"RBC" (space) message & send to 7575

وہ چشمِ بصیرت کہاں سے لائیں؟

کئی سال پرانی بات ہے کہ کہیں دور دراز کے علاقے میں‘ پہاڑیوں میں صحرا نوردی کے شوق میں پورے دن کی مسافت کے بعد‘ ڈھلتے سورج میں لڑکھڑاتے قدموں کے ساتھ اتر رہا تھا کہ اچانک فون کی گھنٹی بجی اور بتایا گیا کہ کوئی بڑا آدمی بات کرنے کے لیے بیتاب ہے۔ حکم ملا کہ فون بند نہ کرنا۔ دل کی دھڑکن کچھ زیادہ تیز ہونے لگی کہ نجانے کیا غلطی سرزد ہو گئی ہے۔ ہم تو ویسے ہی بزدل لوگ ہیں‘ چند استقبالی جملوں کے بعد گرج دار آواز میں فرمایا کہ ایک تبصرہ ہوتا ہے اور پھر تبصرے ہوتے ہیں‘ اور سنائیں! بچے تو ٹھیک ہیں؟ پھر وہ فقرہ ایک دو بار دہرایا۔ آج یاد آیا تو سوچا کہ اپنے تبصروں میں احتیاط برتنا‘ آج کل کے ماحول میں تو کہیں زیادہ ضروری ہو گیا ہے۔ آپ کی طرح ہم بھی بڑے لوگوں کی بڑی باتیں سننے اور برداشت کرنے کے عادی ہو چکے ہیں‘ مگر جو غالب نے کہا تھا کہ:
رنج سے خوگر ہوا انساں تو مٹ جاتا ہے رنج
مشکلیں مجھ پر پڑیں اتنی کہ آساں ہو گئیں
پھر بھی میں خوش قسمت ہوں کہ جن صعوبتوں اور تکلیفوں سے ہمارے جیسے کئی لکھاری گزرے ہیں‘ ہم ابھی تک محفوظ ہیں۔ گالی گلوچ‘ دھمکیوں اور نفرت آمیز باتوں کے ہم پہلے ہی سے عادی ہیں۔ اب تو نظام‘ گزشتہ انتخابات‘ کرپشن اور دھاندلیوں کے بارے میں بار بار بات کرنے سے کچھ کراہت سی محسوس ہونے لگی ہے۔ لاہور کے ہمارے چند دوست بھی یہی کہتے ہیں کہ کس چکر میں قلم گھسیٹ رہے ہو‘ جاؤ خاموشی سے کہیں بیٹھ جاؤ‘ یہاں کوئی بہتری نہیںآنی۔ اب بھی میرا خیال ہے کہ ترقی اور خوشحالی ہمارا مقدر بن سکتی ہے‘ امن و سکون اور سلامتی بھی پیدا ہو سکتی ہے‘ اگر نظام کی بنیاد عوامی امنگوں سے ہم آہنگ ہو‘ وژن درست ہو اور عملیت پسندی کا رنگ غالب ہو۔ چین کی مثال سامنے ہے‘ ماؤ کی جمود زدہ پالیسیوں کے بعد ڈینگ شیاؤ پنگ آئے تو چہار جہتی جدت کا نظریہ سامنے رکھ کر چین کو صنعت‘ معیشت‘ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں عالمی افق پر چمکتا ہوا ستارہ بنا دیا۔ یہ سب کچھ نصف صدی سے بھی کم عرصہ میں ہوا‘ صرف دو نسلوں کے درمیان۔ آپ ایک ہی نسل کا کارنامہ بھی کہیں تو غلط نہ ہو گا۔
پہلی مرتبہ تعلیمی سفر پر امریکہ کے لیے کراچی سے پرواز لی تو وہاں چند چینی باشندے بھی نظر آئے۔ ہمارے دیرینہ قومی دوست دنیا میں سفارت کاری یا دیگر ریاستی کاموں کے لیے یہی روٹ استعمال کیا کرتے تھے۔ ہماری قومی ہوائی کمپنی‘ جو کسی زمانے میں دنیا کی بہترین کمپنیوں میں سے ایک تھی‘ نے چینیوں کو یہ سہولت فراہم کر رکھی تھی۔ غیر اشتراکی ممالک میں ہماری یہ واحد کمپنی تھی جو بیجنگ کو سروس مہیا کرتی تھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بدل گئی۔ چین اشتراکیت سے جان چھڑا کر ترقی کے لیے جب اپنی راہیں ہموار کر رہا تھا‘ ہمارے عوامی رہنماؤں نے سوشلزم کے گھوڑے پر سواری کی ٹھان لی اور سوائے اپنی نجی زمینوں کے‘ لوگوں کی پھلتی پھولتی فیکٹریوں سے لے کر سکولوں اور کالجوں تک کو حکومتی تحویل میں لے لیا۔ ایک بات جو عام ہمارے دانشور ٹولوں کی سمجھ میں نہ آ سکتی تھی‘ وہ یہ تھی کہ اشتراکیت چین اور سوویت یونین میں ناکام ہو کر کھوکھلی ہو چکی تھی۔ سوچنے کی بات یہ ہے کہ پھر یہاں کیوں شاہراہِ انقلاب جیسے مقالے لکھے جا رہے تھے؟ افغانستان کے اشتراکی ہوں یا ہمارے ہاں کے‘ سب کتابی انقلابی‘ سب سطحی باتوں سے متاثر تھے۔ کبھی کسی نے معیشت کا نہ مطالعہ کرنے کی کوشش کی اور نہ اُس پر اعتماد کیا جو مغرب کے تحقیقی مراکز میں شائع ہو رہا تھا۔ قومیائی گئی صنعتوں‘ بینکوں اور خصوصاً ہماری قومی ہوائی کمپنی کے علاوہ حکومتی محکموں میں بھرتی کیے جانے والے جیالوں نے بالکل ویسا کیا جیسے ہلاکو خان کے ہاتھ نئی جاگیر آ جائے۔ یہ سنی سنائی باتیں نہیں‘ آنکھوں دیکھے مشاہدے ہیں جن کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں۔
بائیس صنعتی گھرانوں کے معاشی غلبے کی پٹی ایسی چلی اور اس طرح چلائی گئی جیسے پاکستان کا داخلی طور پر سب سے بڑا دشمن صنعتکار ہو۔ کچھ یاد ہو گا کہ اس بات کا پرچار کون کر رہا تھا؟ ملک کا جاگیردار طبقہ اور نیم پختہ کتابی اشتراکی دانشور۔ چونکہ وہ سب اب آسودۂ خاک ہیں اس لیے کسی کا نام لینے کی ضرورت نہیں۔ اس زمانے کے سیاسی ماحول میں قوم نے اس طبقے میں ہی نجات دہندہ دیکھے۔ اس زمانے میں ہمارا پڑوسی ملک قومی صنعت کاروں کو برآمدات کے خلاف تحفظ فراہم کر رہا تھا۔ پہلی مرتبہ مجھے 1984ء کے اوائل کے مہینوں میں تقریباً ایک ہفتے کے لیے بھارت میں جانے کا اتفاق ہوا۔ اس کی روداد وقت ملا تو آپ کی نذر کروں گا۔ اس ملک کے سیاستدان اور دانشور اس بات پر فخر کرتے تھے کہ ہم یہاں سب کچھ یہاں بناتے ہیں۔ جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں نئے دوست بنے تو وہاں جانا روز کا معمول تھا۔ اس سے قبل بھارت نے کولڈ ڈرنک بنانے والی کمپنیوں کو ملک سے رخصت کر دیا تھا۔ اس کی جگہ انہوں نے اپنا کولا بنایا جس کا نام ابھی تک ذہن میں محفوظ ہے‘ کیمپا کولا۔ باہر کی کوئی گاڑی وہاں سڑکوں پر نظر نہیں آتی تھی۔ آنجہانی جسونت سنگھ صاحب اس وقت پارلیمنٹ کے ممبر تھے اور بعد میں وزیر دفاع‘ وزیر خارجہ اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن بھی رہے۔ ان سے ملنے ان کے گھر گیا۔ یہ بھی عرض کر دوں کہ ان کا تعلق راجستھان کے ایک نواب جاگیردار خاندان سے تھا۔ گھریلو ملاقات کے بعد وہ مجھے اپنی لوکل ایمبیسیڈر کار میں‘ جو ہماری مورس ٹیکسی کار کی طرح تھی‘ مزید بات چیت کے لیے اپنے دفتر لے گئے۔ ہمارے زمیندار اور غیر زمینداروں کی نمائشی نوابیّت کے مقابلے میں ان کا رہن سہن‘ اس اجنبی کے ساتھ ملنا جلنا انتہائی پُرخلوص اور عزت واحترام پر مبنی تھا۔ میرا نہیں خیال کہ انہوں نے اپنے ملک میں تیار کردہ کار کے علاوہ کوئی اور کار خریدی ہو۔ ہمارے ہاں صرف انڈا دیسی چاہیے۔
انڈیا کی تقدیر تو ''سب کچھ دیسی میں بناؤ‘‘ کی رٹ سے ہٹ کر پی وی نرسیما راؤ اور منموہن سنگھ نے بدلی۔ پروفیسر جگدیش بھاگوتی کولمبیا یونیورسٹی میں پڑھاتے اور لکھتے رہے۔ انہوں نے اپنی اس بات پر زور دیا کہ جب تک بھارت عالمی کمپنیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کے لیے ترغیب نہیں دے گا اور اپنے سرمایہ کار کا تحفظ ختم کر کے ان کے مقابلے کے لیے تیار نہیں کرے گا‘ بھارتی معیشت جمود کا شکار رہے گی۔ دو ملکوں کی مثالیںآپ کے سامنے رکھی ہیں؛ چین اور بھارت۔ وہاں ریاست کی سمت کے فیصلے جاگیرداروں اور ان کے گماشتوں نے نہیں بلکہ دنیا کی بہترین درسگاہوں سے فارغ التحصیل معیشت‘ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدانوں کے دانشوروں نے کیے۔ ہمارے ہاں جس کے پاس پیسہ اور طاقت ہے وہ اپنے آپ کو مفکر‘ فلسفی اور نجانے کیا کچھ سمجھتا ہے۔ نوآبادیاتی دور کے بعد مختلف ممالک کی تقدیر صرف روشن خیال‘ مدبر اور بصیرت افروز قیادت نے ہی بدلی ہے۔ لوگوں کی بات ہم ایسے ہی کرتے ہیں‘ یہ تو وہاں بدل سکتے ہیں جہاں ووٹ کو عزت ملتی ہو۔ دیکھا نہیں کیسے امریکی عوام نے وسط مدتی انتخابات میں کر دکھایا! طاقتور سیاسی قومیں‘ لابیاں اور پیسہ ڈاکٹر عبدل السید کو ہرانے کے لیے سرگرم تھے۔ لوگوں کے ہاتھوں سے‘ جب ان کی تقدیر بدلنے کی طاقت ان سے چھین کر فرمانبرداروں کے حوالے کر دیں تو وہ پھر کیا کریں گے؟ نعرہ بازی پر گزارہ ہوگا اور ہمیں خاموش رکھنے پر۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...