپنی جدوجہد کا آغاز کر چکے تھے۔ کہا جا سکتا ہے کہ انہوں نے ان کی آواز پر لبیک کہا‘ یہی میجر ضیا الرحمن جنرل کے عہدے تک پہنچے‘ بنگلہ دیشی فوج کی قیادت کی اور شیخ مجیب الرحمن کی حکومت کے خاتمے کے بعد صدارت کے منصب پر فائز ہوئے۔ انہی کے بیٹے طارق رحمن آج بنگلہ دیش کے وزیراعظم ہیں۔ جنرل ضیا الرحمن نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی بنیاد رکھی تھی‘ ان کی شہادت کے بعد ان کی بیوی خالدہ ضیا نے اس کی قیادت سنبھالی۔ بنگلہ دیش کی وزیراعظم بنیں‘ حسینہ واجد کی حکومت کے دوران انہیں طویل عرصہ جیل میں گزارنا پڑا‘ کچھ ہی عرصے پہلے وہ دنیا سے رخصت ہوئی ہیں۔ ان کے بیٹے طارق رحمن جو طویل عرصہ ''جلا وطن‘‘ رہے‘ اب پارٹی اور ملک کی قیادت سنبھالے ہوئے ہیں۔ عوامی لیگ کی بھارت نوازی کے برعکس بی این پی مسلم قومیت کی علمبردار ہے اور اسے ایک حد تک آل انڈیا مسلم لیگ کی وارث قرار دیا جا سکتا ہے۔ جنرل ضیا الرحمن نے اپنے اقتدار میں بنگلہ دیش کا مسلم تشخص نمایاں کیا‘ انہی کی پیش قدمی کے باعث جنوبی ایشیا تعاون تنظیم ''سارک‘‘ کی بنیاد رکھی گئی‘ اس کا افتتاحی اجلاس ڈھاکہ میں منعقد ہوا تھا۔ اس وقت پاکستان میں جنرل ضیا الحق کی حکومت تھی۔ طے ہوا تھا کہ اس تنظیم میں دوطرفہ تنازعات زیر بحث نہیں آئیں گے‘ اس کا نتیجہ تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان معاشی اور ثقافتی تعاون کے راستے کشادہ ہونے لگے اور خطے کے دوسرے ممالک نے بھی آپسی تعلقات کو گہرا کیا۔ ان دنوں سارک پارلیمنٹ کے قیام کی تجویز بھی بڑی شدت سے زیر بحث تھی۔ سیاست‘ صنعت و تجارت اور میڈیا سے تعلق رکھنے والوں کیلئے سفری سہولتیں فراہم کی جا رہی تھیں تاکہ وہ آزادانہ ایک دوسرے ملک میں آ اور جا سکیں۔ لیکن پھر وہ ہوا جو نہیں ہونا چاہیے تھا۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی نے سارک کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ بنگلہ دیش میں حسینہ واجد وزیراعظم بنیں تو وہ بھارت کا حلقہ بگوش بن کر رہ گیا‘ اس کا وہ آزادانہ کردار جو جنرل ضیا الرحمن کے پیش نظر تھا‘ دھندلاتا چلا گیا۔ تاریخ میں پہلی بار بنگلہ دیشی سپیکر حافظ الدین احمد پاکستان آئے ہیں‘ تو جنرل ضیا الرحمن سے جڑی یادیں تازہ ہو گئی ہیں۔حافظ الدین احمد نے اسلام آباد میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے برملا کہا کہ بھارت نے بنگلہ دیش تحریک میں جو کردار ادا کیا‘ وہ بنگلہ دیشیوں سے کسی محبت کی وجہ سے نہیں بلکہ پاکستان کی مخاصمت اور مخالفت میں کیا تھا‘ مقصد پاکستان کو کمزور کرنا تھا‘ بنگلہ دیشیوں کو توانا کرنا نہیں تھا۔ حافظ الدین احمد نے کاکول کی ملٹری اکیڈمی کا دورہ کیا‘ پرانے رفقا کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر ان سے ملے‘ فٹ بال کے پرانے کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی۔ پنجاب اسمبلی کے روشن دماغ سپیکر ملک محمد احمد خان نے اسمبلی کے سبزہ زار پر ان کے وفد کے اعزاز میں پُرشکوہ عشائیے کا اہتمام کیا تو میرا تعارف بھی اُن سے کرایا۔ ان کے ساتھ گروپ فوٹو میں بھی شرکت کی‘ معزز مہمان نے بنگلہ دیش آنے کی دعوت بھی دی۔ 54 سال بعد ایک بار پھر وہ سب کچھ زندہ ہو گیا تھا‘ جسے بھلا دینے بلکہ دفن کر دینے کی حریفوں نے بھرپور کوشش کی تھی۔
