"SUC" (space) message & send to 7575

تہذیبوں کا تصادم یا ہم آہنگی

نومبر میں نئی دہلی کی فضاؤں میں خنکی اتر آتی ہے لیکن ساتھ ساتھ سموگ کی چادر بھی اسے اپنے غلاف میں ڈھانپ لیتی ہے۔ دہلی اور لاہور ایک جیسے خد و خال رکھتے ہیں اور ایک جیسے موسم بھی۔ نومبر بھی دونوں شہروں پر ایک سا گزرتا ہے۔ اس سال نومبر میں ایک بڑا سوال سامنے تھا۔ اور وہ یہ کہ کیا بھارت اور پاکستان ایک ہی چھت تلے‘ ایک میز پر بیٹھ کر کسی بھی موضوع پر بات کر سکتے ہیں؟
20سے 22نومبر 2026ء تک نئی دہلی میں ہونے والا شنگھائی تعاون تنظیم کا پہلا تہذیبی مکالمہ فورم اسی سوال کا ایک عملی جواب تھا۔ پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے کی۔ یہ ایک منفرد موقع تھا کہ یہ مئی 2025ء کے بعد پاکستان کے کسی وزیر کا بھارت کا پہلا دورہ تھا۔ موضوع تہذیب و ثقافت سہی لیکن اس پردے میں یہ باہمی تعلقات کا بھی امتحان تھا۔
شنگھائی تعاون تنظیم ایک بین الحکومتی تنظیم ہے جو 2001ء میں چین‘ روس‘ قازقستان‘ کرغزستان‘ تاجکستان اور ازبکستان نے قائم کی جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان تعاون اور امن کو فروغ دینا تھا۔ اس کی جڑیں 1996ء کے شنگھائی فائیو میں ہیں۔ شنگھائی فائیو بنیادی طور پر سرحدی اعتماد سازی اور اسلحے میں کمی کیلئے بنا تھا۔ 2017ء میں اس تنظیم میں بھارت اور پاکستان شامل ہوئے‘ ایران 2023ء میں مکمل رکن بنا‘ اور اب اس کے دس رکن ممالک ہیں۔ ایس سی او کے بنیادی مقاصد میں باہمی اعتماد‘ سیاست‘ تجارت‘ معیشت‘ سائنس‘ ٹیکنالوجی‘ ثقافت‘ تعلیم‘ سیاحت اور ماحولیات میں مؤثر تعاون کو فروغ دینا وغیرہ شامل ہیں۔ دہلی کا اجتماع ان مقاصد کے ثقافتی اور تہذیبی پہلو پر تھا۔ پاکستان اس وقت ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ کا موجودہ چیئرمین ہے۔ اس پس منظر کے ساتھ یہ محض شرکت نہیں تھی‘ یہ قیادت کا کردار بھی تھا۔ اجلاس کا عنوان تہذیبوں کے درمیان مکالمہ تھا۔ یہ بات سمجھنے کی ہے کہ دنیا اور اس کا نقطۂ نظر بدل رہے ہیں۔ دنیا آج تہذیبوں کے تصادم کے بیانیے سے تھک چکی ہے۔ ایشیا کی تہذیبیں‘ چین کی کنفیوشس روایت‘ بھارت کی گنگا جمنی تہذیب‘ ایران کی فارسی تہذیب‘ وسطی ایشیا کی ترک و فارسی روایت‘ روس کی یوریشیائی شناخت اور پاکستان کی گندھارا‘ سندھ‘ پنجاب اور اسلامی تہذیب‘ یہ سب ایک ہی براعظم کی مختلف تہذیبیں ہیں۔ ان کے درمیان مکالمہ دراصل اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ اختلاف ختم کرنا ضروری نہیں‘ ایک دوسرے کو تسلیم کرنا اور سمجھنا ضروری ہے۔
کوئی حکومتی اقدام ایسا ہوتا ہے جو کسی حکومت کے مخالفوں کو بھی تحسین اور اعتراف پر مجبور کر دیتا ہے۔ ڈاکٹر مصدق ملک کی نئی دہلی میں کارکردگی اپنی جگہ لیکن جس نے بھی مصدق ملک کو اس بین الاقوامی اجتماع میں شرکت کے لیے پاکستانی نمائندے کے طور پر بھیجنے کا فیصلہ کیا‘ داد اسے بھی ملنی چاہیے۔ مصدق ملک نے خود کو اس فورم میں نمائندگی کا اہل ثابت کیا۔ میںعالمی اجتماعات میں مصدق ملک کی انگریزی تقاریر سنتا رہا ہوں۔ ان میں سے کئی خطاب فی البدیہہ بھی تھے اور ظاہر کرتے تھے کہ مقرر کی موضوع اور متعلقات پر بہت اچھی گرفت ہے۔ الفاظ کا چناؤ‘ عمدہ ادائیگی اور بھرپور انداز میں حاضرین کی توجہ اپنی طرف کروا لینے جیسی خصوصیات ہمیشہ نمایاں نظر آتی تھیں۔ لیکن ان کی اردو تقریر سننے کا شاید کبھی اتفاق نہیں ہوا تھا۔ اب جو نئی دہلی کی تقریر انہوں نے کی وہ منفرد بھی ہے اور اس کی گونج بھی بہت سنائی دی۔ انہوں نے اردو میں خطاب کیا اور خوشگوار حیرانی یہ بھی تھی کہ شعر وزن میں پڑھے۔ انہوں نے مرزا غالب اور علامہ اقبال کا تذکرہ کیا۔ غالب دہلی کے ہیں‘ اقبال لاہور اور سیالکوٹ کے‘ مگر دونوں پوری اردو دنیا کے ہیں۔ ان دونوں کے بغیر پاک و ہند کی تہذیبی اور فکری تاریخ مکمل نہیں ہوتی۔ اس تقریر نے ان ناموں کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ تہذیبیں سرحدوں کی قیدی نہیں ہوتیں۔ پاکستان کی تجویز تھی کہ اس ورثے کے تحفظ کیلئے ایس سی او نیٹ ورک اور ڈیجیٹل لائبریری قائم کی جائے۔ ڈیجیٹل لائبریری کا تصور بہت اہم ہے۔ اگر ایک مخطوطہ لاہور میں ہے‘ ایک تاشقند میں‘ ایک تہران میں‘ تو ڈیجیٹل لائبریری انہیں ایک جگہ جمع کر سکتی ہے۔ اگر کوئی تاریخی عمارت زلزلے سے گر جائے یا آتشزدگی کا شکار ہو جائے تو کم از کم اس کا ڈیجیٹل ریکارڈ باقی رہے۔ اگر کوئی نوجوان محقق گھر بیٹھے بخارا اور لاہور کے نسخوں کا موازنہ کرنا چاہے تو اسے ویزا نہیں‘ صرف انٹرنیٹ درکار ہو۔ پھر موسمیاتی تبدیلیوں کا مسئلہ ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے سب سے زیادہ شکار ممالک میں سے ایک ہے۔ 2022ء کے سیلاب نے کئی تاریخی مقامات کو نقصان پہنچایا۔ ملک میں بے ترتیب اور بے موسمی بارشیں‘ شمالی علاقوں میں گلیشیرز کا پگھلنا‘ یہ سب صرف کھیتوں اور بستیوں کو نہیں‘ تاریخ اور ثقافت کو بھی مٹا رہے ہیں۔ اسی طرح بھارت میں تاج محل کو فضائی آلودگی سے خطرہ ہے‘ چین میں صحرائی پھیلاؤ قدیم شاہراہ ریشم کے آثار کو نگل رہا ہے‘ وسطی ایشیا میں دریاؤں کا خشک ہونا قدیم شہروں کو ویران کر رہا ہے۔ نکتہ یہ تھا کہ موسمیات اب صرف ماحولیاتی مسئلہ نہیں‘ تہذیبی مسئلہ بن چکا ہے۔ اگر ہم نے مل کر اس کا مقابلہ نہ کیا تو صرف عمارتیں نہیں کھوئیں گے بلکہ اپنا حافظہ اور اپنی تاریخ بھی ضائع کردیںگے۔
اردو میں تقریر کرنا ایک بین الاقوامی اجتماع میں ذرا مشکل فیصلہ تھا۔ کوئی اور وزیر ہوتا تو وہ انگریزی میں رسمی تقریر کرکے کسی طرح اپنی ذمہ داری بھگتا دیتا لیکن مصدق ملک نے اس موقع کوذہانت اور سلیقے سے استعمال کیا۔ ہم پاکستا نی ہمیشہ اس پر کڑھتے رہتے ہیں کہ ہمارے حکمران بین الاقوامی اجتماعات میں قومی زبان میں بات کیوں نہیں کرتے۔ وہ قومی لباس میں کیوں نمودار نہیں ہوتے۔ ایک شیروانی اور ایک شلوار قمیص انہیں فقط حلف اٹھاتے وقت ہی کیوں فٹ آتی ہے اور اس کے بعد تنگ کیوں پڑ جاتی ہے۔ بعض کو تو قومی لباس حلف کے وقت بھی نصیب نہیں ہوتا۔ مجھے کبھی سمجھ نہیں آیا کہ مہنگے برانڈز کے سوٹ پہن کر ہمارے حکام کسے مرعوب کرتے ہیں۔ کیا ان لوگوں کو یہ برانڈز جن کے گھر کی لونڈی ہیں؟ مجھے کبھی سمجھ نہیں آیا کہ بین الاقوامی اجتماعات میں یہ حکمران انگریزی کسے سناتے ہیں؟ کیا ان لوگوں کو جن کی انگریزی ان سے ہزار گنا بہتر اور رواں ہے؟ اٹک اٹک کر کی جانے والی تقریر کسے پسند آتی ہو گی۔ سوائے ان کے اپنے احساسِ کمتری کے‘ کس کی تسکین ہوتی ہو گی۔ میرے عم مکرم مفتی رفیع عثمانی کہا کرتے تھے کہ ہم گونگی قوم ہیں۔ ہم کسی بھی زبان میں بہتر اظہارِ خیال نہیں کر سکتے۔ جب کسی کا سارا ذہن اس بات پر مرکوز ہو گا کہ میں یہ جملہ کیسے مکمل کروں اور اگلا جملہ کیسے بناؤں تو وہ خاک اعتماد سے اپنی بات کرے گا؟ وہ خاک اپنی بات منوائے گا؟ وہ تو بس سر پر پڑی مصیبت بھگتائے گا۔ اس کا سٹاف اسے تقریر لکھ دے گا اور وہ برے تلفظ کے ساتھ انگریزی بول کر سمجھے گا کہ میں نے بڑا تیر مار دیا۔ لیکن کچھ ڈھارس بندھی ہے کہ ہم بالکل ہی گونگے نہیں ہیں۔
بھارت میں کسی بھی پاکستانی عہدیدار پر بھارتی صحافی تلواریں ہمیشہ سونت کر حملہ آور ہوتے ہیں۔ ایسے جارحانہ سوالات جن سے چینلز کی ریٹنگ بھی بڑھے اور پاکستانی عہدیدار دفاعی انداز اختیار کر لے ان کی حکمت عملی کا حصہ ہوتے ہیں۔ لیکن ہر جگہ بہت تحمل کے ساتھ اور متوازن انداز میں مصدق ملک نے صحافیوں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا۔ اس کی داد الگ ملنی چاہیے۔ انہوں نے راہِ فرار اختیار نہیں کی مگر سوال کرنے والوں کے طے کردہ ایجنڈے کا حصہ بھی نہیں بنے۔ انہوں نے ہر جگہ اس بات پر زور دیا کہ وہ ایک کثیر ملکی فورم کو پاک بھارت کے دوطرفہ تنازعات کا میدان نہیں بنانا چاہتے۔ ان کی گفتگو میں وہ سلیقہ نظر آیا جو ایک تجربہ کار سیاسی نمائندے کا سلیقہ ہونا چاہیے۔ مجھے دلّی کے در و دیوار یاد آنے لگے۔ انہوں نے مدتوں بعد کسی ایسے شخص کی آواز سنی ہوگی جو مشترکہ ادب‘ تہذیب اور ثقافت کی بات کرتا تھا۔ جو تہذیبوں کے تصادم کی نہیں ہم آہنگی کی بات کرتا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...