''یہ سارے سی ایس ایس کر کے سول سروسز میں بھرتی ہوئے نئے بچے ہیں۔ انہیں پاکستان کا ذہین ترین طبقہ مانا جاتا ہے۔ یقین مانیں گزشتہ پچھتر سالوں میں ان میں سے ایک دانہ بھی ایسا نہیں نکلا جس نے پوسٹ آفس کو ٹی سی ایس‘ ریلوے کو فیصل موورز بس‘ نیشنل بینک کو سٹینڈرڈ چارٹرڈ‘ میو ہسپتال کو ڈاکٹرز ہسپتال جیسا ہی کر دیا ہو۔ یا کوئی ایسا کام کیا ہو جس پر فخر کیا جا سکے۔ اپنی سروس کے دوران یہ جی بھر کر ملک اور غریب عوام کو لوٹیں گے۔ پھر ریٹائرمنٹ کے بعد کسی ترقی یافتہ انگریزوں کے ملک شفٹ ہو کر پاکستان کے سسٹم اور عوام کو گالیاں دیں گے‘‘۔
یہ بے نامی تحریر کچھ عرصہ سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان بچوں اور بچیوں کا گروپ فوٹو ہے جو حال ہی میں مقابلے کا امتحان پاس کر کے سول سروس اکیڈمی میں گئے ہیں‘ یا فارغ التحصیل ہو کر نکلے ہیں۔ سوشل میڈیا کی ایک کراہت یہ ہے کہ اصل ''مصنف‘‘ تک سرا نہیں ملتا۔ نقالوں کی ایک بے دماغ فوج ہے جو سوچے سمجھے بغیر‘ تحقیق کیے بغیر ''منقول‘‘ کا لفظ لکھ کر یا Forwarded لکھ کر ایسی تحریروں کو آگے پھیلا دیتی ہے۔ چودہ سو سال پہلے کا فرمان دیکھیے: ''آدمی کے جھوٹا ہونے کے لیے یہی کافی ہے کہ وہ ہر سنی ہوئی بات آگے بیان کر دے‘‘۔ آج یہ فرمان ایسا سچ ثابت ہو رہا ہے کہ عقل حیران ہے۔ ایک جھوٹا آدمی ایک سنی سنائی بات کو ایک کلک سے سینکڑوں ہزاروں افراد تک پہنچا رہا ہے۔ پھر یہ سینکڑوں ہزاروں ایک ایک کلک سے آگے نجانے کتنے سینکڑوں ہزاروں کو پہنچا رہے ہیں۔ یہ ایک لامتناہی سلسلہ ہے۔ اگر اس تحریر کے بہادر مصنف کا پتا چل جائے تو گروپ فوٹو میں شامل بچوں اور بچیوں کو چاہیے کہ اس مستقبل بین ولی کو عدالت میں لے جائیں اور پوچھیں کہ اس نے کس بنیاد پر ان کے بارے میں کہا ہے کہ ''اپنی سروس کے دوران یہ جی بھر کر ملک اور غریب عوام کو لوٹیں گے‘ پھر ریٹائرمنٹ کے بعد کسی ترقی یافتہ انگریزوں کے ملک شفٹ ہو کر پاکستان کے سسٹم اور عوام کو گالیاں دیں گے‘‘۔
نیشنل بینک سول سروس کے افسر چلاتے ہیں نہ میو ہسپتال! ویسے بھی حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کا بینکاری کا سیکٹر یورپ اور امریکہ کی بینکاری سے بھی بہتر ہے۔ باہر جا کر کسی بینک سے معاملہ کر کے دیکھ لیجیے۔ایک غیر ملکیبینک میں مَیں نے خود اکاؤنٹ کھولے رکھا۔ تھرڈ کلاس سروس تھی۔ تنگ آ کر پاکستانی بینک میں کھولا۔ بہترین کارکردگی ہے پاکستانی بینک کی! ایپ کا ستعمال آسان ہے۔ تمام ادائیگیاں آسانی سے ہو جاتی ہیں۔ نیا اکاؤنٹ کھولنے میں کچھ وقت لگتا ہے۔ اس کی وجہ ہماری ملکی شہرت ہے۔ FATF نے پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں جن کی وجہ سے سٹیٹ بینک اور کمرشل بینک مجبور ہیں۔
اب آئیے اس چارج شیٹ کی طرف جو افسروں کے خلاف اس تحریر کے ذریعے پھیلائی جا رہی ہے۔ پہلی بات یہ ہے کہ ہر کمیونٹی میں اچھے برے لوگ ہیں۔ وکیل‘ ڈاکٹر‘ اساتذہ‘ سیاستدان‘ عساکر‘ نیک اور بد ہر پیشے میں ہیں۔ بیورو کریسی میں بھی یہی حال ہے۔ دیانتدار بھی ہیں‘ حد سے زیادہ دیانتدار بھی ہیں اور نکمے اور خائن بھی ہیں۔ سب کو ایک لاٹھی سے ہانکنا اگر جہالت نہیں تو تعصب اور کم عقلی ضرور ہے۔ دوسری بات یہ ہے کہ بیورو کریسی پالیسیاں نہیں بناتی۔ پالیسیاں پارلیمان یا کابینہ یا حکمران یعنی سیاستدان وضع کرتے ہیں بیورو کریسی انہیں نافذ کرتی ہے۔ تیسری بات یہ ہے کہ بیورو کریٹ وزرا‘ وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم کے ماتحت ہوتے ہیں۔ ہمارے وزیر اور دیگر حکمران کتنے پانی میں ہیں‘ سب جانتے ہیں۔ ڈاکخانوں کا ایک سابق وزیر آج کل اس مبینہ بدعنوانی کے مقدمے بھگت رہا ہے جو اس نے اپنے دور میں کی تھی۔ اگر وزیر ایسا ہو تو بیورو کریٹ پوسٹ آفس کو ٹی سی ایس جیسا کیسے بنا سکتا ہے؟ ریلوے کے وزیروں کی فہرست بنائیے۔ ان کی قابلیت پر غور کیجیے۔ ان میں سے اکثر کو آپ اپنے کھیت یا دکان یا دفتر کا منیجر بنانا بھی نہ پسند کریں۔ نواز شریف صاحب کے زمانۂ اقتدار میں ایک وفاقی وزیر صرف بدھ کے دن دفتر آتا تھا۔ اور یہ جو کچھ سیاسی پارٹیاں ہمیشہ مخصوص وزارتیں لیتی ہیں ان کا کیا مقصد ہے؟ وزیراعظم جو بھی ہو‘ ایسی پارٹیوں کو ان کی من مانی وزارتیں کیوں دیتی ہیں؟ محمود احمد لودھی مرحوم ایک دیانتدار‘ لائق اور حق گو بیورو کریٹ تھے۔ جب وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں کورس کر رہے تھے تو جنرل ضیا الحق وہاں تقریر کرنے آئے۔ تقریر کے بعد سوال جواب کا سیشن تھا۔ لودھی صاحب نے سوال پوچھا جس کا جواب جنرل ضیا کے پاس نہیں تھا۔ لودھی صاحب کی رپورٹ خراب کر دی گئی۔ وہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نہ بن سکے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت تھی۔ ایک ایسے شخص کو آڈیٹر جنرل آف پاکستان بنا دیا گیا جس کا آڈٹ سے دور دور کا تعلق نہ تھا مگر وہ پارٹی کا منظورِ نظر تھا۔ان دھاندلیوں‘ ناانصافیوں اور غلط بخشیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کے بجائے بیورو کریسی کو مطعون کیا جاتا ہے اس لیے کہ یہ آسان ہے۔ درجنوں سیاستدانوں کے خاندان کینیڈا‘ امریکہ اور یورپ کے گراں ترین علاقوں میں رہ رہے ہیں۔ ان کے خلاف آواز کیوں نہیں بلند کی جاتی؟ بیرونِ ملک صرف سول بیورو کریسی نہیں‘ خاکی بیورو کریسی بھی جا کر آباد ہو رہی ہے۔ جو سیاستدان تین تین بار ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہوں‘ صدر رہ چکے ہوں وہ اور ان کے بچے لندن اور دبئی کے امیر ترین علاقوں میں رہیں‘ تو باقی پاکستانی کیوں نہ رہیں؟
بیورو کریسی کے ساتھ حکمران اور سیاستدان کیا سلوک کرتے ہیں‘ کس طرح کچھ کو نوازتے ہیں اور کس طرح دیانتدار اور زیادہ لائق افسروں کو نظر انداز کیا جاتا ہے‘ سوشل میڈیا کی پیالی میں طوفان اٹھانے والے اس کے خلاف کیوں نہیں آواز اٹھاتے؟ کچھ بیورو کریٹ چار چار بار بیرونِ ملک تعیناتیاں کراتے ہیں۔ (فارن سروس کی بات نہیں ہو رہی) حکمران کیوں ایسی تعیناتیاں کرتے ہیں؟ کیوں سفارشیں مانتے ہیں؟ جن بیورو کریٹس کو وزیر بنا کر کابینہ میں بٹھا دیا جاتا ہے‘ ان کے ساتھ کے زیادہ لائق‘ بیورو کریٹس فرشتے نہیں کہ ردعمل نہ دکھائیں۔ آپ یہ چاہتے ہیں کہ حکمرانوں کے منظورِ نظر افسر تو بیرون ملک تعینات ہو جائیں یا وزیر بنا دیے جائیں اور باقی افسر محنت اور دیانتداری سے کام کریں! واہ! کیا اصول بنایا ہے آپ نے! قربان جائیے آپ کے انصاف پر!! آج کل مولانا صاحب زیر عتاب ہیں اور جو جو کرم فرمائیاں ان پر ماضی میں کی گئیں میڈیا ان کی تشہیر کر رہا ہے۔ ان کے ایک بھائی کو ڈپٹی کمشنر لگایا گیا تھا جو ناانصافی بلکہ دھاندلی تھی! قوم کو یہ کیوں نہیں بتایا جاتا کہ اسے کس نے لگایا تھا؟ ایک سابق چیف جسٹس کے بیٹے کو‘ جو ڈاکٹر تھا‘ کس نے ایف آئی اے میں تعینات کیا؟ پھر کس کے حکم پر اسے پولیس ٹریننگ اکیڈمی میں بھیجا گیا جہاں صرف سی ایس ایس پاس پولیس افسر ٹریننگ لے رہے تھے؟؟
یہ کوئی راز کی بات نہیں کہ سینیٹ کے الیکشن میں دن دہاڑے‘ کھلم کھلا کروڑوں اربوں روپے چلتے ہیں۔ پارلیمنٹ کے اکثر ارکان کی تعلیمی قابلیت اور کارکردگی مضحکہ خیز ہے! کتنے فیصد ارکان کارروائی میں حصہ لیتے ہیں اور بلوں پر مفید بحث کرتے ہیں؟ ان کے ایک اشارے پر کسی بھی افسر کا تبادلہ کر دیا جاتا ہے! کچھ عرصہ پہلے ایک اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے علاقے میں ناجائز تجاوزات ختم کیے۔ کسی کی دُم پر پاؤں آیا اور اسسٹنٹ کمشنر کو ہٹا دیا گیا! بیورو کریٹ جن کے نیچے کام کرتے ہیں‘ پہلے ان کی تعلیم‘ قابلیت اور دیانت کی بات کیجیے۔
آپ کو تو بیورو کریسی پر ترس کھانا چاہیے کہ یہ پڑھے لکھے لوگ کن کے ماتحت ہیں!!
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments