گورننس نہ تو کوئی غیر سنجیدہ معاملہ ہے اور نہ حالات کے مطابق عارضی تدبیریں اختیار کرنے کی مشق۔ اس کے لیے ریاست کے فرائض کی واضح سمجھ بوجھ ضروری ہے کہ اسے کون سے کام انجام دینے چاہئیں اور ان کاموں کی انجام دہی کیلئے کون سے ادارہ جاتی ڈھانچے درکار ہیں۔ اچھی گورننس محض ارادوں کا اعلان کر دینے‘ وقتی اقدامات یا انتظامی عملہ میں وقتاً فوقتاً ردوبدل کر دینے سے وجود میں نہیں آجاتی۔ یہ نتیجہ ہوتی ہے سوچ سمجھ کر وضع کیے گئے ادارہ جاتی ڈھانچہ‘ پیشہ ورانہ قابلیت‘ واضح طور پر متعین ذمہ داریوں اور نتائج کے لیے جوابدہی کا۔ اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت کے نظام کو بنیادی طور پر نئے سرے سے تشکیل دینا ضروری ہے۔ نقطہ آغاز کے طور پر یہ طے کرنا چاہیے کہ ریاست کو کیا کرنا چاہیے‘ اسے کون سے کام ترک کر دینے چاہئیں اور حکومت کی کون سی سطح (وفاقی‘ صوبائی یا مقامی) کون سے کام کو انجام دینے کے لیے سب سے زیادہ موزوں ہے۔ ذمہ داریاں واضح طور پر سونپی جانی چاہئیں‘ مختلف سطحوں پر ایک جیسے کاموں کی تکرار ختم کی جانی چاہیے اور اختیارات کو جوابدہی کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہیے۔ اس کے بعد ادارہ جاتی ڈھانچوں کو ان فرائض کے مطابق ازسرنو ترتیب دیا جانا چاہیے اور اس مقصد کے لیے مناسب مہارتوں‘ جدید نظاموں‘ مؤثر طریقہ کار اور ایسے ترغیبات کی فراہمی ضروری ہے جو بہتر کارکردگی کی حوصلہ افزائی کریں نہ کہ محض مقررہ قواعد و ضوابط کی پابندی۔ اس طرح کے بنیادی ازسرنو جائزہ کے بغیر انتظامیہ میں اصلاحات محض ظاہری تبدیلیاں بن کر رہ جائیں گی اور حکومتی مشینری کی بنیادی کمزوریاں بڑی حد تک بدستور موجود رہیں گی۔
نجی کاروباری ادارے ایسے ماحول میں کام کرتے ہیں جہاں ٹیکنالوجی میں تبدیلی‘ بین الاقوامی مسابقت اور صارفین کی بدلتی ہوئی ترجیحات کے سبب وہ مجبور ہوتے ہیں کہ اپنی پیداواری سرگرمیوں کے طریقوں‘ انتظامی طور طریقوں‘ افرادی قوت کی مہارتوں اور کاروباری نمونوں کو مسلسل بہتر بناتے رہیں۔ ان کی بقا اور ترقی کا انحصار حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے‘ جدت اختیار کرنے اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے کی اہلیت پر ہوتا ہے۔ یہ ایک ناقابل قبول تضاد ہے کہ ریاست نجی شعبہ سے توقع کرے کہ وہ مسلسل جدید تقاضوں کے مطابق ڈھلتا جائے لیکن اس کے اپنے ادارے فرسودہ تنظیمی ڈھانچوں‘ فرسودہ مہارتوں‘ پیچیدہ طریقہ کار اور فیصلہ سازی کے پرانے طریقوں کے ساتھ کام کرتے رہیں۔ جو حکومت خود کو جدید نہیں بنا سکتی اس کے لیے پالیسی کا ایسا ماحول‘ ریگولیٹری ڈھانچہ اور عوامی خدمات فراہم کرنا مشکل ہوگا جن کی ایک مسابقتی معیشت کو ضرورت ہوتی ہے۔
حکومت کی ادارہ جاتی صلاحیت میں یہ کمی پالیسی سازی کے معیار اور معاشی مینجمنٹ پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے۔ موجودہ دور میں پالیسی بنانے کے لیے پیچیدہ معاشی تبدیلیوں کی تشریح کرنے‘ مختلف متبادل راستوں کا جائزہ لینے‘ اخراجات اور فوائد کا موازنہ کرنے‘ ٹیکنالوجیکل تبدیلی کو سمجھنے اور حکومتی مداخلت کے ممکنہ نتائج کا پیشگی اندازہ لگانے کی صلاحیت درکار ہے۔ لیکن جہاں انتظامیہ مناصب کی سخت درجہ بندیوں‘ بکھری ہوئی ذمہ داریوں‘ ناکافی پیشہ ورانہ مہارت اور بہتر کارکردگی کے لیے کمزور ترغیبات کا شکار ہو وہاں پالیسی سازی کے لیے دی جانے والی مشاورت کا معیار لازماً متاثر ہوتا ہے۔ فیصلے دور اندیشی پر مبنی حکمت عملی کی بجائے فوری ردعمل کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں‘ پالیسی پر عمل درآمد اس کے اعلان کردہ مقاصد سے دور ہوجاتا ہے اور نتائج کے لیے جوابدہی کی جگہ یہ فکر غالب رہتی ہے کہ قواعد و ضوابط کی پابندی کی جائے۔
حکومت کو جدید بنانا محض یہ مشق نہیں ہے کہ انتظامیہ کی کارکردگی بہتر بنالی جائے۔ یہ کام معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے‘ پیداواری صلاحیت بڑھانے اور عوامی خدمات کا معیار بہتر بنانے کی حکمت عملی کا ایک لازمی حصہ ہے۔ ریاست میں ایسی صلاحیت ہونی چاہیے کہ وہ معقول پالیسیاں مرتب کر سکے‘ قواعد و ضوابط کو غیر جانبداری سے نافذ کرے‘ مارکیٹوں کو مؤثر انداز میں ریگولیٹ کرے اور نئے خطرات سے نمٹنے کیلئے جوابی اقدامات کرسکے۔ نیز ریاست اپنی صلاحیت کی حدود کو پہچانے اور ایسے کام اپنے ذمہ لینے سے گریز کرے جنہیں نجی شعبہ زیادہ مؤثر انداز میں انجام دے سکتا ہے۔ ایک مؤثر ریاست لازماً بڑی ریاست نہیں ہوتی۔ اسکے مؤثر ہونے کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ اس کے فرائض مناسب ہیں یا نہیں‘ اسکے ادارے اپنے مقاصد کی تکمیل کیلئے موزوں ہیں یا نہیں اور اس کے وسائل اور صلاحیتیں ان ذمہ داریوں کے متناسب ہیں یا نہیں جن کا اس نے بیڑا اٹھایا ہوا ہے۔
سول سروس کے حجم‘ ساخت‘ مہارتوں اور ترغیبی ڈھانچوں کے مسائل حل کیے بغیر مذکورہ بالا تبدیلی ممکن نہیں۔ مسئلہ محض سرکاری ملازمین کی تعداد یا حکومت کے تنخواہوں پر ہونے والے اخراجات کا نہیں ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ مجموعی طور پر سرکاری افرادی قوت میں وہ صلاحیتیں موجود ہیں یا نہیں جو ایک جدید ریاست کے فرائض انجام دینے کے لیے ضروری ہیں۔ ایسی افرادی قوت جس کی مہارتیں اور تقرر بدلتے ہوئے معاشی اور ٹیکنالوجیکل حقائق سے مطابقت نہ رکھتی ہوں دہرا نقصان پہنچاتی ہے: ایک طرف تو ان کی تنخواہوں پر محدود عوامی وسائل صرف ہوجاتے ہیں اور دوسری طرف اداروں کی اہم ضروریات پوری نہیں ہوتیں‘ لہٰذا اصلاحات میں پیشہ ورانہ مہارت‘ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے متعلق صلاحیتوں‘ تجزیاتی مہارتوں اور انتظامی قابلیت میں خاطر خواہ سرمایہ کاری بھی شامل ہونی چاہیے۔ بھرتی‘ تربیت‘ ترقی اور کارکردگی کی جانچ پڑتال کو سرکاری فرائض کی ضروریات کے مطابق ہونا چاہیے۔ اسی طرح بیوروکریسی کے طرزِ عمل کو متعین کرنے والے ترغیبی عوامل کو بھی ازسرنو ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ جہاں ترقی کا انحصار قابلیت اور نتائج کے بجائے بنیادی طور پر ملازمت کی مدت‘ ضابطوں کی پابندی یا سرپرستی پر ہو‘ وہاں جدت‘ کام میں پہل اور ذمہ داری قبول کرنے کی حوصلہ افزائی کیلئے ادارہ جاتی بنیادیں کمزور رہتی ہیں۔ جدید سرکاری ملازمت کے نظام میں پیشہ ورانہ برتری‘ دیانت داری‘ مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور قابل پیمائش کارکردگی کو انعام دیا جانا چاہیے جبکہ افسران کو اپنے فیصلوں کے معیار اور ان پر عمل درآمد‘ دونوں کیلئے جوابدہ ہونا چاہیے۔ اس کیلئے ملازموں کی بھرتی اور ان کی پیشہ ورانہ ترقی کا زیادہ کھلا اور سپیشلائزیشن پر مبنی نظام درکار ہے۔ ایسا نظام جو ایسی مخصوص مہارتوں کے حامل افراد کو سول سروس میں شامل کر سکے جو روایتی انتظامی ڈھانچوں میں دستیاب نہ ہوں۔
سماجی کشیدگی اور عوام کی بڑھتی ہوئی توقعات ریاست پر مؤثر ردعمل دینے کے لیے دباؤ بڑھا رہی ہیں جبکہ ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا نے انتظامیہ کی ناکامیوں کو زیادہ نمایاں کر دیا ہے۔ شہری زیادہ زور شور سے سرکاری اداروں سے وضاحتیں طلب کرنے لگے ہیں۔ ان تبدیلیوں کا تقاضا ہے کہ حکومت میں حالات کے مطابق ڈھلنے کی صلاحیت زیادہ ہو۔ سول سروس کے نظام میں اصلاحات کو سیاسی اور افسر شاہی کی مزاحمت کا لازماً سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ یہ اصلاحات پہلے سے قائم مناصب‘ ذاتی مفادات‘ پرانے جمے جمائے طور طریقوں اور حکومت کے اندر اختیارات کی تقسیم کو چیلنج کرتی ہیں۔ یہ تبدیلیاں راتوں رات نہیں لائی جا سکتیں۔ اداروں کی تنظیم نو‘ نئی مہارتوں کی ترقی‘ ترغیبات میں تبدیلی اور کارکردگی پر مبنی انتظامی کلچر کا قیام اس بات کے متقاضی ہیں کہ اس غرض سے مسلسل کوشش کی جائے۔ ان تمام کاموں میں وقت لگے گا۔ مرحلہ وار طریقہ کار اختیار کرنے سے اس تبدیلی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے اور مجموعی مقصد بھی پوری طرح حاصل ہوجائے گا۔ جب تک حکومتی مشینری کو تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کے مطابق ازسرنو تشکیل نہیں دیا جاتا‘ زیادہ پیداواری‘ مسابقتی اور خوشحال معیشت کے قیام کے عزائم اور ارادے انہی حکومتی اداروں کی وجہ سے محدود رہیں گے جن سے ان عزائم کو حقیقت بنانے کی توقع کی جاتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments