خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ اور اب اس کی آئینی مدت میں مجوزہ توسیع کا معاملہ ایسے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں آئینی تقاضے‘ سیاسی مصلحتیں اور اتحادی مجبوریاں باہم متصادم دکھائی دیتی ہیں۔ جس وقت صوبے میں شدید سیاسی پولرائزیشن‘ امن و امان کے سنگین چیلنجز اور وفاق و صوبے کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کے پیش نظر گورنر راج نافذ کیا گیا تو بظاہر یہ تاثر دیا گیا کہ وفاقی حکومت کے اتحادی اس اقدام پر یکسو ہیں۔ تاہم اب جبکہ اس غیرمعمولی انتظام کی آئینی میعاد اپنے اختتام کے قریب پہنچ رہی ہے اور توسیع کا مرحلہ درپیش ہے‘ اسلام آباد کے ایوانوں سے لے کر پشاور کے سیاسی حلقوں میں بے یقینی کی کیفیت پیدا ہو چکی ہے۔ یہ صورتحال اس بات کی غماز ہے کہ جس سیاسی اتحاد کے بل بوتے پر یہ قدم اٹھایا گیا تھا‘ اب اس کے اختلافات نمایاں ہونے لگے ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 232 اور بالخصوص صوبائی آئینی مشینری کی ناکامی سے متعلق شقوں کے تحت جب کسی صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کی جاتی ہے تو اس کی ابتدائی آئینی مدت دو ماہ مقرر ہے۔ آئینی ماہرین اور پارلیمانی روایات کے مطابق صدرِ مملکت کے جاری کردہ اس صدارتی فرمان کو دو ماہ کے اندر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں یعنی قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کرانا ناگزیر ہوتا ہے۔ اگر پارلیمنٹ اس کی توثیق کر دے یا اس میں توسیع کی قرارداد منظور کر لے تو یہ انتظام چھ ماہ تک برقرار رہ سکتا ہے‘ جبکہ مجموعی طور پر کسی بھی صورت میں اس کی مدت ایک سال سے تجاوز نہیں کر سکتی۔ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے وقت وفاقی حکومت کو یہ سہولت حاصل تھی کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے نہ صرف اس فیصلے کی بھرپور سیاسی و آئینی حمایت کی تھی بلکہ صوبے کے آئینی سربراہ یعنی گورنر کا منصب بھی پیپلزپارٹی ہی کے پاس ہے۔ اس اشتراکِ عمل نے ابتدائی مرحلے میں وفاقی حکومت کے لیے کسی بڑی رکاوٹ کو جنم نہیں دیا‘ لیکن اب توسیع کے مرحلے پر سیاسی بساط کے مہرے تیزی سے بدلتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
گورنر راج میں توسیع کے لیے وفاقی حکومت کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے سادہ اکثریت کے ساتھ قرارداد منظور کرانے کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کے ووٹوں کی اشد ضرورت ہو گی۔ موجودہ پارلیمانی نمبر گیم اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ پیپلزپارٹی کی حمایت کے بغیرمسلم لیگ (ن) کے لیے قومی اسمبلی یا سینیٹ سے اس توسیع کی منظوری لینا تقریباً ناممکن ہے۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ جس وقت حکومت کو اپنے سب سے بڑے اتحادی کی ضرورت ہے‘ عین اسی وقت وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان مختلف سیاسی معاملات پر اختلافات کھل کر سامنے آ رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے حالیہ دنوں میں وفاقی حکومت پر کی جانے والی تنقید نے اسلام آباد کی سیاسی فضا کو خاصی حد تک مکدر کر دیا ہے۔ بلاول بھٹو کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے اور مخصوص نشستوں کے معاملے پر تحریک انصاف کے مؤقف کی تائید نے ملکی سیاست میں نئی صف بندیوں کی قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت نے اس بیان کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کے ساتھ ممکنہ پارلیمانی مفاہمت کے دروازے کھولنے کا اشارہ دیا ہے۔ اسی تناظر میں اسلام آباد میں پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے اراکینِ قومی اسمبلی کا ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا‘ جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی و آئینی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے اس امر پر زور دیا کہ پیپلزپارٹی جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی مدت میں توسیع کے حق میں ایوان میں ووٹ نہ دے۔
دوسری جانب اس پورے معاملے میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کردار اور ان کے حالیہ بیانات بھی غیرمعمولی اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے نہایت محتاط مگر معنی خیز انداز میں واضح کیا کہ وہ آئینی طور پر وفاق کے نمائندے اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے نامزد کردہ ہیں‘ تاہم سیاسی طور پر انہیں اپنی پارٹی قیادت کی طرف سے جو بھی حکم دیا جائے گا وہ من و عن اس پر عمل کریں گے۔ گورنر کا یہ بیان اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ایوانِ صدر اور پشاور کے گورنر ہائوس کی ڈوریں بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی سیاسی حکمتِ عملی سے جڑی ہوئی ہیں۔ اگر پیپلزپارٹی کی قیادت وفاقی حکومت پر دبائو بڑھانے یا تحریک انصاف کے ساتھ کسی ممکنہ سیاسی مفاہمت کے تحت گورنر راج میں توسیع کی مخالفت کا فیصلہ کرتی ہے تو وفاقی حکومت کے لیے نہ صرف پارلیمنٹ میں بلکہ خیبرپختونخوا کے گورنر ہائوس میں بھی آئینی بحران پیدا ہو سکتا ہے۔
ملک کی موجودہ سیاست کا جائزہ لیا جائے تو وفاقی حکومت اس وقت دہرے دبائو کا شکار دکھائی دیتی ہے۔ ایک طرف اسے مرکز میں اپنی حکومت بچانے اور قانون سازی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پیپلزپارٹی کی بیساکھیوں کی ضرورت ہے تو دوسری طرف خیبرپختونخوا جیسے حساس اور تزویراتی اہمیت کے حامل صوبے کے معاملات چلانے کیلئے بھی پیپلزپارٹی کا تعاون درکار ہے۔ لیکن زمینی حقیقت یہ ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات میں اب پہلے جیسی ہم آہنگی نہیں رہی۔ سیاسی صف بندی کی موجودہ تصویر یہ ہے کہ ایک طرف تحریک انصاف ہے جو اپنے صوبائی مینڈیٹ کی بحالی کے لیے سرگرم ہے‘ دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن بھی حکومت کی پالیسیوں پر سخت تحفظات رکھتے ہیں اور اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں‘ جبکہ تیسری جانب اب پیپلزپارٹی بھی حکومت سے ناراض اور مختلف ایشوز پر مخالف سمت میں کھڑی دکھائی دیتی ہے۔
ایسے ماحول میں جب ملک کی بڑی سیاسی قوتیں محاذ آرائی میں الجھی ہوئی ہوں‘ کسی بھی بڑے قومی یا آئینی معاملے پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا کسی کڑے امتحان سے کم نہیں ہوتا۔ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان جیسے وفاقی ملک میں جہاں صوبائی خود مختاری اور علاقائی حساسیت نہایت نازک ہوتی ہے‘ وہاں طاقت یا محض انتظامی احکامات کے ذریعے طویل عرصے تک معاملات کو نہیں چلایا جا سکتا۔ خیبرپختونخوا پہلے ہی سرحدی کشیدگی‘ سکیورٹی چیلنجز اور معاشی دبائو جیسے گمبھیر مسائل سے نبرد آزما ہے‘ ایسے نازک حالات میں صوبے کے اندر سیاسی و آئینی استحکام ناگزیر ہو چکا ہے۔ موجودہ صورتحال میں وفاقی حکومت کو چاہیے کہ روایتی سیاسی کشمکش سے بالاتر ہو کر سیاسی تدبر‘ بصیرت اور لچک کا مظاہرہ کرے۔ اتحادی جماعت پیپلزپارٹی کے تحفظات کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں‘ بالخصوص پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے ساتھ بھی بامعنی مشاورت اور مکالمے کا آغاز وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ افہام و تفہیم سے صوبے میں جمہوری عمل کے تسلسل کے لیے کوئی قابلِ عمل درمیانی راستہ نکالا جا سکے۔ قومی اتفاقِ رائے اور اتحادیوں کی مشاورت سے اٹھایا جانے والا کوئی بھی قدم نہ صرف پارلیمانی روایات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ ممکنہ آئینی پیچیدگیوں کا راستہ روک کر صوبے کے مسائل کے پائیدار حل کی راہ بھی ہموار کرے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments