حکومت اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان تناؤ جیسے جیسے بڑھتا جارہا ہے ویسے ویسے پاکستانیوں کا اضطراب بھی بڑھ رہا ہے۔ عام آدمی کا مسئلہ تو یہ ہے کہ کیا اس تصادم سے عوام کا کوئی مسئلہ حل ہو رہا ہے؟ کیا مہنگائی کم ہو رہی ہے؟ کیا خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتِ حال بہتر ہو رہی ہے؟ اگر ان سوالوں کا جواب نفی میں ہے‘ تو پھر یہ تصادم اصول کی جنگ کم اور اقتدار کی کشمکش زیادہ ہے۔ یہ تصادم کسی طرح بھی خوش کن نہیں۔ بات اب لفظی جنگ‘ تقاریر اور الزامات سے آگے بڑھ گئی ہے۔ مولانا کے تند و تیز بیانات اور تقاریر ان کے بعد بھی رکے نہیں بلکہ ان میں آتشی رنگ اور زیادہ ہونے لگا ہے۔ مولانا صاحب کے پاس گفتگو اور تقریر کا جو فن ہے وہ ان کے کسی مخالف کے پاس نہیں۔ سچ یہی ہے کہ مولانا صاحب کے خلاف بیانات دیتے اور تقاریر کرتے ہوئے وزرا کو فصاحت و بلاغت کی اس بلند سطح تک آنے کے لیے کئی زندگیاں درکار ہوں گی۔ جب یہاں بات نہیں بن پڑتی تو پھر دوسرا راستہ اختیار کیا جاتا ہے۔ یہ بہت بڑا حربہ سمجھا جاتا ہے کہ حکومت پر تنقید اور اختلاف کرنے والوں کو اور ان کے ساتھیوں کو سرکاری اداروں کے ذریعے اتنا تنگ کیا جائے کہ وہ اپنی مخالفت سے باز آ جائیں۔ ہر ایسے اقدام کے بعد حکومت‘ متعلقہ وزیروں اور فیصلہ سازوں کا قد مزید چھوٹا ہو جاتا ہے۔ سینیٹر رانا ثنا اللہ اس آگ پر پانی ڈالنے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن آگ بلند ہے اور ایک گلاس پانی اسے بجھانے کے لیے ناکافی ہے۔ سمجھدار مسلم لیگی رہنما جانتے ہیں کہ مستقبل میں (ن) لیگ کے لیے ایک گھر کا دروازہ بند ہو جانا کوئی دانش مندانہ راستہ نہیں ہے۔ یہ کشیدگی حکومت کے لیے مزید مسائل پیدا کرے گی۔ جو کچھ گزشتہ دنوں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ہوتا رہا ہے‘ مجھے یقین ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف بھی اس پر خوش نہیں ہوں گے۔
خدا کرے کہ تصادم ٹل جائے لیکن اس وقت بھی عام پاکستانیوں اور ملکی سیاسی صورت حال پر نظر رکھنے والوں کے دل میں جو سوالات پیدا ہو رہے ہیں‘ وہ اپنی جگہ اہم ہیں۔ یہ سوالات کسی ایک فریق سے نہیں‘ سب سے ہیں۔ سیاسی حکومت سے بھی اور جے یو آئی (ایف) سے بھی۔ کیا ان فریقوں سے ان کے ٹھیک اور حقیقی جوابات مل سکتے ہیں؟ میں سمجھتا ہوں کہ ان میں سے کوئی بھی ان سوالات کے سچائی کے ساتھ جواب دینے کی ہمت نہیں رکھتا۔ لیکن جواب ملیں یا نہ ملیں‘ سوالات تو اپنی جگہ رہیں گے۔ ہم جوابات نہیں بتا سکتے لیکن سوالات تو درج کرا سکتے ہیں۔ ذرا تھوڑی دیر کے لیے ماضی قریب میں میرے ساتھ چلیے۔
پی ڈی ایم‘ یعنی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘ ستمبر 2020ء میں وجود میں آئی۔ اس وقت گیارہ جماعتیں عمران خان کی حکومت کے خلاف متحد ہوئیں۔ اس اتحاد کے صدر مولانا فضل الرحمن تھے۔ یہ اتحاد صرف جلسوں تک محدود نہ رہا۔ 11 فروری 2022ء کو مولانا صاحب نے ہی بطور پی ڈی ایم سربراہ‘ تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا۔ پھر 8 مارچ 2022ء کو باقاعدہ طور پر تحریک جمع کرائی گئی اور اپریل 2022ء میں عمران خان وزارتِ عظمیٰ سے ہٹ گئے۔ اس کے بعد بننے والی پی ڈی ایم حکومت میں وہ تمام جماعتیں شامل تھیں جو آج ایک دوسرے کے آمنے سامنے کھڑی نظر آتی ہیں۔ مسلم لیگ (ن)‘ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ایک ہی کابینہ‘ ایک ہی پالیسی اور ایک ہی بیانیے کا حصہ تھیں۔ اس سے پہلے بھی جے یو آئی کی تاریخ اتحادوں سے بھری ہوئی ہے۔ جمعیت علائے اسلام نے جماعت اسلامی کے ساتھ بھی اتحاد کیا‘ پیپلز پارٹی کے ساتھ بھی‘ عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ بھی اور 2013ء کے بعد سے مسلم لیگ (ن) کی مستقل اتحادی رہی۔
پی ڈی ایم ہی کی بات کر لیں تو صرف چار سال پہلے یہ سب جماعتیں شیر وشکر ہو کر ایک مقصد تلے جمع تھیں۔ مقصد تھا پی ٹی آئی کے اقتدار کا ختم کرنا۔ اب سوال یہ ہے کہ جب یہ سب ایک ساتھ تھے‘ تو کیا وہ ایک دوسرے کی خامیوں سے ناواقف تھے؟ کیا اس وقت الزامات غلط تھے اور اب اچانک درست ہو گئے ہیں؟ یا اس وقت مفادات نے زبانوں کو خاموش کر رکھا تھا اور اب مفادات کے ٹکراؤ نے زبانیں کھول دی ہیں؟ یہ بھی ناقابل تردید حقیقت ہے کہ تحریک عدم اعتماد کو اُس وقت کی مقتدرہ کی حمایت حاصل تھی۔ وہ پشت پناہی ختم ہو چکی تھی جس کے تحت خان صاحب کی حکومت لائی گئی تھی اور چند ووٹوں کے فرق سے ساڑھے تین سال تک قائم رہی۔ خان صاحب کے لیے سیاست دانوں کے پاس جانا ممکن نہیں رہا تھا کہ وہ سب کو چور ڈاکو کہتے آئے تھے۔ پشت پناہی ختم ہوتے ہی خان صاحب بے دست وپا ہو گئے۔ کیا یہ جماعتیں بتا سکتی ہیں کہ 2022ء کی تبدیلی خالص پارلیمانی عمل تھا؟
اسی طرح ایک اور سوال عمران خان کے حامیوں‘ حکومت کے حامیوں اور مولانا صاحب کے حامیوں سے پوچھا جا سکتا ہے۔ جب پی ڈی ایم کی حکومت قائم ہوئی تو کیا اس وقت تمام فریق ایک دوسرے کو پاک صاف سمجھتے تھے؟ اگر اس وقت ایک دوسرے پر اعتماد تھا‘ تو وہ اعتماد اچانک کیسے ختم ہو گیا؟ اور اگر اعتماد نہیں تھا تو وہ اتحاد کس بنیاد پر تھا؟ اگر یہ مان لیا جائے کہ تمام فریق پہلے سے ایسے ہی تھے جیسا اب ایک دوسرے کو بتا رہے ہیں‘ تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ ماضی کے تمام اتحاد محض دھوکا تھے۔ یا پھر یہ مان لیا جائے کہ یہ سب چار سال پہلے بالکل ٹھیک تھے‘ اب اچانک ایسے ہو گئے ہیں۔
ایک منٹ رک کر سوچیے۔ آج مولانا صاحب پر طرح طرح کے الزامات لگانے والی مسلم لیگ (ن) کو کیا چار سال پہلے یہ باتیں یاد نہیں تھیں؟ وزرا کہتے ہیں کہ جے یو آئی کی ناراضی کی وجہ اقتدار میں حصہ نہ ملنا ہے۔ ان کے مطابق کشمیر کمیٹی میں مولانا صاحب مراعات کے مزے لوٹتے رہے۔ فلاں فلاں بے ضابطگیاں ان کے کھاتے میں ہیں۔ لیکن صرف چار سال پہلے ان کی قیادت میں جمع ہوتے ہوئے‘ یہ سب باتیں کہاں تھیں؟ وہ کس منہ سے مولانا صاحب پر زبان طعن دراز کرتے ہیں جبکہ کل تک وہ انہیں پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے پُل کے طور پر استعمال کرتے رہے ہیں۔ عوام کے پاس تو نہ ملاقاتوں کی تفصیل ہے اور نہ فائلیں۔ پس پردہ کہانیاں کون جانے‘ لوگ تو صرف بیانات ہی سے اندازہ لگانے کی کوشش کرتے ہیں۔ بات یہ ہے کہ پاکستان کی سیاست میں کسی بھی بڑی جماعت کو صرف سیاہ یا سفید میں نہیں دیکھا جا سکتا۔ ہر فریق کے پاس کچھ کارنامے بھی ہیں اور کچھ کوتاہیاں بھی۔ اور بڑی جماعتوں کی کوتاہیاں بھی بڑی ہوتی ہیں۔ سچ کیا ہے! سچ یہی ہے کہ ان فریقوں کے الزامات کو نہ مکمل سچ کہہ سکتے ہیں اور نہ ہی مکمل جھوٹ۔ یہ آدھے سچ ہیں اور آدھا سچ جھوٹ سے زیادہ خطرناک ہوتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments