"RS" (space) message & send to 7575

علمی سفارتکاری

جدید دنیا میں ریاستوں کی ترقی اور سفارتکاری کا محور علم‘ ٹیکنالوجی اور اقتصادی تعاون بن چکا ہے۔ جو ممالک اپنی جامعات‘ تحقیقی اداروں اور پالیسی سازی کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں ناکام رہتے ہیں وہ عالمی مسابقت کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ عالمی طاقت کے توازن میں آنے والی تبدیلیوں‘ نئے علاقائی بلاکس کی تشکیل اور سپلائی چینز کی ازسرنو ترتیب نے ترقی پذیر ممالک کو اپنی خارجہ اور ترقیاتی ترجیحات پر نئے سرے سے غور کرنے پر مجبور کر دیا ہے جہاں اب محض روایتی سکیورٹی معاہدے یا رسمی بیانات کافی نہیں رہے۔ پاکستان کے معاشی اور انتظامی منظرنامے میں آج یہی سوال سب سے نمایاں ہے کہ پائیدار استحکام اور ادارہ جاتی اصلاحات کیلئے عالمی شراکت داری کو ٹھوس علمی و تکنیکی استعداد میں کیسے بدلا جائے۔ اس تناظر میں جب ہم خطے کی ابھرتی ہوئی معاشی اور سائنسی طاقتوں کے ساتھ روابط کا جائزہ لیتے ہیں تو چین کے ساتھ تعاون کا معاملہ ایک نئے زاویے سے سامنے آتا ہے‘ جہاں اصل توجہ روایتی گرمجوشی کے بجائے مشترکہ تحقیق‘ تکنیکی تبادلوں اور انسانی وسائل کی ترقی سے عملی استفادے پر مرکوز کیے بغیر پائیدار نتائج ممکن نہیں۔
اسلام آباد میں چینی سفارتخانے‘ وزارتِ خارجہ سے وابستہ انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اور چائنا انسٹیٹیوٹس آف کنٹیمپریری انٹرنیشنل ریلیشنز کے تعاون سے 19سے 24نومبر تک چین کے دورے اور پانچویں پاکستان چین تھنک ٹینک فورم میں شرکت نے اس بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی حرکیات کو قریب سے سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔ تاہم جب تک ان نشستوں میں زیر بحث آنے والی سفارشات کو پالیسی پیپرز‘ بجٹ کی ترجیحات اور عملی منصوبوں کی شکل نہیں دی جاتی تب تک تھنک ٹینک فورمز کی افادیت ایک دائرے میں گھومتی محسوس ہوتی ہے۔ بیجنگ سے چنگ ڈاؤ تک مختلف علمی‘ تحقیقی اور پالیسی ساز اداروں کیساتھ ملاقاتوں کے دوران ایک بات نمایاں رہی کہ خطے کی ابھرتی ہوئی حقیقتوں کے پیش نظر روایتی سفارتی تعلقات سے آگے بڑھ کر علمی اور ادارہ جاتی تعاون کو وسعت دینے کی خواہش موجود ہے۔ تاہم سوال یہ ہے کہ پاکستان اس خواہش کو عملی مواقع میں تبدیل کرنے کیلئے کس حد تک تیار ہے؟ اگر ہمارے تعلیمی اور پالیسی اداروں میں مستقل مزاجی‘ تحقیقی معیار اور بین الادارہ جاتی ہم آہنگی کی کمی رہی تو باہر سے ملنے والے مواقع بھی بکھر جائیں گے۔
بیجنگ میں چائنا انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل سٹڈیز اور چائنا انسٹیٹیوٹس آف کنٹیمپریری انٹرنیشنل ریلیشنز کے ماہرین کیساتھ تبادلہ خیال میں بدلتے ہوئے عالمی نظام‘ علاقائی سلامتی‘ اقتصادی تعاون اور بین الاقوامی تعلقات کے مختلف پہلو زیر بحث آئے۔ عالمی طاقت کے توازن میں آنیوالی تبدیلیوں نے تمام ممالک کے تھنک ٹینکس پر یہ ذمہ داری عائد کر دی ہے کہ وہ محض روایتی بیانیوں کو دہرانے کے بجائے شواہد پر مبنی پالیسی سازی میں کردار ادا کریں۔ چنگ ڈاؤ میں شان ڈونگ یونیورسٹی کے شنگھائی تعاون تنظیم کے تحقیقی مرکز اور جنوبی ایشیائی مطالعات کے مرکز کے ساتھ علمی نشستیں خصوصی اہمیت کی حامل تھیں۔ جدید عالمی معیشت میں وہی ممالک آگے بڑھ رہے ہیں جنہوں نے اپنی جامعات کو قومی ضروریات‘ اقتصادی منصوبہ بندی اور خارجہ پالیسی سے مربوط کیا ہے۔ تاہم یہ موازنہ کرتے وقت ہمیں مختلف نظاموں کے فرق اور پسِ منظر کو بھی سمجھنا ہو گا کیونکہ جہاں مضبوط ریاستی منصوبہ بندی اور طویل المدتی اہداف کا مربوط ڈھانچہ موجود ہو وہاں نتائج مختلف ہوتے ہیں جبکہ پاکستان میں جامعات اکثر مالی قلت‘ انتظامی مسائل اور نصابی و تحقیقی ترجیحات کے عدم توازن سے دوچار رہتی ہیں۔ پاکستان میں ذہانت اور صلاحیت کی کمی نہیں‘ اصل مسئلہ تحقیق اور عملی ضروریات کے درمیان بڑھتا ہوا فاصلہ ہے۔ ہماری جامعات میں ہونے والی تحقیق کا کتنا حصہ قومی پالیسی سازی‘ صنعتی ترقی اور معاشی اصلاحات میں استعمال ہوتا ہے‘ اس سوال پر سنجیدہ غور کرنے کی ضرورت ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں تعلیمی ترقی کا پیمانہ اکثر ڈگریوں یا شائع شدہ مقالات کی تعداد تک محدود رہتا ہے جبکہ صنعت‘ زراعت‘ توانائی اور عوامی پالیسی کے مسائل کے حل کیلئے قابلِ عمل تحقیق کو وہ مقام نہیں مل پاتا جس کی معیشت کو ضرورت ہے۔ جب تک صنعت اور جامعات کے درمیان مضبوط ربط قائم نہیں ہوتا‘ تب تک سائنسی اور سماجی تحقیق کا فائدہ محدود رہے گا۔
چنگ ڈاؤ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی اقتصادی و تجارتی تعاون کے خصوصی عملی مرکز (اسکوڈا) کا دورہ بھی اسی تناظر میں اہم تھا۔ دنیا میں علاقائی بلاکس اور تجارتی راہداریوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے پیشِ نظر پاکستان اس پلیٹ فارم کو اپنی برآمدات‘ صنعتی شراکت داری اور وسطی ایشیائی منڈیوں تک رسائی کیلئے مؤثر انداز میں استعمال کر سکتا ہے۔ تاہم کسی بھی علاقائی یا تجارتی پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھانے کیلئے محض رکنیت یا خیرسگالی کافی نہیں ہوتی بلکہ اس کیلئے برآمدی مصنوعات کے معیار‘ پیداواری لاگت‘ لاجسٹکس‘ ریگولیٹری سہولت اور کاروباری اعتماد جیسے بنیادی عوامل کو درست کرنا پڑتا ہے۔ ایک صحافی کی حیثیت سے بیجنگ کی کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا کا دورہ میرے لیے خصوصی دلچسپی کا باعث تھا۔ مصنوعی ذہانت‘ ڈیجیٹل میڈیا‘ جدید صحافتی تعلیم اور بین الاقوامی ابلاغ کے شعبوں میں عالمی سطح پر تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں اور اس میدان میں تعلیمی و تکنیکی تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ٹولز سے استفادہ یقینا آج کے دور کا تقاضا ہے لیکن ابلاغ کے شعبے میں کسی بھی بین الاقوامی تعاون کو اس تناظر میں بھی دیکھنا ہو گا کہ مختلف ملکوں کے میڈیا ماڈلز‘ ریگولیٹری ماحول اور پیشہ ورانہ روایات میں واضح فرق موجود ہوتا ہے۔ اس لیے ایسے تعاون کو پیشہ ورانہ مہارت‘ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور باہمی سیکھنے تک محدود رکھنا زیادہ موزوں ہے تاکہ کسی بھی طرح کی یک رخی یا غیر متوازن تصویر کشی سے بچا جا سکے۔ پاکستانی میڈیا کو جدید ٹیکنالوجی‘ ڈیجیٹل تحقیق‘ ڈیٹا جرنلزم اور بدلتے ہوئے عالمی ابلاغی نظام سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہے۔ جامعات اور صحافتی اداروں کے درمیان مشترکہ تربیتی پروگرام‘ طلبہ اور صحافیوں کے تبادلے اور تحقیقی منصوبے اس سمت میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں بشرطیکہ ایسے تعاون میں صحافتی آزادی‘ تحقیق کی غیرجانبداری اور معلومات کی ساکھ کو بنیادی اہمیت حاصل رہے۔بیجنگ میں عالمی امور پر تحقیق کرنیوالے معروف تھنک ٹینک 'سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن‘ کے ماہرین اور محققین کیساتھ ملاقات نے بھی عالمی معیشت‘ سپلائی چینز اور علمی روابط کے نئے امکانات کو اجاگر کیا۔ ایسے اداروں کیساتھ مکالمہ تجارتی رجحانات اور عالمی اقتصادی صف بندیوں کو سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے‘ بشرطیکہ ہم اپنے معاشی مفادات‘ ادائیگیوں کے توازن‘ قرضوں کی پائیداری اور مقامی صنعت کے تحفظ جیسے حساس پہلوؤں کو بھی سامنے رکھیں۔ اس دورے میں ایک مشترکہ پہلو نمایاں رہا کہ علاقائی اور علمی سطح پر تعاون کے دروازے کھلے ہیں لیکن اب ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی ادارے بھی واضح ترجیحات‘ قابلِ عمل منصوبوں اور طویل المدتی حکمت عملی کیساتھ آگے بڑھیں۔ حقیقت یہ ہے کہ محض وفود کے تبادلوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے انبار سے ادارہ جاتی کمزوریاں دور نہیں ہوتیں۔ ہماری پاکستان واپسی کے اگلے ہی روز‘ 25نومبر کو‘ محمد ذیشان علی چین کے شین زو 24 خلائی مشن کے ذریعے خلا میں جانیوالے پہلے پاکستانی اور چینی خلائی سٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بن گئے۔ یہ واقعہ بلاشبہ سائنسی اور فضائی اشتراک کی ایک اہم مثال ہے۔ ایک پاکستانی خلاباز کا جدید خلائی پروگرام کا حصہ بننا ہمارے نوجوانوں کیلئے نئے امکانات پیدا ضرور کرتا ہے مگر اس تاریخی کامیابی کا حقیقی فائدہ اسی وقت ہو گا جب پاکستان اپنے سائنسی اداروں‘ جامعات اور تحقیقی مراکز کی استعداد بڑھانے کیلئے مستقل سرمایہ کاری کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...