دہری شہریت، کچھ باتیں مزید

''میں بذریعہ حلف اعلان کرتا ہوں کہ میں کسی بھی غیرملکی شہزادے‘ حکمران‘ ریاست یا اقتدارِ اعلیٰ سے‘ جس کا میں اب تک رعایا یا شہری رہا ہوں‘ مکمل اور قطعی طور پر ہر قسم کی وفاداری اور اطاعت سے دستبردار ہوتا ہوں اور اسے ترک کرتا ہوں؛ کہ میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کے آئین اور قوانین کی‘ ہر بیرونی اور اندرونی دشمن کے خلاف‘ حمایت اور حفاظت کروں گا؛ کہ میں اس کے ساتھ سچی وفاداری اور اطاعت نبھاؤں گا؛ کہ جب قانون کا تقاضا ہوگا تو میں ریاستہائے متحدہ کی طرف سے ہتھیار اٹھاؤں گا؛ کہ جب قانون کا تقاضا ہو گا تو میں ریاستہائے متحدہ کی مسلح افواج میں غیر جنگی خدمت انجام دوں گا؛ کہ جب قانون کا تقاضا ہو گا تو میں سول نگرانی میں قومی اہمیت کا کام انجام دوں گا؛ اور یہ کہ میں یہ ذمہ داری اپنی آزاد مرضی سے‘ بغیر کسی ذہنی تحفظ یا بچ نکلنے کے ارادے کے‘ قبول کرتا ہوں؛ خدا میری مدد کرے‘‘۔
یہ وہ حلف ہے جو امریکی شہریت حاصل کرنے والے کسی بھی مرد یا خاتون کو اٹھانا پڑتا ہے۔ غور کیجیے۔ امریکی شہری بننے سے پہلے ایک پاکستانی اپنے پہلے اور اصلی وطن (پاکستان) سے کسی بھی قسم کی وفاداری سے دستبردار ہو جاتا ہے اور اس کی اطاعت ترک کر دیتا ہے‘ اس کے بعد اس کے پاس کیا اخلاقی جواز رہ جاتا ہے کہ وہ پاکستانی کہلائے؟ ہونا تو یہ چاہیے کہ وہ خود اپنا پاسپورٹ واپس کرے اور ساتھ ایک تحریر بھی بھیجے کہ میں نے اس ملک سے اپنی وفاداری ختم کر دی ہے اس لیے پاسپورٹ یا NICOPواپس کر رہا ہوں! اگر آپ اسے کہیں گے کہ تم پاکستان کے وفادار نہیں ہو سکتے کیونکہ تم نے اس بات کا حلف اٹھایا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اپنی وفاداری سے دستبردار ہو رہے ہو تو وہ اس دلیل کا کبھی جواب نہیں دے گا۔ وہ آپ سے جھگڑا کرے گا اور آپ کو للکارے گا کہ کیا تم پاکستان کے ٹھیکیدار ہو؟ ہاں! جو پاکستان میں رہتا ہے اور وفاداری دے کر بدلے میں دوسری شہریت نہیں خریدتا‘ وہ یقینا پاکستان کا ٹھیکیدار ہے! ستم ظریفی اور مذاق ملاحظہ ہو کہ پاکستان سے وفاداری اور تعلق توڑنے کا برملا اعلان کرنے کے بعد کچھ آبنائے وقت پاکستان کے غم میں مگر مچھ کے آنسو بہاتے ہیں‘ وہ بھی وی لاگز پر! اس لیے کہ اس سے ڈالر ملتے ہیں! جن ملکوں کی شہریت کیلئے سابق وطن سے وفاداری اور اطاعت ختم نہیں کرنا پڑتی‘ ان کا معاملہ ذرا سا مختلف ہے! یہ اور بات کہ انہوں نے وفاداری ختم نہیں کی مگر بانٹ ضرور لی ہے۔ وہ بھی دو کشتیوں کے مسافر ہیں۔ طوفان آئے تو صرف ایک کشتی کا انتخاب کرنا پڑتا ہے۔
ہمارے فاضل دوست‘ سابق سفیر‘ عربی دان‘ جناب جاوید حفیظ نے اپنے حالیہ کالم (مطبوعہ چھ نومبر 2026ء) میں دہری شہریت کا مسئلہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے ہماری حکومتوں کی حمیت اور غیرت کے حوالے سے بھی سوال اٹھایا ہے اور بجا طور پر اٹھایا ہے۔ ایک خاتون یا مرد‘ قسم اٹھا کر اعلان کرتا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنی وفاداری ختم کر رہا ہے‘ اس کے باوجود ہماری حکومتیں اس کی پاکستانی شہریت کو بر قرار رکھتی ہیں۔ نہ صرف یہ کہ اس کا پاکستانی پاسپورٹ بدستور کار آمد رہتا ہے‘ اسے یہاں عہدے بھی دیے جاتے ہیں۔ اس کے پاس ملک کے راز بھی ہوتے ہیں۔ جاوید حفیظ صاحب نے ایک سابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کا بھی ذکر کیا ہے جس کے پاس دہری شہریت تھی۔ یاد رہے کہ آڈیٹر جنرل کے پاس مسلح افواج‘ اسلحہ سازی او دفاع سے متعلق تمام معلومات ہوتی ہیں یہاں تک کہ افواج کا محل وقوع اور لوکیشن بھی! اس کے باوجود ہماری حکومتیں یا تو ان حساس پہلوؤں سے مکمل طور پر بے خبر ہیں یا بے نیاز ہیں‘ یا بے حس ہیں۔ کوئی غیرملکی شہریت رکھنے والا یہاں گورنر لگ جاتا ہے‘ کوئی وزیر کوئی مشیر!! کوئی پاکستانی دولت سے یورپ میں جائیداد بناتا ہے اور پھر بڑی تمکنت سے کہتا ہے کہ مجھ پر تو پاکستانی قوانین کا اطلاق ہی نہیں ہوتا۔
ارد گرد دیکھیے تو کتنے ہی ملک ہیں جو دہری شہریت کی اجازت نہیں دیتے۔ جنوبی کوریا‘ شمالی کوریا‘ ملائیشیا‘ انڈونیشیا‘ جاپان‘ سب کے ہاں دہری شہریت کا کوئی تصور نہیں۔ ہاں جو بچے دوسرے ملکوں میں پیدا ہوتے ہیں‘ انہیں ملائیشیا‘ انڈونیشیا اور جاپان میں اکیس سال کی عمر تک دہری شہریت کی اجازت ہے۔ اس کے بعد انہیں صرف ایک ملک کی شہریت رکھنا ہوتی ہے۔ دہری شہریت کی اجازت ہر گز نہیں۔ ایران دہری شہریت پر کچھ نہیں کہتا مگر اسے تسلیم نہیں کرتا۔ مثلاً کسی ایرانی کے پاس برطانوی شہریت ہے اور ایرانی حکومت اسے جیل بھیجتی ہے یا سزائے موت دیتی ہے تو برطانوی سفارتخانہ یا برطانوی حکومت اس معاملے میں دخل نہیں دے سکتی۔ دوسرے لفظوں میں ایران کسی ایرانی کی دہری شہریت کو مکمل طور پر نظر انداز کرتا ہے۔ دہری شہریت والا ایرانی سرکاری ملازمت بھی نہیں کر سکتا۔ وسط ایشیائی ممالک‘ یعنی ازبکستان‘ قازقستان‘ تاجکستان‘ کرغزستان‘ ترکمانستان اور آذر بائیجان‘ دہری شہریت کی اجازت نہیں دیتے۔ ہاں! ان میں سے کچھ ریاستیں روس کی شہریت کی اجازت دیتی ہیں کیونکہ بے شمار وسط ایشیائی باشندے روس میں ملازمتیں کر رہے ہیں۔ یوں بھی طویل عرصہ روس (یعنی سوویت یونین) کے ساتھ رہنے سے ان ریاستوں کے بہت سے معاشی‘ تجارتی‘ تعلیمی اور عسکری مفادات روس سے وابستہ ہیں۔ ان ریاستوں میں ابھی تک روسی رسم الخط استعمال ہو رہا ہے اور روسی زبان بھی!! سعودی عرب میں کسی اور ملک کی شہریت لینے سے پہلے حکومت سے اجازت حاصل کرنا پڑتی ہے! اگر بغیر اجازت دوسرے ملک کی شہریت حاصل کر لی جائے تو سعودی شہریت منسوخ کر دی جاتی ہے۔
یہ جو پاکستان میں پوچھ گچھ شروع ہوئی ہے کہ کن سرکاری ملازموں کے پاس دہری شہریت ہے‘ اور یہ جو شور و غوغا اس سلسلے میں برپا ہوا ہے‘ یہ وقتی ہاؤ ہو کے سوا کچھ بھی نہیں! کچھ ہی دنوں میں گرد بیٹھ جائے گی۔ کیا عجب یہ ملک اقربا پروری کے حوالے سے دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہو! دہری شہریت رکھنے والا کوئی افسر کسی مسندِ خاص سے وابستہ نکل آیا تو چھان بین کرنے والے جھاگ کی طرح بیٹھ جائیں گے! بڑے بڑے مناصب پر تعینات افراد کے شجرہ ہائے نسب نکال کر دیکھیے‘ کڑی سے کڑی ملتی جائے گی۔ آج کل سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہے کہ ایک وفاقی وزیر کے قریبی عزیز کو پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کا چیئرمین لگایا گیا ہے۔ موصوف صرف وفاقی وزیر کے نہیں‘ متعدد اہم شخصیات کے قرابت دار ہیں۔ دہری شہریت رکھنے والوں کو بھی کچھ نہیں کہا جائے گا۔ سب اسی طرح چلتا رہے گا۔ بہت سے سیاستدان اور بااثر افراد ایسے ہیں جن کے کنبے مغربی ملکوں میں رہتے ہیں۔ ان پر پابندی کیوں نہیں لگتی؟ سب کو معلوم ہے کہ یہاں قانون کا اطلاق اس پر ہوتا ہے جس کی پشت پر کوئی اہم شخصیت‘ کوئی سیاسی پارٹی یا کوئی طاقتور خاندان نہ ہو۔
اگر حکومت اس معاملے میں سنجیدہ ہے تو اسے اس نیم دلانہ تفتیش کے بجائے فیصلہ کن اقدام اٹھانا چاہیے۔ بھارت‘ جنوبی کوریا‘ جاپان‘ اور کئی دیگر ملکوں کی طرح قانون بنایا جائے جس کا اطلاق سب پر ہو۔ کوئی پارلیمنٹ کا ممبر ہے یا بیورو کریٹ ہے یا عام شہری‘ کسی کو بھی دہری شہریت کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ یہ کیا کہ کچھ کو اجازت ہے اور کچھ کو نہیں! یعنی جس کے گلے میں رسی فِٹ آجائے!! یہ چوں چوں کا مربہ صرف الجھاؤ اور پراگندگی پیدا کرے گا۔ ایسے الجھاؤ ہی سے چور دروازے ظاہر ہوتے ہیں! اور قانون مذاق بن کر رہ جاتا ہے! سراج اورنگ آبادی نے ٹھیک ہی تو کہا تھا:
دو رنگی خوب نئیں، یک رنگ ہو جا
سراپا موم ہو یا سنگ ہو جا

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...