’’امرا شاہی‘‘ کے باہمی جھگڑے اور ایک صحافی کا تبصرہ

آج ایک بار پھر وہی رونا ہے کہ ہم پاکستانیوں پر جمہوریت نہیں ''اولی گارکی‘‘ کی حکومت ہے۔
ہٹلر کی پروپیگنڈا مشینری چلانے والے وزیر گوئبلز (Joseph Goebbels) سے یہ قول منسوب ہے کہ جھوٹ اتنی بار بولو کہ لوگ اسے سچ سمجھنے لگ جائیں۔ مگر کتنا بڑا المیہ ہے کہ سچ جتنی بار بولا جائے‘ لوگوں کی سمجھ میں بھی نہیں آتا اور وہ اس پر یقین بھی نہیں کرتے۔ کئی بار عرض کیا ہے کہ پاکستان میں ڈیمو کریسی نہیں‘ اولی گارکی ہے۔ زیادہ سے زیادہ آپ اسے پلوٹو کریسی کہہ سکتے ہیں۔ یعنی معاشرے کے امیر ترین طبقے کی حکومت!! ارسطو کہتا ہے کہ اولی گارکی میں بہترین لوگ سب کے فائدے کیلئے حکومت نہیں کرتے بلکہ چند امیر اور خود غرض افراد صرف اپنے فائدے کیلئے حکومت کرتے ہیں۔ افلاطون کی رائے میں اولی گارکی میں حکومت کی بنیاد خوبیوں اور نیکیوں پر نہیں بلکہ دولت پر ہوتی ہے۔ اولی گارکی کو آپ اردو میں ''امرا شاہی‘‘ کہہ سکتے ہیں!!
کچھ دنوں سے آپ دیکھ اور سن رہے ہیں کہ امرا شاہی کے ارکان آپس میں جھگڑ رہے ہیں۔ ایک وفاقی وزیر اور ایک وزیراعلیٰ تلخ جملوں کا تبادلہ کر رہے ہیں۔ دونوں کو اقتدار وراثت میں ملا ہے۔ ایک صوبائی خاتون وزیر بھی‘ جو سسٹم کی بینی فشری ہیں‘ اس چاند ماری میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔ وفاقی وزیر کون ہیں؟ ان کا خاندان ملک کے دولت مند ترین خاندانوں میں شمار ہوتا ہے۔ ان کے والد محترم چار عشروں سے مختلف حکومتوں میں وزیر بنتے چلے آئے ہیں۔ کچھ ماہ وزیراعظم بھی رہے۔ ان کے ماموں نائب وزیراعظم رہے۔ کئی بار وزیراعلیٰ رہے۔ سپیکر کے منصب پر بھی فائز رہے۔ ان کے (یعنی وفاقی وزیر کے) سگے بھائی اس وقت صوبائی وزیر ہیں۔ ان کے ماموں زاد بھائی وفاقی وزیر اور وفاقی اور صوبائی اسمبلی کے ممبر رہے۔ اب ان کی طرف آئیے جن سے ان کا نزاع چل رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کا خاندان بھی امارت کے اعتبار سے ملک کے ممتاز ترین خاندانوں میں شمار ہوتا ہے۔ ان کے والد محترم کئی بار وزیراعظم رہے۔ صوبائی حکمرانِ اعلیٰ بھی رہے۔ ان کے چچا موجودہ وزیراعظم ہیں۔ ان کے چچا زاد بھائی بھی وزیراعلیٰ رہے۔ اس خاندان کی جائدادیں بیرونِ ملک بھی ہیں۔ دونوں خاندان ایک ایک سیاسی پارٹی کے مالک ہیں۔
وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ کے پانچ ارب روپے ہرجانے کے نوٹس کا جواب دیا ہے اور کہا ہے کہ قانونی نوٹس انہیں خاموش نہیں کرا سکتے۔ ادھر وفاقی وزیر نے خاتون صوبائی وزیر کو بھی قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔ اس قسم کے جھگڑے ''امرا شاہی‘‘ کے ارکان کے درمیان ہوتے رہتے ہیں۔ ان جھگڑوں کی چند خصوصیات ہیں۔ اوّل: ان جھگڑوں کا عوام سے‘ فلاحِ عامہ سے یا ملکی مسائل سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ دوم: پورا بالائی طبقہ ایک کمیونٹی کی طرح ہوتا ہے۔ دولت اور اقتدار کمیونٹی کے افراد کو اکٹھا رکھتے ہیں‘ کمیونٹی کے اندر جھگڑا ہو بھی جائے تو باہر سے آنے والے خطرے کی صورت میں کمیونٹی جھگڑا بھلا کر فوراً اکٹھی ہو جاتی ہے۔ اس کی وضاحت یوں ہے کہ چیف منسٹر اور وفاقی وزیر ایک ہی کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس کمیونٹی کو آپ اَپر کلاس بھی کہہ سکتے ہیں‘ مقتدر طبقہ بھی کہہ سکتے ہیں اور حکمران طبقہ بھی کہہ سکتے ہیں۔ اگر کمیونٹی کو کوئی خطرہ پیش آئے تو یہ جھگڑا ایک طرف رکھ کر باہم متحد ہو جائیں گے۔ اس کی مثال یہ ہے کہ جب بھی مراعات بڑھانے کا کوئی بل اسمبلی یا سینیٹ میں پیش ہوتا ہے تو حزبِ مخالف اور حزبِ اقتدار سب اکٹھے ہو جاتے ہیں اور باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ دیتے ہیں۔ تیسری خصوصیت ان جھگڑوں کی یہ ہے کہ یہ بہت عارضی ہوتے ہیں۔ کل پیٹ پھاڑنے کی باتیں ہو رہی تھیں۔ آج باہم شیر و شکر ہیں۔ کل (ق) لیگ قاتل لیگ تھی‘ آج دونوں ایک اتحاد میں ہیں۔ کل جو ڈیزل تھا آج مرجع بنا ہوا ہے۔ کل جس کی چادر پوشی کی نقل اتاری جارہی تھی آج اس کو اپنا لیڈر بنا رکھا ہے۔ اولی گارکی یعنی امرا شاہی کے یہ ارکان ہمیشہ اقتدار میں رہتے ہیں۔ ایک بھائی ایک پارٹی میں ہوتا ہے تو دوسرا ایک اور پارٹی میں۔ یوں اقتدار خاندان سے باہر نہیں جاتا۔ اسد عمر اور محمد زبیر اس کی مثال ہیں۔ آپ جنرل مشرف کی کابینہ اور عمران خان کی کابینہ کا موازنہ کر لیجیے۔ پھر عمران خان کی کابینہ اور آج کی کابینہ کا مقابلہ کر لیجیے۔ وہی امرا! وہی ثروت مند! وہی جاگیردار! وہی صنعتکار! جنرل ضیا کی شوریٰ کے نام نکال کر دیکھ لیجیے۔ یہ حساب لگائیے کہ شیخ رشید‘ عمر ایوب‘ مشاہد حسین‘ امیر مقام اور بہت سے دوسرے امرا کتنی پارٹیوں اور کتنی حکومتوں میں رہے۔ حنیف عباسی جماعت اسلامی میں تھے۔ اعظم سواتی جے یو آئی میں رہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کتنی پارٹیاں بدلیں۔ یہ تو چند نام ہیں ورنہ فہرست بہت طویل ہے۔ یہ اس لیے ایک پارٹی سے دوسری اور دوسری سے تیسری میں جاتے ہیں کہ اقتدار میں رہیں۔ مقصد ہر حال میں اقتدار میں رہنا ہے۔
پس نوشت۔ ہمارے گزشتہ کالم ( یومِ اقبال۔ کرنے کا کام ) کے حوالے سے معروف صحافی جناب حامد میر نے ہمیں اپنا تبصرہ بھیجا ہے جو معلومات افزا ہے۔ ملاحظہ کیجیے: ''جناب اظہار الحق صاحب السلام علیکم! آپ نے اپنے کالم میں بہت اچھی تجویز پیش کی ہے کہ فکرِ اقبال کو فارسی سے اردو میں ترجمہ کیا جائے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہماری حکمران اشرافیہ واقعی نئی نسل کو علامہ اقبال کے فارسی کلام میں چھپے خزانے سے روشناس کروانے میں کوئی دلچسپی رکھتی ہے؟ یہ سوال اس لیے اہم ہے کہ علامہ اقبال ان تعلیمی اداروں کے نصاب سے خارج ہو چکے ہیں جہاں حکمران اشرافیہ کے بچے پڑھتے ہیں۔ گزشتہ دنوں ایک کتاب کی تلاش میں مجھے لاہور میں اقبال اکیڈمی کی بک شاپ پر جانے کا اتفاق ہوا۔ اس بک شاپ پر پہنچنا کافی مشکل تھا کیونکہ ایوانِ اقبال کے استقبالیے پر موجود عملے کو بھی نہیں پتا تھا کہ یہ بک شاپ کہاں ہے؟ پہلے یہ بک شاپ ایوانِ اقبال کی عمارت کے داخلی راستے پر ہوا کرتی تھی اور اس تک اپروچ آسان تھی اب یہ بک شاپ عمارت کے عقب میں ایک ویران حصے میں شفٹ کی جا چکی ہے اس کے باہر کوئی بورڈ ہے نہ بینر۔ آپ اندر جائیں تو گرد میں اَٹی بہت اہم کتابیں موجود نظر آئیں گی۔ افسوس کہ اس علمی خزانے کی کوئی مارکیٹنگ نہیں کی جاتی حالانکہ یہ کتابیں مارکیٹ کی نسبت بہت سستی ہیں۔ یہ مثال اس لیے دی ہے کہ حکومت 2027ء کو علامہ اقبال کے سال کے طور پر تو منا رہی ہے لیکن عملی اقدامات محض نمائشی ہیں۔ میری رائے میں اگر اصل اقبال قوم کے سامنے آ گیا تو حکومت کیلئے عالمی سامراج کی پالیسیوں پر عملدرآمد مشکل ہو جائے گا‘ فلسطین و کشمیر پر قوم سے جھوٹ بولنا مشکل ہو جائے گا کیونکہ اصل اقبال نہ صرف سامراج کا بلکہ سرمایہ دار اور جاگیر دار طبقے کا بھی دشمن ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اقبال آپ کے محبوب شہر ڈھاکہ میں لاہور سے زیادہ مقبول ہو چکا ہے۔ اقبال کی سامراج دشمنی کی وجہ سے جب فیض احمد فیض نے پیام مشرق کا فارسی میں اردو ترجمہ شروع کیا تو بعض نامی گرامی ترقی پسند شعرا نے انہیں منع کیا تھا اور کہا یہ ترجمہ آپ کے شایانِ شان نہیں کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ انقلابی فکر پر ان کی اجارہ داری ختم ہو جائے گی۔ فیض نے اپنے انقلابی ساتھیوں سے کہا تھا کہ اقبال فکر کا ایک سمندر ہے اور ہم وہ دریا ہیں جس نے اس سمندر میں گرنا ہے۔ آپ نے درست کہا کہ اقبال کے اصل پیغام کو پھیلانے کا کام ذوالفقار چیمہ صاحب کی علامہ اقبال کونسل جیسے پرائیویٹ ادارے کر سکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو فکر اقبال کو سمجھنے اور اس کی ترویج کی توفیق دے‘ آمین... فقط۔ حامد میر‘‘۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...