اب تک ہم نے سول سروس کے نظام پر جو بحث کی ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کے کردار پر بنیادی طور پر ازسرنو غور کرنے کی ضرورت ہے۔ محدود مالی وسائل‘ متضاد ضرورتیں اور مطالبات‘ کمزور معاشی نمو اور شہریوں کی بڑھتی ہوئی توقعات اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ اس بارے میں ایک واضح تصور موجود ہونا چاہیے کہ حکومت کو کیا کام کرنے چاہئیں اور کیا نہیں۔ اسی تصور کی بنیاد پر سرکاری ملازمتوں کے حجم‘ مہارتوں‘ ڈھانچہ‘ معاوضوں اور ٹریننگ کا تعین کیا جانا چاہیے۔ ابتدا میں حکومتی فرائض کی تین اقسام کے درمیان واضح فرق قائم کیا جانا چاہیے۔ ایک تو وہ کام ہیں جو حکومت کو نہ خود کرنے چاہئیں اور نہ ان کے اخراجات برداشت کرنے چاہئیں۔ مثال کے طور پر پرچون دکانداری کے مراکز‘ تجارتی بینکوں یا فضائی کمپنیوں کو چلانا‘ کیونکہ نجی شعبہ یہ خدمات فراہم کر سکتا ہے۔ دوسرے وہ کام ہیں جن کے اخراجات بھی حکومت کو برداشت کرنے چاہئیں اور خدمات بھی خود فراہم کرنی چاہئیں مثلاً دفاع‘ خارجہ پالیسی‘ مالی اور مالیاتی پالیسیاں‘ انصاف‘ قانون کی حکمرانی اور امن و امان‘ نیز فزیکل انفراسٹرکچر اور سماجی بنیادی ڈھانچے کی بعض ایسی اقسام جنہیں مارکیٹ مناسب طور پر فراہم نہیں کر سکتی۔ تیسرے وہ کام ہیں جن کے اخراجات تو حکومت کو برداشت کرنے چاہئیں لیکن یہ خدمات براہِ راست فراہم کرنا حکومت کیلئے ضروری نہیں۔ آخری قسم پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ مثلاً ابتدائی تعلیم کو لیجیے۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر بچے کی معیاری بنیادی تعلیم تک رسائی یقینی بنائے۔ لیکن اس کا لازمی مطلب یہ نہیں کہ حکومت خود سکول چلائے۔ اگر بچے کو سرکاری مالی امداد دی جائے اور اسے قابلِ پیمائش کارکردگی سے وابستہ کر دیا جائے تو نجی سکول کم لاگت پر تعلیم کے شعبہ میں بہتر نتائج دے سکتے ہیں۔ مواصلاتی ذرائع‘ انٹرنیٹ پر مبنی خدمات اور زیادہ صلاحیت کے حامل اور کم لاگت والے نجی شعبہ کے ساتھ شراکت داری عوامی خدمات کے معیار‘ کارکردگی اور رسائی کو بہتر بنا سکتی ہیں۔ لہٰذا اب موزوں وقت ہے کہ حکومت اس بات کا جائزہ لے کہ اسے صرف کون سے فرائض انجام دینے چاہئیں اور انہیں انجام دینے کے طریقے کیا ہوں۔
ریگولیشن کے بیشتر موجودہ انتظامات سے اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں ہوتی کہ حکومت کا مناسب کردار کیا ہونا چاہیے۔ اس انتظام میں ایسی ملازمتیں موجود ہیں جن کیلئے درکار مہارتوں کی نہ تو مارکیٹ میں طلب ہے اور نہ مارکیٹ انہیں پیدا کرتی ہے اور ان کا انحصار اکثر فرسودہ ٹیکنالوجی اور پرانے طور طریقوں پر ہے۔ جن مقاصد کیلئے ریگولیشنز بنائے گئے ہیں انہیں نئی مصنوعات اور مارکیٹ پر مبنی وسائل اکثر زیادہ مؤثر انداز میں حاصل کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر صوبائی بوائلر قوانین کو دیکھیے جو 1923ء سے نافذ ہیں۔ ان کے تحت گیارہویں گریڈ کے بوائلر انسپکٹرز مقرر ہیں۔ ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے تیار کردہ بوائلرز کے درست ہونے کی سند جاری کریں۔ ٹیکنالوجی میں زبردست ترقی ہو چکی ہے لیکن ریگولیشن کا ماڈل اب بھی ماضی کے اس دور کے تصورات پر قائم ہے جب یہ توقع کی جاتی تھی کہ سرکاری انسپکٹرز یہ کام انجام دیں گے۔ اسی طرح ایسی عمارتیں جنہیں عوام استعمال کرتے ہیں‘ ان کے محفوظ ہونے کا معائنہ کرنے کیلئے حکومت نے عمارتوں اور بجلی کے انسپکٹرز بھرتی کیے ہوئے ہیں۔ جامع انشورنس اس مقصد کے حصول کیلئے زیادہ مؤثر متبادل طریقہ ہو سکتا ہے۔ انشورنس فراہم کرنے والوں کو اس بات میں براہِ راست مالی مفاد ہو گا کہ عمارتیں حفاظتی معیار کی پابندی کریں۔ اس طرح بار بار سرکاری معائنے کرانے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔ ان مثالوں سے ایک وسیع تر سوال جنم لیتا ہے کہ جب پاکستانی مارکیٹ میں ایسی متبادل خدمات آج بھی دستیاب ہیں جو عوامی مقاصد کو زیادہ مؤثر انداز میں پورا کر سکتی ہیں تو ریگولیٹری ڈھانچوں کو برقرار رکھنے کی کیا ضرورت ہے؟لہٰذا حکومت کو انہی فرائض پر توجہ دینی چاہیے جن کیلئے واقعی سرکاری طور پر خدمات فراہم کرنا ضروری ہے یا جہاں حکومت کی مداخلت کرنا ضروری ہو جبکہ باقی کام نجی شعبے کے سپرد کر دینے چاہئیں جہاں مقابلہ پر مبنی مارکیٹ بہتر نتائج دے سکتی ہے۔ سرکاری دفاتر کی صفائی جیسی معمول کی خدمات اور کمپیوٹر کی مدد سے نقشہ سازی جیسی فنی خدمات اکثر نجی شعبہ سے کم قیمت پر اور زیادہ مؤثر انداز میں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ حکومت کے حجم کو مناسب حد تک محدود کرنے سے‘ خصوصاً اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد‘ فیصلہ سازی اور سرکاری کارروائی کے مختلف مراحل کم ہو جائیں گے اور کارکردگی بہتر ہو جائے گی۔ حکومت کے غیرضروری کام ختم کرنے اور ذمہ داریوں‘ وسائل اور اختیارات کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے سے مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔
ڈھانچے کی ازسرنو ترتیب: سرکاری ملازمتوں کی اصلاح حکومت کے ڈھانچے کی ازسرنو تشکیل اور ذیلی حکومتوں (صوبائی اور مقامی) کی صلاحیت میں اضافہ ساتھ ساتھ ہونا چاہیے۔ ان ذیلی حکومتوں کو آئین کی واضح شقوں کے تحت قانون سازی‘ انتظامی اور مالی اختیارات منتقل کیے جائیں جن کے ذریعے وہ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد سخت ضرورت ہے کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے کردار اور ڈھانچے پر بنیادی طور پر ازسرنو غور کیا جائے۔ وفاقی حکومت کا کردار باہمی تعاون‘ پالیسی سازی اور قومی معیارات کے تعین کے ذریعے سٹرٹیجک سمت متعین کرنے تک محدود ہونا چاہیے جبکہ صوبوں کو اپنی ترجیحات‘ ان پر عملدرآمد کی ترتیب اور طریقہ کار خود طے کرنے چاہئیں۔ پورے پاکستان کیلئے ایک عمومی نوعیت کا انتظامی ملازمتی ڈھانچہ قائم رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے بجائے وفاقی سول سروس کا مرکزی حصہ نسبتاً ایک چھوٹے وفاقی کیڈر پر مشتمل ہو جس کی تشکیل واضح طور پر متعین فرائض اور متعلقہ شعبوں کی پیشہ ورانہ ضروریات کے مطابق کی جائے۔ بھرتیاں کسی شعبہ میں سپیشلائزیشن کی بنیاد پر ہوں تاکہ علم‘ مہارت‘ تسلسل اور ملازمت کی مدت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اس مقصد کیلئے مارکیٹ کے مطابق تنخواہیں مقرر کی جائیں اور سرکاری گاڑیوں اور رہائش جیسی روایتی مراعات ختم کی جائیں۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس میں نئے آنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے کہ وہ اپنی پسند کے ایک یا دو شعبوں میں خصوصی مہارت حاصل کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام عہدوں پر باہر سے موزوں افراد کی براہِ راست بھرتی (لیٹرل انٹری) کا راستہ کھلا ہونا چاہیے اور کسی مخصوص سروس گروپ کیلئے عہدے مختص نہیں کیے جانے چاہئیں۔ اس طرح حکومت متعلقہ مہارت اور تجربہ رکھنے والے پیشہ ور افراد کو بھرتی کر سکے گی خصوصاً ان ٹیکنالوجیکل شعبوں میں جہاں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں۔
سرکاری ملازمت کے موجودہ ڈھانچے اور مہارتوں کی نوعیت جدید بنیادی خدمات فراہم کرنے کیلئے موزوں نہیں‘ بالخصوص مقامی سطح پر۔ اس لیے سرکاری ملازمین کی تعداد اور ان کی ساخت کا تعین حکومت کی ہر سطح کو سونپے گئے فرائض کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ مثال کے طور پر مقامی حکومتوں کے پاس پائیدار بنیادی اور ثانوی بلدیاتی و سماجی خدمات فراہم کرنے کی پیشہ ورانہ صلاحیت ہونی چاہیے۔ اس کیلئے محض فرائض کی منتقلی کافی نہیں بلکہ یہ بھی ضروری ہے کہ مقامی حکومتوں کو انتظامی اور مالی اختیارات کی مؤثر منتقلی کی جائے۔ مضبوط مقامی حکومتیں مستقبل کی سیاسی قیادت کی تربیت گاہ ثابت ہوں گی۔ منتخب نمائندوں کو شہریوں کے قریب لا کر یہ حکومتیں انہیں ترجیحات کے تعین اور خدمات کی فراہمی کے حوالے سے زیادہ جوابدہ بنائیں گی۔ ان مقاصد کے حصول کیلئے تین تبدیلیاں بیک وقت ضروری ہیں: (الف) ڈھانچوں کی ازسرنو تنظیم‘ (ب) انتظامی اور مالی اختیارات کی بامعنی تفویض اور (ج) سادگی‘ عوام دوست اور آٹومیشن پر مبنی دفتری طریقہ کار کی ازسرنو تشکیل۔ آئندہ مضمون میں سفارشات پر مزید گفتگو کریں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments