"SUC" (space) message & send to 7575

ایک مہمان پرندہ۔ پراوین ساہنی

پراوین ساہنی کہہ لیں یا پروین ساہنی۔ یہ وہ بھارتی تجزیہ کار ہیں جن کے تجزیوں کو پاکستان میں بھی بہت اہمیت دی جاتی ہے۔ بلکہ یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ بھارت سے زیادہ پاکستان میں ان کی مانگ ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کی میڈیا کو کنٹرول کرنے کی حکومتی پالیسیوں نے بھارت میں ایک نئی اور دلچسپ اصطلاح کو جنم دیا: گودی میڈیا۔ یہ اصطلاح دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی۔ یہ اُن چینلز اور اینکرز کیلئے عام ہو گئی جو مودی کی ہر پالیسی کے دفاع کو اپنا فرض سمجھتے ہیںاور جو حقائق بیان کرنے اور آزادانہ تجزیہ کرنے کا صحافتی کردار ادا کر ہی نہیں سکتے۔ ان میں کچھ لوگ وہ ہیں جو پاکستان سے نفرت کے زہر اور مسلمانوں کے لہو میں ڈبو کر اپنے لقمے کھاتے ہیں۔ ارنب گوسوامی‘ جنرل (ر) بخشی‘ میجر (ر) گورَو آریا وغیرہ ایسے ہی متعصب اور سرتاپا زہر تجزیہ کار ہیں۔ ان کا صحافتی قد کچھ بھی نہیں لیکن بی جے پی اور آر ایس ایس کے کٹر حمایتیوں میں وہ بہت دیکھے جاتے ہیں اور اس طرح وہ اپنا بیانیہ ان کروڑوں لوگوں تک پہنچا دیتے ہیں جو یہی کچھ سننا چاہتے ہیں۔ بھارت میں کسی چینل سے وابستہ ہو کر واقعات کا درست تجزیہ کرنا ناممکن حد تک مشکل ہو چکا ہے۔ اس لیے کہ کوئی بھی چینل حکومت کا معتوب نہیں بننا چاہتا۔ چنانچہ وہاں حقیقی صحافیوں نے وی لاگز‘ سوشل میڈیا اور پوڈ کاسٹ کے راستے اپنی بات کہنے کا راستہ اختیار کیا اور بہت مقبول ہوئے۔ وہاں وہ کھل کر اپنے تجزیے کر سکتے ہیں اور یہ بتا سکتے ہیں کہ بھارت میں سب اچھا نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پر کنٹرول مودی حکومت کیلئے کافی مشکل ہے۔ اگرچہ وقتاً فوقتاً ایسے سوشل میڈیا چینلز پر پابندی لگا دی جاتی ہے۔ مثلاً مئی 2025ء میں پاک بھارت جنگ کے دوران بہت سے پاکستانی اکائونٹس بھارت میں بند کر دیے گئے تھے۔ اسی طرح کئی بھارتی صحافیوں کے اکائونٹس پر بھی پابندی رہی۔ ان سوشل میڈیا چینلز پر جب معتبر افرادکسی معاملے پر اپنا تجزیہ پیش کرتے ہیں تو بھارت کے خیرخواہ رہتے ہوئے بھی حقیقی اور درست صورتحال بتاتے ہیں۔ پراوین ساہنی جو ایک ریٹائرڈ بھارتی فوجی افسر ہیں‘ ان کا بنیادی میدان دفاعی تجزیہ کاری ہے۔ گزشتہ برس پاک بھارت جنگ یعنی معرکۂ حق کے دوران ان کے تجزیے بہت زیادہ دیکھے گئے اور ان کی گونج بھارت اور پاکستان‘ دونوں ملکوں میں سنائی دی۔ پراوین ساہنی کے تجزیوں کا خلاصہ یہی تھا کہ مودی حکومت نے اپنے سیاسی فائدوں کیلئے یہ سارا کھیل کھیلا۔ ہر ایسے موقع پر جب انتخابات میں ووٹ کی ضرورت ہو‘ پاکستان سے جنگ اور دشمنی کا کارڈ مودی کے کام آتا ہے۔ ساہنی کے تجزیوں نے یہ بتایا کہ پاکستان اور چین نے باہمی ہم آہنگی سے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا اور بھارتی افواج کی ہر نقل وحرکت پاکستان کے علم میں رہی۔ یہ تجزیے عام طور پر مودی کے حامیوں کو پسند نہیں آتے۔ لیکن دنیا بھر کے سنجیدہ حلقوں میں ان کی مقبولیت بہت زیادہ رہی ہے۔ ان تجزیوں کی ایک خاص بات یہ ہوتی ہے کہ جدید ترین دفاعی حکمت عملی اور عالمی منظرنامے پر بڑی سٹرٹیجک پالیسیاں معلوم ہو جاتی ہیں اور وہ شعبہ جو عام آدمی کا شعبہ نہیں‘ اس کے بنیادی خدوخال دکھائی دینے لگتے ہیں۔
رواں ماہ پراوین ساہنی تین دن کیلئے اسلام آباد آئے۔ نومبر اسلام آباد میں وہ موسم ہے جس میں خنکی مارگلہ کی پہاڑیوں سے اتر کر ایوانوں میں بیٹھ جاتی ہے۔ اسی موسم میں‘ اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام ''مارگلہ ڈائیلاگ‘‘ ہوا جس کا موضوع تھا: بدلتا ہوا عالمی نظام، سٹرٹیجک غیر یقینی کا سامنا۔ 10 تا 11 نومبر دو روزہ مکالمے میں امریکہ‘ چین‘ روس‘ جرمنی اور بھارت سمیت کئی ملکوں کے اہلِ فکر شریک ہوئے۔ مگر جس ایک نام نے پاکستان میں سب سے زیادہ بازگشت پیدا کی‘ وہ بھارتی دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی کا تھا۔ وہ اسلام آباد آئے‘ مکالمے میں شریک ہوئے‘ انٹرویوز دیے‘ چائے کی میزوں پر باتیں ہوئیں‘ اور واپس جا کر ان کے دورے کی گونج پھیل گئی۔ یہ گفتگو دو قسم کی تھی۔ پہلی تو وہ جو انہوں نے مارگلہ ڈائیلاگ کے فورم میں کی۔ دوسری وہ گفتگو ہے جو انہوں نے اسلام آباد میں‘ مختلف انٹرویوز کے دوران کی۔ اسی ذیل میں بھارت واپسی کے بعد ان کے وی لاگز ہیں جس میں انہوں نے اسلام آباد میں گزرے تین دنوں کی روداد‘ اور اپنے تاثرات بیان کیے۔ساہنی نے مارگلہ ڈائیلاگ میں 12 منٹ کا خطاب کیا جس کا عنوان تھا: مغربی ایشیا، جنوبی ایشیا، رابطے اور مسابقت کی جیو پولیٹکس۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ایشیا اور جنوبی ایشیا کی جیو پولیٹکس کو اب عالمی تبدیلیوں سے الگ کر کے نہیں دیکھا جا سکتا۔ انہوں نے بین الاقوامی نظام میں پانچ بڑی تبدیلیوں کا ذکر کیا‘ جن میں کثیر قطبی دنیا کا ابھرنا‘ امریکہ‘ چین اور روس کا بڑھتا ہوا اثر‘ مصنوعی ذہانت اور اہم ٹیکنالوجیز کی بڑھتی ہوئی اہمیت شامل ہیں۔ ساہنی نے کہا کہ چین اور روس نے ترقی‘ امن‘ خود مختاری‘ برابری‘ ناقابلِ تقسیم سلامتی اور اقوامِ متحدہ کے مرکزی کردار پر مبنی نئے عالمی نظام کا ویژن پیش کیا ہے‘ جس نے گلوبل سائوتھ کے کئی ملکوں کی توجہ حاصل کی ہے۔ انہوں نے وسطی یوریشیا کو عالمی جیو پولیٹکس کا کلیدی خطہ قرار دیا‘ جس میں جنوبی ایشیا‘ مشرقی ایشیا‘ وسطی ایشیا‘ روس و چین کے کچھ حصے اور مغربی بحرِ ہند شامل ہیں‘ جہاں اہم سمندری گزرگاہیں ہیں۔ ان کا دوسرا نکتہ چونکا دینے والا تھا۔ وہ یہ کہ امریکہ تجارت کرتا ہے‘ چین اور روس ادارے بناتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ امریکہ اس خطے میں سرمایہ کاری نہیں کر رہا‘ وہ صرف تجارت کر رہا ہے۔ یہیں گلوبل سائوتھ ہے‘ اور نئے عالمی نظام کے ویژن کے ذریعے ہم خوشحال ہو سکتے ہیں‘ اُن اداروں کے ذریعے جو روس اور چین نے بنائے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے حوالے سے پراوین ساہنی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی دادا گیری قبول نہیں کی۔ ساہنی نے تسلیم کیا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں بھارت کی بالادستی کی مزاحمت میں حق بجانب ہے۔ سارک کا ذکر یہاں اہم ہے۔ ساہنی کے مطابق بھارت نے 2016ء میں اسلام آباد میں ہونے والے سارک سربراہی اجلاس سے دستبرداری اختیار کی‘ جس کے بعد یہ تنظیم عملاً معطل ہو گئی۔ یہ نکتہ ان کے اس وسیع تر نظریے سے جڑا ہے کہ جب جنوبی ایشیا نے اپنا ادارہ کمزور کر دیا تو چین نے متبادل رابطوں اور اداروں کے ذریعے جگہ بنا لی۔رسمی خطابات کے ساتھ غیر رسمی ملاقاتیں بھی اہم ہوتی ہیں۔ چائے کی میز پر رکھا سوال بھی تبدیلی کا نقطہ آغاز بن سکتا ہے۔ پاکستان میں دیے گئے انٹرویوز میں انہوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ کہا کہ اگر پاک بھارت معاملات نارمل طریقے سے ہوں تو یہ خطہ دنیا کا طاقتور خطہ بن سکتا ہے۔ ایک بات وہ متعدد بار کہہ چکے ہیں اور اس بار بھی کہی کہ پاکستان اور پاکستانیوں کا مہمان نوازی میں مقابلہ کوئی نہیں کر سکتا۔ ایک اور جگہ انہوں نے کہا کہ پاکستانی دنیا کے سب سے محبت کرنے والے اور مہمان نواز لوگ ہیں۔
ساہنی واپس چلے گئے‘ مگر ان کے تین دنوں کا سوال ابھی باقی ہے۔ کیا ہم ایک دوسرے کو دشمن کے طور پر دیکھتے رہیں گے‘ یا ایک دن ایسا بھی آئے گا جب اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان سفر انوکھی خبر نہ بنے بلکہ ایک معمول بن جائے۔ اس سوال کا جواب کون دے گا؟ ساہنی نے صرف اتنا کیا کہ انہوں نے اس سوال کو ایک بار پھر میز پر رکھ دیا‘ اور میز پر رکھا سوال کبھی کبھی سب سے بڑی تبدیلی کی شروعات بن جاتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...