"RBC" (space) message & send to 7575

مگر یہ ہوگا کیسے ؟

ہم بھی کیا سادہ ہیں کہ ایسے سوال اٹھاتے ہیں۔ نئے صوبوں کے بارے میں بندوبستی نظام کے حصہ داروں میں باہمی گفتگو اب لڑائی جھگڑے اور الزام تراشیوں کی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ وزیراعظم صاحب نے اس بارے زبان بندی کا حکم اپنی کابینہ کے اراکین کو دیا ہے‘ میرے خیال میں گولہ باری تھم تو سکتی ہے‘ مگر ادھر ادھر سے جاری رہنے کے امکانات کہیں زیادہ ہیں۔ بندوبستی نظام کے اندر سیاسی جماعتوں میں سے اس وقت صرف دو جماعتیں نئے صوبوں کے قیام کے حق میں بیان بازی کر رہی ہیں۔ ان میں سے ایک تو کراچی میں بڑے جلوس کی تیاری بھی کر رہی ہے۔ دو بڑی سیاسی جماعتیں‘ پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) ابھی تک صوبوں کو تقسیم کر کے نئے صوبوں کے حق میں نظر نہیں آ تیں۔ (ن) لیگ والے خاموش ہیں‘ مگر اس خاموشی کو آپ حمایت قرار نہیں دے سکتے۔ ملک کے سب سے بڑے صوبے کو تین یا اس سے زیادہ صوبوں میں تقسیم کرنے یا نئے انتظامی یونٹ تشکیل دینے اور انہیں بااختیار بنانے سے تختِ لاہور کی روشنیاں ماند پڑنے کے واضح امکانات ہیں‘ ایسے میں (ن) لیگ اس کی حمایت میں اپنا وزن کیوں ڈالے گی؟ بات یہاں اب اگر اپنے وزن کی ہے تو اس بارے میں لوگوں کے اندازے ہیں کہ پلڑے میں بہت کچھ اضافہ کیا گیا تاکہ ناپسندیدہ جماعت اور اس کے بانی کو وہاں رکھا جا سکے جہاں آج کل وہ ہیں۔ یہ صرف (ن) لیگ کی کہانی نہیں‘ نوابشاہ والوں کو بھی بہت کچھ تحفے میں عنایت ہوا ہے۔ سیاست میں کوئی احسان مندی نہیں ہوتی اور نہ ہی کوئی زیادہ دیر تک اس کا بوجھ اٹھا کر سیاست کر سکتا ہے۔ ایسے اقدامات تو صرف باہمی مفادات میں کیے جاتے ہیں۔ موروثی سیاسی حالات و واقعات کا تقاضا تھا کہ ایک وسیع تر گٹھ جوڑ کیا اور کرایا جائے۔ ہماری پرانی تاریخ اور سیاسی روایات کا نیا باب سمجھیں کہ مقتدر حلقوں کو بھی تو سیاسی فرنٹ کی ضرورت رہتی ہے۔ اسی طرح عوامی حمایت کھونے مگر اقتدار کی ہوس میں ہمارے نامور سیاسی کرداروں نے بھی نظریۂ ضرورت کے پیشِ نظر ہاتھ پھیلانے کو معیوب نہیں گردانا۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ اسی نظام کو لپیٹنے اور کچھ تازہ اور نیا کرنے کی منصوبہ بندی ہو چکی ہے‘ جسے اس وقت کے سیاسی فرنٹ میں شامل دو بڑی جماعتیں اپنے سیاسی مستقبل کے لیے بہت بڑا خطرہ سمجھتی ہیں‘ بلکہ یہ کہیں کہ اگر نئے صوبے بن گئے تو ان کے موروثی اقتدار کا سورج غروب ہونے کے آثار سب کو نظر آ رہے ہیں۔
سوال یہ ہے کہ ایسا ہو گا کیسے؟ یہی سوال میں اکثر سابق چیف جسٹس محترم جواد ایس خواجہ صاحب سے کیا کرتا تھا کہ معزول اور گھر میں نظر بند جج کیسے بحال ہوں گے۔ پیپلز پارٹی‘ جس نے (ق) لیگ کے بعد اقتدار سنبھالا تھا‘ پرویز مشرف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ایک سال تک مزاحمت کرتی رہی تھی۔ وہ اکثر کہتے تھے کہ ہو گا ضرور‘ مگر یہ معلوم نہیں کہ کیسے ہو گا۔ پھر ایک روز‘ آدھی رات کے وقت اعلان ہوا۔ ججز رہا بھی ہو گئے اور بحال بھی۔ ابھی تک میری اپنی رائے تبدیل نہیں ہوئی۔ پہلے بھی کئی مرتبہ ان صفحات پر عرض کر چکا ہوں کہ نئے صوبوں پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا انتہائی مشکل کام ہے اور ایسا بھی نہیں کہ موجودہ صوبوں کا نقشہ تبدیل کر کے ہمارے مسائل حل ہو جائیں گے۔ حل تو موجود ہے اور ہر جگہ دنیا میں مؤثر طریقے سے کام کر رہا ہے‘مگر ہمارے سیاسی گھرانے اختیارات کی تقسیم یا نچلی سطح پر منتقلی نہیں چاہتے۔ موجودہ صوبائی نظام پر یہ اعتراض بنتا ہے اور بالکل درست ہے کہ چند خاندانوں کی بادشاہت ہے‘ جس کو دو سیاسی گھرانے مناسب خیال کریں وزیراعلیٰ بنا دیں یا خاندان سے کسی کو بنا دیں اور صوبائی نظام کو مہاراجہ رنجیت سنگھ کی طرح چلائیں۔ ویسے مہاراجہ جیسا حکمران ان کے بعد کم از کم پنجاب میں تو پیدا نہیں ہوا۔ بہتر حل اب بھی یہی ہے کہ شہری اور مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ اور وسائل واختیارات کی منتقلی پر سیاسی سمجھوتا کر لیا جائے۔ ہمارے ایسے مشوروں کو کون سنتا ہے۔ مگر جب تاریخ کو پھر سے رقم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے تو اپنی رائے کو آپ کے سامنے رکھنا اپنا فرض سمجھتا ہوں۔
معلوم تو یہ ہوتا ہے کہ نئے صوبے بنانے کا فیصلہ کہیں ہو چکا ہے‘ کسی کو اس سے کوئی سروکار نہیں کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اس بارے کوئی اتفاق ہے یا نہیں۔ پنجاب تقسیم ہو گا تو باقی صوبے مقدس گائے تو نہیں رہ سکیں گے۔ بات وہی ہے‘ ہو گا کیسے؟ آپ نے سیاسی بیان بازی تو اخباروں میں پڑھی ہو گی یا سکرینوں پر دیکھی ہو گی کہ صوبے بنانے ہیں تو آئینی راستہ اختیار کیا جائے۔ اگر کوئی آئین میں درج طریقہ کار کے مطابق چلے! اگر ایسا ہو گا کہ کسی کو ٹرک کی بتی دکھائی دے جائے اور وہ ساحلِ مکران تک بھی اس کے پیچھے دوڑتا رہے تو اس تک نہیں پہنچ سکے گا۔ پہلے تو ہر صوبے کی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے قرارداد پاس کرے کہ وہ اپنے صوبے کو تین یا چار صوبوں میں تقسیم کرنے جا رہی ہے۔ اس کے بعد پارلیمان دو تہائی اکثریت سے آئین میں ردو بدل کرے۔ کوئی سیاست باز اگر آئین کی راہ دکھاتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ نئے صوبوں کے حق میں نہیں۔ ایسا مشکل بلکہ ناممکن طریقہ کار رکھا ہی اس لیے گیا تھا کہ کچھ خدشات تقسیم در تقسیم کے موجود تھے۔
اب آتے ہیں کہ ناممکن کو ممکن بنانے کے لیے کیا تدابیر اختیار کرنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ ایک مشکل منزل تک کا شارٹ کٹ راستہ اختیار کیا جا رہا ہے‘ وہ ہے ریفرنڈم کہ عوام سے پوچھیں کہ وہ نئے صوبے بنانا چاہتے ہیں یا نہیں۔ ہمارے ریفرنڈمز کی تاریخ ایسی ہے کہ آج تک کوئی ناکام نہیں ہوا اور سب کے حق میں پچھتر فیصد سے زیادہ ووٹ پڑے ہیں۔ یوں اگر ایسا ریفرنڈم ہوتا ہے تو آپ پہلے ہی نتیجہ ذہن میں رکھ لیں کہ کامیاب ہو گا۔ گنتی کا طریقہ اس مرتبہ تبدیل ہو گا۔ گزشتہ ریفرنڈمز کے برعکس ہر صوبے کے ووٹ علیحدہ علیحدہ گنے جائیں گے۔ اعلان اس طرح سے ہوں گے: صوبہ سندھ کی واضح اکثریت نے دو یا تین نئے صوبے بنانے کے حق میں رائے دی ہے۔ ابھی سے یہ استدلال شروع ہو چکا ہے کہ دیکھیں! اسمبلی کے اراکین کی تعداد تو سینکڑوں میں ہے‘ ریفرنڈم میں کروڑوں لوگوں کی رائے شامل ہے۔ لیکن صوبوں کی تقسیم کا یہ طریقہ آئین میں شامل نہیں۔ تو پھر ریفرنڈم کس لیے؟ جو بات ہماری سمجھ میں آتی ہے وہ یہ ہے کہ عوامی حمایت کا مضبوط کیس بنا کر آئینی عدالت کے سامنے رکھا جائے اور کسی ایسی آئینی تشریح پر زور دیا جائے جس سے یہ مقصد حاصل ہو جائے۔
ایسے وقت میں جبکہ ملک کے اندر کم از کم دو صوبوں میں امن وامان کی صورتحال ابتر ہے‘ کچھ معاشی استحکام تو پیدا ہوا ہے مگر آگے ہم نہیں بڑھ رہے اور عدم استحکام کی سی کیفیت ہے‘ ایک ایسا بنیادی فیصلہ کرنا جس سے صوبوں کا جغرافیہ مکمل طور پر تبدیل ہو جائے‘ مزید انتشار کا موجب بن سکتا ہے۔ کہتے تو سب ہیں کہ یہ فیصلہ اتفاقِ رائے سے ہونا چاہیے‘ مگر ایسا ہو گا نہیں۔ فیصلہ پہلے کیا جا چکا ہے اور اب اسے عملی صورت دینے کی تیاریاں بھی مکمل ہوتی نظر آ رہی ہیں۔ اوپر سے نظام چلانے والوں کا خیال ہے کہ یہ نظام اب یوں نہیں‘ مختلف جغرافیائی اکائیوں کی صورت میں چلے گا۔ شاید معاملہ صوبوں کی نئی جغرافیائی حد بندی‘ انکے نئے ناموں تک محدود نہ رہے اور اس میں نئی سیاست کا بھی رنگ بھر دیا جائے۔ وہی بے یقینی کی صورتحال اور وہی بے چینی۔ وہی نئے شوشے اور وہی فکرمندی کہ آگے کیا ہو گا؟ آپ اسکے عادی ہیں یا نہیں‘ ہم تو ایسے کئی ادوار دیکھ چکے ہیں۔ جو بھی ہوتا ہے ہمیں کیا‘ ہم قلم گھسیٹتے رہیں گے اور اگر اس پر بھی پابندی لگی تو زراعت و باغبانی تو ایسا پیشہ ہے کہ جو بھی حالات ہوں‘ آپ کاشتکاری کر سکتے ہیں۔ اپنے لیے اس پرانی دنیا میں دوبارہ بسنا کہیں زیادہ آسان ہے۔ ملک میں جو بھی ہوتا ہے وہ ہمیں قبول ہے۔ 'قبول ہے‘ کی روایت میں قبول ہے۔ اگر سیاسی لڑائیاں زور پکڑتی ہیں تو ہم دوسرے تماش بینوں کی طرح تماشا دیکھیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...