وفد میں ہمام قادر چودھری بھی شامل تھے‘ جو متحدہ پاکستان کے دبنگ سپیکر فضل القادر چودھری کے پوتے ہیں۔ ہمام کے والد صلاح الدین قادر چودھری 1971ء کے سانحے کے دوران پاکستان میں تھے‘ اس کے باوجود ان کے خلاف نام نہاد مقدمہ چلایا گیا اور انہیں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ وہ اس واردات سے پہلے کئی بار پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہو چکے تھے۔ بی این پی کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔ 45سالہ بیرسٹر نجیب الرحمن جن کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے‘ بھی اس وفد کا حصہ تھے۔ وہ جماعت کے سابق امیر مطیع الرحمن نظامی کے فرزندِ ارجمند ہیں۔ برطانیہ کی کوئین میری یونیورسٹی سے بینکاری اور مالیاتی قانون میں پی ایچ ڈی کی۔ وہ اسلامی معاشیات اور بین الاقوامی قانون کے ماہر کے طور پر نمایاں ہیں۔ مطیع الرحمن نظامی اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ تھے‘ اس کے بعد جماعت اسلامی میں شامل ہوئے۔ اس کی امارت کی ذمہ داری بھی سنبھالی۔ مطیع الرحمن نظامی نے متحدہ پاکستان کو برقرار رکھنے کیلئے بھرپور کوشش کی۔ وہ خالدہ ضیا کابینہ میں وزیر بھی رہے لیکن حسینہ واجد نے ان کے خون سے بھی ہاتھ رنگے۔ نجیب الرحمن اچھرہ میں جماعت اسلامی کے بانی مفکر اسلام سید ابو الامودودیؒ کے مرقد پر حاضر ہوئے‘ ان کی فاتحہ خوانی کی تصویر عام ہوئی‘ تو یوں لگا تاریخ کئی برس پیچھے لوٹ گئی ہے ؎
توحید کی امانت سینوں میں ہے ہمارے
آساں نہیں مٹانا نام و نشان ہمارا
آج جماعت اسلامی بنگلہ دیش کی ایک بڑی سیاسی حقیقت ہے۔ پارلیمنٹ میں اس کے ارکان کی تعداد 77ہے۔ ایوان میں حزبِ اختلاف کے قائد ڈاکٹر شفیق الرحمن ہیں‘ جو جماعت کے امیر بھی ہیں۔ پارلیمانی وفد تو اتوار کو ڈھاکہ روانہ ہو جائے گا لیکن میڈیا وفد مزید چند روز ٹھہرے گا۔ اپنی بھتیجی ثوبیہ رضا شامی کے شوہر سید عثمان علی کی اچانک وفات کی وجہ سے اسلام آباد جانا پڑا۔ وہ ایک ممتاز بینکار تھے‘ بھلے چنگے‘ پتلے دبلے‘ مستعد اور چوکس‘ گھر سے نکلے ہی تھے کہ دل کا دورہ پڑا‘ ہسپتال جاتے جاتے دم توڑ گئے۔ رہے نام اللہ کا۔ یہ حادثہ ایسا تھا کہ جس نے دل کو جکڑ لیا‘ معمول کی دھڑکن بحال نہیں ہو پا رہی۔ پارلیمانی وفد سے تبادلۂ خیال کا کوئی موقع مل سکا‘ نہ میڈیا بھائیوں سے ملاقات ممکن ہو سکی۔
سپیکر حافظ الدین احمد کو بنگلہ دیش تحریک میں دادِ شجاعت دینے پر اعلیٰ قومی اعزاز سے نوازا گیا تھا لیکن ان کی بھیگی آنکھیں پیغام دے رہی تھیں کہ طاقت کا بے جا استعمال اپنوں کو بھی غیر بنا دیتا ہے جبکہ محبت کی نظر غیروںکو اپنا بنا لیتی ہے۔ اہلِ پاکستان کو یہ پیغام اچھی طرح سن لینا چاہیے۔
(یہ کالم روزنامہ ''پاکستان‘‘ اور روزنامہ ''دنیا‘‘ میں بیک وقت شائع ہوتا ہے)

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...